... loading ...
جامشورو:وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج پٹارو کو قابل فخر ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کالج نے ہر میدان میں لیڈر پیدا کیے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری بھی سابق پیٹارین ہیں اور وہ دوسری مرتبہ صدر پاکستان منتخب ہوئے ہیں۔ وہ کیڈٹ کالج پٹارو کی 62 ویں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر، اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سکندر شورو، ملک سکندر خان، میجر جنرل شاہد ابڑو، کموڈور راشد، کمانڈر کراچی ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، بورڈ آف گورنرز کے ممبران، کمانڈر فیصل اقبال قاضی ایس آئی، کیڈٹ کالج پٹارو کے کمانڈنٹ اور پرنسپل؛ اسٹاف ممبران، والدین اور کیڈٹس نے شرکت کی۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے تیسری مرتبہ یوم والدین میں شرکت کو باعث خوشی قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری آنا چاہتے تھے لیکن ناگزیر وجوہات کی بنا پر وہ نہ آسکے اس لیے وہ ان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کیڈٹ کالج کی انتظامیہ کو تعلیمی معیار کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ تعلیمی ادارے کا معیار اس کے ماحول کی بہترین عکاسی کرتا ہے، انہوں نے سالانہ کالج رپورٹ پیش کرنے پر پرنسپل کو دلی مبارکباد پیش کی، وزیراعلی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد، فیڈرل بورڈ اور کیمبرج سسٹم کے ذریعے حاصل نتائج واقعی قابل تعریف ہیں، بہترین نتائج صرف لگن، محنت اور ذمہ داری کے مضبوط احساس کے ذریعے ہی ممکن ہیں۔
مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج پٹارو پاکستان کے بہترین تعلیمی ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی مجھے کیڈٹ کالج پٹارو نے متاثر کیا ہے، کیڈٹ کالج پٹارو پر مجھے فخر ہے، یہاں سے نوجوانوں نے پاکستان کو روشن کیا ہے۔ انہوں نے چھوٹی عمر میں بچے کیڈٹ کالج کے سپرد کرنے پر والدین کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کیڈٹ کالج پٹارو کیلئے 1.5 میگاواٹ کے سولر سسٹم کی فراہمی اور تمام ملازمین کیلیے دو ماہ کی تنخواہ کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس اور ہاسز کے نام لیے اور انہیں مبارکباد پیش کیا۔