... loading ...
کراچی:قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے سرکاری افسران سے تاریخی ریکوری کرلی گئی۔
زرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی کے مسلسل اجلاسوں کے نتیجے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں میں ملوث افسران و نجی افراد سے 62 کروڑ روپے کی ریکارڈ ریکوری کرکے رقم صوبائی حکومت کے خزانے میں جمع ہوگئی۔
پی اے سی میں مختلف محکموں کے گزشتہ برسوں کے مالی حسابات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی تھی، پی اے سی نے آڈٹ اعتراضات پر فیصلے کرکے رقوم کی ریکوری کرائی۔
ڈی جی آڈٹ سندھ نے ریکور کراِئی گئی رقم کی تفصیلات پی اے سی کو ارسال کردی ہیں جس کے مطابق مذکورہ رقم جولائی سے نومبر 2024 کے دوران سندھ حکومت کے خزانے میں جمع ہوئی۔
گزشتہ 5 سالہ دور میں سندھ اسمبلی کی پی اے سی نے اس عرصے میں صرف 5 لاکھ روپے ریکور کرائے تھے۔ نثار کھوڑو نے رواں سال سندھ اسمبلی کی پی اے سی کے ریکارڈ اجلاس کیے اور بے ضابطگیوں پر کارروائی سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں۔
چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں میں خورد برد برداشت نہیں کی جائے گی، جس جس محکمے میں مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوگی وہاں پی اے سی ایکشن لے گی۔