وجود

... loading ...

وجود

اسرائیلی وزیر اعظم کے ایک تیر سے کئی شکار

اتوار 11 اگست 2024 اسرائیلی وزیر اعظم کے ایک تیر سے کئی شکار

افتخار گیلانی

30 جولائی کی دوپہر کو حلف برداری کی تقریب کے بعد ایران کے نومنتخب اعتدال پسند صدر مسعود پیزشکیان نے جب تہران کے سعدآباد صدارتی کمپلیکس میں چارج سنبھالا تو اپنی پہلی میٹنگ میں ہی افسران کو بتا یا کہ مغرب کے ساتھ تعلقات کو استوار کرنا اور جوہری مذاکرات کی تجدید، ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ افسران کو روڈ میپ کا ایک خاکہ بنانے کی ہدایت دی۔ جولائی کے پہلے ہفتے میں ا ن کے انتخاب کے 26 دن بعد یعنی 28 جولائی کو سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ان کو عہدہ سنبھالنے کی منظوری دی تھی۔ وہ اس دوران ایرانی اسٹیبلشمنٹ کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ امریکی انتخابات سے قبل ہی مغرب کے ساتھ مکالمہ کی کوئی صورت نکلنی چاہئے ، جس سے عائد بین الاقوامی پابندیوں کو کسی حد تک نرم کئے جانے کا ایک روڑ میپ تیار ہو سکے ۔ ورنہ امریکی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کے جیتنے کے بعد اس کے امکان معدوم ہو جائینگے ۔ حلف برداری میں تقریباً سو سے زائد غیر ملکی مندوبین مدعو تھے ۔ اسی رات ان کی سرکاری ضیافت کا بھی انتظام تھا۔ اس ڈنر میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ، اسلامک جہاد کے لیڈر زیاد ال نخلہ اور حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم پر سبھی کی توجہ مرکوز تھی۔ اکثر ملکوں کے سربراہان یا وزرائے خارجہ امریکی سربراہی میں قطر اور مصر کی ثالثی میں ہونے والے اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات اور جنگ بندی کی شرائط کی جزئیات جاننے کیلئے بے تاب تھے ۔ ڈنر ختم ہونے کے بعد پیزشکیان، اپنے گھر پہنچ کر لیٹے ہی تھے کہ مقامی وقت کے مطابق رات کے ڈھائی بجے کے آس پاس ان کو جگا کر بتایا گیا کہ پاسداران انقلاب کے گیسٹ ہاوس ، جہاں ہنیہ مقیم تھے ، کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے ، جس کے نتیجے میں حماس کے سربراہ، اپنے باڈی گارڈ سمیت ہلاک ہو گئے ہیں۔ گو کہ اسرائیل نے سرکاری سطح پر اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ، مگر یہ طریقہ واردات اسرائیلی خفیہ ایجنسی کا ہی ہے ۔ اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے تہران میں ہنیہ پر حملہ کرکے ایک تیر سے کئی شکار کئے ہیں۔ایک تو امریکی ایما پر جنگ بندی مذاکرات کا بیڑا غرق کردیا، دوسرا ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری معاہدہ پر از سر نو مذاکرات کا راستہ فی الحال بند کردیا اور اسی کے ساتھ اپنے لئے اقتدار میں برقرار رہنے کا جوا ز بھی فراہم کردیا کیونکہ جس دن جنگ ختم ہو جائیگی، اسی روز نیتن یاہو کے اقتدار کا سورج بھی غروب ہو جائیگا۔ بین الاقوامی کرائسس گروپ کے امریکی پروگرام کے ایک سینئر مشیر برائن فنوکین کا خیال ہے کہ اگر مذاکرات پٹڑی پر سے نہ بھی اترے ، تب بھی ان کی راہ میںروڑے تو بچھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثیوں اور لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ معاملات طے نیز شام اور عراق میں امریکی فوجیوں پر حملوں کا تدارک کرنے کیلئے غزہ میں جنگ بندی امریکہ کیلئے اشد ضرور ی ہے ۔ مغربی ممالک بھی پیزشکیان کی حلف برداری اور جلد چارج لینے کے خواہش مند تھے ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ایران میں اعتدال پسندوں اور اصلاح پسندوں کی موجودگی اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے لیے ایک چیلنج تھی،کیونکہ مغرب کے ساتھ ایران کا دروازہ یا چھوٹا سا روشندان ہی کھلنا نیتن یاہو کی برداشت سے باہر تھا۔ اصلاح پسند دھڑے کے لیڈر ہونے کے علاوہ پیزشکیان کا پس منظر ایران کی متنوع نسلی روایت کی عکاسی کرتا ہے ۔ان کے والد ایک ایرانی آذربائیجانی ہیں، جب کہ ان کی ماں کا تعلق کرد برادری سے ہے ۔ ترک اور کرد ورثے کا یہ امتزاج انہیں دیگر ایرانی لیڈروں سے منفرد کرتا ہے ۔اکثریتی سنی کرد شہر میں دو فیصد آذری بولنے والی اقلیت کا حصہ ہونے کے باوجود، پیزشکیان ہمیشہ اپنی آذری ترک جڑوں کو فخر کے ساتھ بیان کرتے ہیں۔
مغربی ایشیا کی سیاست میں، جہاں امریکہ، عراق اور شام میں کرد مسلح گروہوں پر انحصار کرتا ہے ، نئے ایرانی صدر کی کرد جڑوں نے تزویراتی محاذ پر ایک دلچسپ صورت حا ل پیدا کردی ہے ۔گزشتہ سال ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی ایک نسلی کرد حقان فیدان کو وزیر خارجہ مقررکرکے امریکہ کے عسکری پیادوں میں دراڑیں ڈالنے کا کام کردیا تھا۔ اس ڈھٹائی کے حملے نے ایران کے پاسداران انقلاب (IRGC) کی سکیورٹی کی کمزوریوں کو بے نقاب کیا بلکہ اس کی سفارتی کوششوں کی نازک پوزیشن کو بھی واضح کردیا۔سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ہنیہ کے قتل کو ”اسلامی جمہوریہ کی سرزمین میں پیش آنے والا ایک تلخ اور مشکل واقعہ” قرار دیا۔ویسے تو مشرق وسطیٰ نے کئی بار اپنی سانسیں روکی ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس واقعے نے ایک سرخ لکیر عبور کر لی ہے جو ناگزیر فوجی ردعمل اور مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے ۔ اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل کے سابق نائب سربراہ اران اتزیون نے تبصرہ کیا کہ یہ قتل اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں کو پٹڑی سے اتارنے کی حکمت عملی ہو سکتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کسی نہ کسی طرح غزہ کی جنگ کا دائرہ وسیع کرکے امریکہ کو براہ راست اس میں شامل کرنے کے جنون میں ہے ۔کئی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تہران میں ہنیہ کو قتل کرنے کیلئے امریکہ کی کسی نہ کسی صورت میں رضامندی شامل ہو سکتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو، جب امریکہ کے دورہ پر تھے تو ان کا بتایا گیا کہ غزہ کارروائیوں کو جلد از جلد سمیٹ لیں اور چند سرکردہ رہنماؤں کا شکار کرنے کے بعد فتح کا اعلان کریں۔اس لیے اسرائیل اب حماس کے ملٹری چیف کے درپے ہے اور ان کی موت کے بعد تل ابیب ا ور یروشلم میں ایک بڑے جشن کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ یہ ایسا ہی جشن ہوگا، جیسا بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019میں پاکستان کی طرف سے جنگی طیارہ کو مار گرانے کے بعدائیر فورس کے پائلٹ ابھی نندن کی واپسی پر منایا تھا اور پوری قوم کو اس سحر میں مبتلا کیا وہ جنگ جیت چکے ہیں۔ امریکہ نے جنگ بندی کے منصوبہ کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا تھا، جس پر اب اسے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے ۔ پہلے مرحلے میں فوری اور جامع جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی اور فلسطینی قیدیوں کی ادلا بدلی۔ دوسرے مرحلے کا مقصدغزہ سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء ہے ۔
تیسرے مرحلے میں غزہ کے لیے ایک بڑے کثیر سالہ تعمیر نو کے منصوبے کا تصور کیا گیا تھا۔امریکی ادارے فلسطین کے مغربی کنارہ اور غزہ کی پٹی کو ملاکر ایک متحدہ اتھارٹی کے حوالے کرنے کیلئے پر تول رہے تھے ۔اس اتھارٹی کی سربراہی کیلئے متحدہ عرب امارات میں مقیم فلسطینی جلاوطن کروڑ پتی محمد یوسف دحلان اور ایک مقبول فلسطینی قیدی مروان برغوتی کے ناموں پر غور کیا جا رہا تھا، کیونکہ اسرائیل کا اصرار تھا کہ نئی فلسطینی حکومت میں حماس کا عمل و دخل نہیں ہونا چاہئے اور محمود عباس پر امریکہ کا بھروسہ اٹھ چکا ہے ۔ دحلان کے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور انہوں نے عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ ابراہم معاہدے کے خد و خال طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ برغوتی، قیدمیں ہونے کے باوجود، فلسطینیوں کے درمیان مزاحمت اور اتحاد کی علامت بن چکے ہیں۔ وہ فلسطین کے اندرحماس کے مخالف مانے جاتے ہیں۔ مگر چند سال قبل انہوں نے جیل میں حماس کے لیڈروں کے ساتھ ایک اشتراک پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اسرائیل ٹارگٹ کلنگ کی اپنی دیرینہ حکمت عملی کے لیے جانا جاتا ہے ۔بیروت سے یوروگوئے تک، ساؤ پالو، روم، پیرس وغیرہ ہر شہر میں اسرائیل کی مشہور سکیورٹی ایجنسیوں نے تقریبا 60 افران کو نشانہ بنایا ہے ۔ اس کا آغاز 1956 میں اومان، اردن میں ایک مصری ملٹری اتاشی صلاح مصطفی کے قتل سے شروع ہوا تھا، جس کو پارسل بم کے ذریعے ہلاک کیا گیا تھا۔ 1962میں جرمن شہر میونخ میں راکٹ سائنسدان ہینرکروگ کو موساد نے اس لئے اغوا اور قتل کیا کیونکہ وہ مصر کے میزائل پروگرام کیلئے کام کر رہے تھے ۔ ایسے ا ن گنت واقعات ہیں جن پر ایک پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے ۔
25 ستمبر 1997 کو، موساد کے ایجنٹوں نے نیتن یاہو اور ان کی سکیورٹی کابینہ کے حکم کے تحت حماس کے سیاسی بیور و کے سابق سربراہ خالد مشعل کو اردن میں قتل کرنے کی کوشش کی۔ یہ ایجنٹ کینیڈا کے جعلی پاسپورٹ پرسیاحوں کے بھیس اردن میں داخل ہوئے ۔ حماس کے دفتر باہر انہوں نے ڈیرا جمایا ہوا تھا۔ جونہی مشعل باہر نکل کر گاڑی کی طرف جا رہے تھے ، کہ ان کے بائیں کان کی طرف کسی آلہ کا رخ کرکے انہوں نے ایک بٹن دبا دیا۔ جس کا مشعل نے خود نوٹس ہی نہیں کیا۔ مگر ان کے ایک باڈی گارڈ نے یہ حرکت دیکھی اور پیچھا کر کے ان دونوں ایجنٹوں کو پکڑا۔ شام کو ہی مشعل کی طبیعت بگڑنے لگی۔ اسپتال میں معلوم ہوا کہ ان کے بدن میں زہر سرایت کر گیا ہے ۔ اردن کے شاہ حسین نے نیتن یاہو سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور گرفتار موساد کے ایجنٹوںکی حوالگی کے بدلے زہر کے تریاق کا مطالبہ کیا، نیتن یاہو نے تو پہلے انکار کردیا مگر جب شاہ حسین نے مشعل کی ممکنہ موت ہونے پر 1994 کے تاریخی امن معاہدہ کو منسوخ کرنے کی دھمکی دی، تو امریکی صدر بل کلنٹن کو کودنا پڑا اور موساد کے سربراہ، ڈینی یاٹوم کو خود تریاق لیکر اردن روانہ ہونا پڑا۔ مگر بتایا جاتا ہے کہ جب تک ڈینی یاٹوم اومان کے اسپتال پہنچ جاتا، تو اردنی ڈاکٹروں نے اس کا توڑ نکال دیا تھا۔ میں نے 2016میں دوحہ میں خالد مشعل کا انٹرویو کیا تھا۔ چونکہ وزیر اعظم مودی اسرائیل اور پھر فلسطین جانے کیلئے پر تول رہے تھے ، حماس کا دفتر مشعل کے موقف کو بھارتی میڈیا میں لانا چاہتا تھا۔ اس کیلئے پرنٹ میڈیا سے ڈی این اے اور الیکٹرانک میڈیا میں این ڈی ٹی وی کا انتخاب کیا گیا تھا۔ مگر کئی ماہ ملتوی ہوتے ہوتے آخر جولائی میں پیغام ملا کہ دوحہ پہنچ جائیں۔ اگلے روز علی الصبح ہوٹل سے روانہ ہوکر دن بھر ہمیںکبھی ایک جگہ تو پھر دوسری جگہ گھمایا گیا۔ ایک جگہ پر کاپی پن، ٹیپ ریکارڈر، فون وغیر ہ بھی رکھوائے گئے ۔ جب استفسار کیا،، تو بتایا گیا کہ” آپ کے اس انٹرویو کے بارے میں کافی افراد کو علم ہے ، کیونکہ اس انٹرویو کیلئے آپ لوگوں نے اپنے دفاتر سے اجازت لی ہوگی۔ اسلئے کسی بھی چیز میں کوئی ایسا آلہ ہوسکتا ہے ، جس سے اسرائیلی خفیہ ایجنسیاں مشعل کو ٹریس کرسکیں گی”۔سیاہ شیشوں والے گاڑی نے خاصا گھما کر آخر مغرب کی ساعت کے آس پاس ایسی جگہ پہنچا دیا، جہاں ہماری ملاقات خالد مشعل سے ہوئی اور ان کا انٹرویو لیا۔انٹرویو کے وقت انہوں نے ہی قلم ، کاپی اور ریکارڈنگ مہیا کرادی۔ حماس کے ذرائع کے مطابق خالد مشعل جتنے محتاط تھے ، اسماعیل ہانیہ اتنی احتیاط نہیں برتے تھے ۔ ان سے جب اصرار کیا جاتا، تو ان کا جواب ہوتا تھا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ اسماعیل ہانیہ کو کو فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے سفارتی چہرے کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ جو لوگ مذاکرات سے واقف ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک عملی نقطہ نظر رکھنے والے معتدل شخصیت کے حامل تھے ، مگر عسکری بازو پر ان کا اثر و رسوخ دیگر معتدل لیڈروں کے برعکس زیا دہ تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہانیہ کا قتل، صرف ایک رہنما کا قتل نہیں بلکہ امن عمل کے لیے ایک اسٹریٹجک دھچکا ہے ۔ امریکہ کی طرز پر اسرائیل کا ٹارگٹ کلنگ پروگرام اس کی کونٹر انسرجنسی ڈاکٹرائن کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے ۔ اس کی رو سے فوری نتیجہ حاصل کرنے کیلئے باغی راہنما کو ٹارگٹ کرکے اس کے گروپ کو تہس نہس کیا جاسکتا ہے ۔مگر برطانوی کاونٹر انسرجنسی ڈاکٹرائن اس کے برعکس ہے ۔ اس میں باغی گروپ کے لیڈر کے بجائے اس کے آس پاس کے معتمدین کو نشانہ بناکر، فنڈز اور اسلحے کی اسپلائی پر قد غن لگا کر کر اس کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔یہ خاصا صبر آزما نسخہ ہے ۔ مگر برطانیہ نے یہ دائوشمالی آئیرلینڈ سمیت مختلف بغاوتوں کو جڑ سے ختم کرنے میں استعمال کیا ہے ۔ ایک دہائی قبل تک بھارت بھی اسی ڈاکٹرئن پر عمل پیرا تھا۔ اس ڈاکٹرئن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ لیڈر کی ہلاکت کے بعد عسکری تنظیم کئی گروپوں میں بٹ جاتی ہے ۔ پہلے تو ایک سے واسطہ تھا ، اب کئی سے نپٹنا پڑتا ہے ۔ اس لئے بہتر ہے کہ اس کے لیڈر کو مارنے کے بجائے رام کیا جائے ۔ میزورم میں لال ڈنگا کو میز پر لانے کیلئے اسی طرح کی حکمت عملی اپنائی گئی تھی۔ یہ نسخہ شمال مشرقی ریاستوں میں اور 1970 کی دہائی میں شیخ محمد عبداللہ کو مذاکرات کی میز پر لا نے کیلئے استعمال کیا گیا۔
اسرائیل کی ٹارگٹ کلنگ کی تاریخ ایک ایسی کاونٹر انسرجنسی ڈاکٹرئن کے نظریے کی عکاسی کرتی ہے جو قیادت کو ختم کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔ لیکن یہ ڈاکٹرائن خطرات سے پر ہے ۔یہ طویل مدتی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے میںکسی صورت میں مدد گار ثابت نہیں ہوتی ہے ۔ کیونکہ آپ ایک تنظیم کو کمزور یا اس کا صفایا کرتے ہیں، مگر جن عوامل کی وجہ سے اس کا جنم ہو ا ہوتا ہے ، ان کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ہے ۔ پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل ڈھونڈا جائے ، نہ کہ ٹارگٹ کلنگ سے چند لمحوں کی واہ واہ لوٹی جائے ۔


متعلقہ خبریں


مضامین
کشمیری انصاف کے منتظر وجود اتوار 24 نومبر 2024
کشمیری انصاف کے منتظر

غموں کا پہاڑ وجود اتوار 24 نومبر 2024
غموں کا پہاڑ

منافقت کے پردے اور مصلحت کی دُکانیں وجود اتوار 24 نومبر 2024
منافقت کے پردے اور مصلحت کی دُکانیں

کیا امریکا کے دن گزر چکے ہیں؟ وجود اتوار 24 نومبر 2024
کیا امریکا کے دن گزر چکے ہیں؟

33سالوں میں909 کشمیری بچوں کی شہادت وجود هفته 23 نومبر 2024
33سالوں میں909 کشمیری بچوں کی شہادت

اشتہار

تجزیے
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ وجود بدھ 01 مئی 2024
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ وجود منگل 27 فروری 2024
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ

ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے! وجود هفته 24 فروری 2024
ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے!

اشتہار

دین و تاریخ
مجاہدہ، تزکیہ نفس کا ذریعہ وجود جمعه 22 نومبر 2024
مجاہدہ، تزکیہ نفس کا ذریعہ

حقیقتِ تصوف وجود جمعه 01 نومبر 2024
حقیقتِ تصوف

معلم انسانیت مربی خلائق وجود بدھ 25 ستمبر 2024
معلم انسانیت مربی خلائق
تہذیبی جنگ
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی وجود اتوار 19 نومبر 2023
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت

سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے وجود منگل 15 اگست 2023
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے
بھارت
بھارتی ایئر لائن کا طیارہ بم سے اڑانے کی دھمکی وجود جمعرات 22 اگست 2024
بھارتی ایئر لائن کا طیارہ بم سے اڑانے کی دھمکی

بھارت میں روزانہ 86 خواتین کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف وجود بدھ 21 اگست 2024
بھارت میں روزانہ 86 خواتین کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف

قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا وجود پیر 11 دسمبر 2023
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی وجود پیر 11 دسمبر 2023
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی
افغانستان
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے وجود بدھ 11 اکتوبر 2023
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے

افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں وجود اتوار 08 اکتوبر 2023
افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں

طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا وجود بدھ 23 اگست 2023
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا
شخصیات
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے وجود اتوار 04 فروری 2024
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے

عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے
ادبیات
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر وجود پیر 04 دسمبر 2023
سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر

مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر وجود پیر 25 ستمبر 2023
مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر