... loading ...
ریاض احمدچودھری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یوں توراشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پورے ہندستان اور انسانیت کی دشمن ہے لیکن اس کی اصل دشمنی مسلمانوں اور اسلام سے ہے۔ آر ایس ایس قائم ہی اسلام اور مسلمانوں کی دشمنی کی بنیاد پر ہوئی ہے۔ اس کا سارا لٹریچر اور اس کے لیڈروں کے بیانات اس بات کی پورے طورپر تصدیق کرتی ہے۔آر ایس ایس کو بھارت میں دائیں بازو کی انتہا پسند اور بنیاد پرست ہندو تنظیموں کی ماں کا درجہ حاصل ہے۔ اس تنظیم کی کوکھ سے شیو سینا، بجرنگ دل، وشوا ہندو پریشد اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے جنم لیا ہے۔ تقسیم ہند کے وقت ہی سے آر ایس ایس نے بھارت کو ہندو ریاست کا درجہ دلانے سے متعلق اپنی کوششیں بھرپور انداز سے شروع کردی تھیں۔ اس تنظیم کے سرکردہ ذہن ہمیشہ اس بات کے لیے کوشاں رہے ہیں کہ بھارت میں صرف اور صرف ہندو پسند ذہنیت پروان چڑھے اور اسلام پسند ذہنیت خاص طور پر ناکام ہو۔ دیگر اقلیتوں کے لیے بھی آر ایس ایس کا یہی ایجنڈا رہا ہے۔ ایک زمانے تک اِس نے صرف مسلمانوں کو نشانہ بنایا مگر اب یہ عیسائیوں، بدھ ازم کے پیرو کاروں اور سِکھوں کو بھی نشانے پر لیے ہوئے ہے۔
بھارت میں دائیں بازو کے سخت گیر ہندو نظریات کے حامل تقریباً دو درجن افراد نے ایک کھلا مکتوب وزیر اعظم نریندر مودی کے نام لکھا تھا۔ اس کا عنوان تھا، ”علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جامعہ ہمدرد جیسے حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والے اداروں میں ملک اور قوم کے مخالف نصاب طلبہ کو پڑھایا جاتا ہے”۔اس میں مزید لکھا گیا، ”ہم اس خط پر دستخط کرنے والے تمام، آپ کے نوٹس میں لانا چاہتے ہیں کہ حکومتی مالی اعانت سے چلنے والی مسلم یونیورسٹیوں جیسے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ہمدرد یونیورسٹی کے بعض شعبوں میں، ڈھٹائی سے اسلامی جہادی نصاب کی پیروی کی جا رہی ہے”۔
بھارت کی ہندو قوم پرست حکومت نے نصابی کتابوں سے بھارت کے پہلے وزیر تعلیم اور تحریک آزادی کے رہنما مولانا ابوالکلام آزاد کا نام بھی حذف کر دیا ہے۔ نئی نصابی کتابوں سے مغلیہ تاریخ پر اسباق پہلے ہی ختم کیے جا چکے ہیں۔اسی نصابی کتاب سے بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر کے مشروط الحاق سے متعلق حوالے بھی حذف کر دیے گئے ہیں۔مودی حکومت نے نصابی کتاب میں 2002 میں ہونے والے گجرات کے مسلم کش فسادات کا حوالہ نکال دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور ہندوؤں کی سخت گیر تنظیم آر ایس ایس پر عائد کی گئی پابندی کے اقتباسات کو بھی نصاب سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔این سی ای آر ٹی نے 12ویں جماعت کی تاریخ کی نصابی کتابوں سے مغلیہ سلطنت کے بعض ابواب کو ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مغلوں نے ہندوستان پر تقریبا ًچار سو برس تک حکومت کی اور بہت سے مورخ اس بات سے نالاں ہیں کہ آخر حکومت تاریخ کو کیوں مٹا رہی ہے۔
بھارت کی دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے غیرمنقسم ہندوستان کے لیے مشہور ملی نغمہ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا’ لکھنے والے، نظریہ پاکستان کے خالق، پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال سے متعلق مضمون کو بی اے کے نصاب سے نکال دیا گیا۔ علامہ اقبال سے متعلق مضمون بی اے کے چھٹے سمسٹر میں ‘ماڈرن انڈین پولیٹیکل تھاٹ’ کے عنوان سے باب کا حصہ ہے۔دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے حکام نے متفقہ رائے کے بعد قرارداد منظور کرتے ہوئے اس مضمون کو نصاب سے خارج کردیا، ان کا کہنا ہے کہ اب یہ معاملہ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے سامنے پیش کیا جائے گا جو حتمی فیصلہ کرے گی۔
پولیٹکل سائنس کے نصاب میں 11 یونٹس ہیں جن کا مقصد انفرادی مفکرین کے ذریعے اہم موضوعات کا مطالعہ کرنا ہے، ان میں سے ایک یونٹ ‘اقبال: کمیونٹی’ کے عنوان سے بھی موجود تھا۔نصاب میں یہ تبدیلی اسے جدید بنانے کی مہم کے سلسلے میں کی گئی ہے، تاہم دیگر مفکرین جن میں رام موہن رائے، پنڈتا رمابائی، سوامی وویکانند، مہاتما گاندھی اور بھیم راؤ امبیڈکر شامل ہیں، نصاب کا حصہ ہیں۔اس سے قبل بھارت میں مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں نصاب میں پڑھائے جانے والی پاکستانی اور مصری مصنفین کی کتابوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ممتاز عالم دین اور مصنف سید ابوالاعلیٰ مودودی اور مصری اسکالر اور مصنف سید قطب کی کتابیں بھارتی ریاست اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بی اے اور ایم اے کے طلبا کو شعبہ اسلامیات میں پڑھائی جاتی تھیں۔تاہم مودی حکومت کے حکم پر یونیورسٹی کی انتظامی کمیٹی نے اب نصاب سے دونوں علمائے دین کی کتابوں کو نکال دیا ۔
ہندو انتہا پسندوں کو اعتراض اس بات پر تھا کہ ان کتابوں کا موادجہادی ہے جو تشدد پر اکساتا ہے۔ اس پریونیورسٹی انتظامیہ نے انہیں چیلنج کیا کہ اگر وہ ایسا کوئی ایک جملہ بھی دکھا دیں جو تشدد پر آمادہ کرتا ہو، تو وہ ان کی بات تسلیم کر لیں گے تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔لیکن وائس چانسلر نے حکومتی دباؤ پر ان کتب کو نصاب سے نکال دیا۔ سیدمودودی اور سید قطب کی تعلیمات در اصل جمہوری اقدار پر مبنی ہیں، اوربعض ممالک کی اشرافیہ حکومتیں اسے پسند نہیں کرتیں، اس لیے انہوں نے ایسا کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔