... loading ...
ریاض احمدچودھری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترکیہ کے حالیہ زلزلے کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی گراں قدر خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایوان صدر ترکیہ(انقرہ) میں منعقدہ تقریب میں صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے الخدمت فاونڈیشن کو ترکی کا سب بڑا سماجی ایوارڈ “تمغہ حسن کارکردگی” سے نوازا گیا۔یہ اعزاز ، حالیہ ترک زلزلوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیم کی جانب سے ترکیہ میں ادا کی گئی گراں قدر خدمات اور غیر معمولی امدادی کاوشوں کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔اس سلسلے میں ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں خود ترک صدر رجب طیب ایردوان بھی موجود تھے۔الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ اعزاز اکرام الحق سبحانی نے وصول کیا ، جنہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی اس امدادی ٹیم کی قیادت کی تھی جو 6 فروری کے زلزلوں کے فوراً بعد ترکیہ اور شام میں ریسکیو کے سلسلے میں بھیجی گئی تھی۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے صدر ایردوان اور ترک بھائی بہنوں کا شکریہ ادا کیا ، اور یہ بھی واضح کیا گیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا واحد مقصد دنیا بھر میں پریشان حال یا مصیبت میں گھرے لوگوں کی مدد کرنا ہے اور ہمارا مطمعِ نظر اللّٰہ کی رضا کے علاوہ کچھ نہیں۔
حالیہ 6 فروری کے زلزلوں میں جہاں ترکیہ کو بڑی تعداد میں جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ، وہیں دنیا بھر سے مختلف ممالک نے ترکیہ کی بھرپور امداد بھی کی۔ مگر ان سرکاری امدادی سرگرمیوں کے علاوہ نجی فلاحی اداروں نے جو کاوشیں کیں، ان کی مثال ملنا مشکل ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ایسا ہی فلاحی ادارہ ہے جو ترکیہ زلزلے کے زخمیوں کی طبی امداد، ریسکیو، ملبہ ہٹانے سے لے کر رہائشی خیموں کی فراہمی تک ہر مرحلے میں پیش پیش رہا، الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیم 6 فروری زلزلوں کی تھوڑی دیر بعد ہی ترکیہ روانہ ہونے والی سب سے پہلی نجی بیرونی فلاحی تنظیم تھی۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جس کے زیر انتظام پاکستان کے کئی علاقوں میں فلاحی ادارے چلائے جا رہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کا قیام 1990 میں عمل میں آیا۔ الخدمت فاونڈیشن پاکستان اس وقت سات شعبہ جات میں کام کر رہی ہے۔ ان شعبہ جات میں تعلیم، صحت ، کفالت یتامٰی، صاف پانی ، مواخات (بلا سود قرضوں کی فراہمی) ، سماجی خدمات اور آفات سے بچاؤ کے شعبہ جات شامل ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پہلے جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ خدمت کے نام سے جانی جاتی تھی جسے 1990ء میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے طور پر رجسٹر کرایا گیا۔
الخدمت فاونڈیشن وطن عزیز کی سب سے بڑی غیر حکومتی فلاحی تنظیم ہے۔ یوں تو الخدمت فاونڈیشن نے قیام پاکستان کے وقت امداد مہاجرین کے کٹھن کام سے اپنے کار خیر کا آغاز کر دیا تھا مگر غیر حکومتی فلاحی تنظیم کے طور پر اسے سن نوے میں رجسٹر کیا گیا۔ اس تنظیم کے پیش نظر کار ہائے خیر میں سب سے نمایاں وقت آفات میں رضاکارانہ سرگرمیاں ہیں۔ الخدمت فاونڈیشن اس وقت پاکستان کے 150اضلاع میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے ماہ رمضان کے دوران بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔ اس حوالے سے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں محفوظ ماں، محفوظ خاندان پراجیکٹ کے تحت اب تک 28ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو رجسٹر کیا جا چکا ہے جبکہ 1600 سے زائد نارمل ڈیلیوریز ہوچکی ہیں۔ الخدمت کے میڈیکل کیمپس اور فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے اب تک قریبا ساڑھے نو لاکھ مریض مستفید ہوچکے جبکہ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کوعلاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب کے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو کا کام جاری ہے۔ جس میں ہزاروں مکانات کی تعمیر و مرمت، اور6 سو سکولوں، مدارس اور مساجد کی تعمیر و مرمت کا عمل، 4 سے 12سال تک کے ہزاروں یتیم بچوں کی مستقل کفالت کا بندوبست اور پینے کیصاف پانی کی فراہمی شامل ہے۔جبکہ چھوٹے کسانوں کو گندم کی بوائی کے لیے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جو اْن کسانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔ الخدمت فاونڈیشن نے چھ ارب روپے سے زائد تک کی متاثرین کی خدمت کا کام کیاہے۔ قوم جلسہ جلسہ کھیلنے والوں کو جانتی ہے۔ سیاسی جماعتیں متاثرین سیلاب کو نظر انداز کرکے محض اپنی سیاست کے لیے جلسے منعقد کرکے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہیں۔ انہیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ کرپشن اور بے حسی کے اس ماحول سے عوام مایوس ہیں۔ انہیں ان کے حقوق نہیں مل رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کی غلامی نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔مسئلہ کشمیر سے پہلو تہی اختیار کی جارہی ہے۔ ملک اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے۔ الخدمت فاونڈیشن غریب اور نادار لوگوں کی فلاح و بہبود کا کام بلا تقریق رنگ و نسل کر رہی ہے۔شہر میں غریبوں اور مستحقین کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے والے پروجیکٹس کو مزید توسیع دینے کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور اپنے وسائل کے مطابق اقدامات کر رہی ہے جس کا بنیادی مقصد عوامی فلاح و بہبود ہے ۔
مخلوق خدا کی خدمت عظم کام اور افضل عبادت ہے۔ ہم اس کارخیر میں حصہ لینے والے تمام ٹیم ممبرز اور معاونین الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی بابرکت زندگی کے لیے دعا گو ہیں۔
٭٭٭