... loading ...
دوستو،دنیا میں اس وقت لگ بھگ دوسوسے زائد ممالک ہیں، ان میں سے ایک ملک ایسا بھی ہے جو،روس سے دس گنا چھوٹا ہے لیکن جس کا نہری نظام روس کے نہری نظام سے تین گنا بڑا ہے، یہ ملک دنیا میں مٹر کی پیداوار کے لحاظ سے دوسرے، خوبانی، کپاس اور گنے کی پیداوار کے لحاظ سے چوتھے، پیاز اور دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے پانچویں، کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے چھٹے، آم کی پیداوار کے لحاظ سے ساتویں،
چاول کی پیداوار کے لحاظ سے آٹھویں، گندم کی پیداوار کے لحاظ سے ساتویں اور مالٹے اور کینو کی پیداوار کے لحاظ سے دسویں نمبر پرہے۔ یہ ملک مجموعی زرعی پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں 25 ویں نمبر پرہے۔اس کی صرف گندم کی پیداوار پورے براعظم افریقہ کی پیداوار سے زائد اور براعظم جنوبی امریکا کی پیداوار کے برابر ہے۔یہ ملک دنیا میں صنعتی پیداوار کے لحاظ سے 55 نمبر پر ہے۔کوئلے کے ذخائر کے اعتبار سے چوتھے اور تانبے کے ذخائر کے اعتبار سے ساتویں نمبر پر ہے۔سی این جی کے استعمال میں اول نمبر پرہے۔اس ملک کے گیس کے ذخائر ایشیا میں چھٹے نمبر پر ہیں اور۔۔یہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے۔۔۔ لیکن سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ۔۔ یہ ملک نااہلوں، ایمان اور ملک فروشوں اور لوٹوں لٹیروں کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے۔۔۔اور اس ملک کا نام ہے۔۔’’پاکستان‘‘۔۔یہاںکے لوگ کسی نیک، ایماندار اور صالح قیادت کو منتخب کرنے کی بجائے، بار بار کرپٹ اور دھوکے باز سیاستدانوں کو ہی ووٹ دیتے ہیں۔یہاں گزشتہ 40 سال سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔۔لیکن لوگ بھوکے رہ کر بھی انہی کرپٹ خاندانوں، سیاستدانوں اور ان کی پارٹی کو ووٹ دے رہے ہیں۔۔تو چلیے جو حالات چل رہے ہیں اسی حوالے سے کچھ دلچسپ کہانیاں آپ کو سناتے ہیں۔۔
کہتے ہیں فرانس سے آزادی کے بعد کانگو میں فرانس نے اپنا سفیر تعینات کیا۔ ایک دن فرانسیسی سفیر شکار کی تلاش میں کانگو کے جنگلات میں نکل گیا۔ چلتے چلتے فرانسیسی سفیر کو دور سے کچھ لوگ نظر آئے۔ وہ سمجھا شاید اس کے استقبال کے لیے کھڑے ہیں۔ قریب پہنچا تو معلوم ہوا کہ یہ ایک آدم خور قبیلہ ہے۔۔ چنانچہ فرانسیسی سفیر کو پکڑ کر انہوں نے ذبح کیا، اسکی کڑاہی بنائی اور جنگل میں منگل کر دیا۔فرانس اس واقعے پر سخت برہم ہوا اور کانگو سے مطالبہ کیا کہ سفیر کے ورثاء کو کئی ملین ڈالر خون بہا ادا کیا جائے۔ کانگو کی حکومت سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔ خزانہ خالی تھا۔ ملک میں غربت و قحط سالی تھی۔ بہرحال کافی غوروخوض کے بعد کانگو کی حکومت نے فرانس کو ایک خط لکھا جس کا متن کچھ یوں تھا کہ ۔۔۔کانگو کی حکومت محترم سفیر کے ساتھ پیش آئے واقعے پر سخت نادم ہے۔ چونکہ ہمارا ملک خون بہا ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا، لہذا غور و فکر کے بعد ہم آپ کے سامنے یہ تجویز رکھتے ہیں کہ ہمارا جو سفیر آپ کے پاس ہے، آپ بدلے میں اسے کھا لیں۔ شکریہ۔۔۔اس واقعے میں کتنی صداقت ہے؟؟ یہ تو نہیں معلوم، لیکن پاکستانی عوام کے لیے ایک سبق ضرور ہے اور وہ یہ کہ انہیں آئی ایم ایف کو ایک خط لکھنا چاہیے جس کا مضمون کچھ یوں ہوکہ۔۔پچھلے ستر سالوں میں ہماری حکومتوں نے جو قرضے لیے ہیں، کم و بیش سارے کے سارے، ہماری اشرافیہ اور سیاست دانوں، کے ذاتی اکاؤنٹس میں آپ ہی کے بینکوں میں پڑے ہیں، لہذا تجویز ہے کہ ہماری اشرافیہ کے بنک بیلنس اور اثاثے جو آپ ہی کے ممالک میں ہیں، اپنے قرض کے بدلے آپ ان سب کو کھا لیں۔ شکریہ۔۔
چلیں ایک کہانی اور سن لیں، اگر سن رکھی ہے تو پھر آرام سے بیٹھیں اوروں کو سننے دیں۔۔ایک ملک میں قحط پڑ جاتا ہے اور خزانہ بھی خالی۔بادشاہ مشورہ مانگتا ہے کہ کیا کرنا چاہیے تو ایک وزیر کہتا ہے کہ ملک میں داخلے پر جو پل ہے اس پر ٹول ٹیکس لگا دیں ۔بادشاہ کہتا ہے کہ لوگ تنگ ہوں گے ۔وزیر کہتا ہے کہ ان کی فکر مت کریں۔یوں پانچ روپے ٹیکس لگا دیا جاتا ہے۔کچھ عرصے بعد جب خزانہ کچھ سنبھل جاتا ہے تو بادشاہ کہتا ہے کہ لوگ تنگ تو نہیں؟ وزیر کہتا ہے کہ انہیں چھوڑیں ۔بادشاہ کو تھوڑا غصہ آتا ہے کہ یہ کیسی قوم ہے۔کہتا ہے کہ ٹیکس دگنا کر دیا جائے۔لو جی کچھ عرصے بعد پھر بادشاہ پوچھتا ہے کہ کیا کوئی تنگ تو نہیں؟ جواب ملتا ہے کہ نہیں بادشاہ کو اور غصہ آتا ہے تو کہتا ہے کہ وہاں بندے کھڑے کرو اور جو ملک میں داخل ہو اس سے ٹیکس بھی لو اور دس کوڑے بھی لگاؤ۔لو جی کام شروع۔کچھ عرصہ بعد بادشاہ پھر پوچھتا ہے کہ کوئی شکایت؟ جواب ملتا ہے کہ نہیں۔۔بادشاہ کہتا ہے کہ تم جھوٹ بولتے ہو میں خود کھلی کچہری لگاؤں گا۔کھلی کچہری لگ جاتی ہے تو بادشاہ پوچھتا ہے کہ کوئی شکایت ہو تو بتائی جائے۔ایک فرد کھڑا ہوتا ہے اور کہتا ہے کہ بادشاہ سلامت ، کوڑے مارنے والے بندے کچھ زیادہ کر دیں لمبی لائن لگ جاتی ہے ٹول پلازہ پر۔۔یہ مثال ہمارے حالات بڑی فٹ آتی ہے۔ہمارے ساتھ کوئی کچھ بھی کر جائے ہم نے گونگے بہرے بن کر رہنا ہے۔اگر عمران خان کی حکومت میں مہنگائی پر بولو تو پٹواری ہونے یا فتویٰ لگتا تھا، موجودہ حکومت میں مہنگائی پر احتجاج کرو تو یوتھیا ہونے کا طعنہ ماراجاتا ہے۔
جب پٹرول اضافے کی سمری وزیراعظم صاحب کے سامنے پیش کی گئی تو وزیراعظم نے زاروقطار رونا شروع کردیا۔وزیراعظم کی ہچکی بندھ گئی۔رو رو کے وزیراعظم کی آنکھیں لال ہو گئیں۔اپنی خادم اعلیٰ والی وردی کے کفوں سے بار بار آنکھیں پونچھنے کی وجہ سے کف مکمل بھیگ گئے۔مصدق ملک بھاگ کر گئے اور ٹشو کا ڈبہ اٹھا لائے۔میں ٹشو نکال نکال کے وزیراعظم کو دیتے رہے اتنا روئے اتنا روئے کے ٹشو کا ڈبہ بھی خالی ہوگیا۔مفتاع صاحب وزیراعظم کا ہاتھ پکڑ کر دستخط کروانے لگے تو ہاتھ پیچھے کھینچ لیا۔۔ ضد کرنے لگے کہ کسی صورت دستخط نہیں کرونگا اپنی عوام پر بوجھ نہیں ڈالوں گا۔مفتاع نے دوبارہ ہاتھ پکڑنے کی کوشش کی تو اٹھ کر بھاگ نکلے۔مصدق ملک،مفتاع،خرم دستگیر اور میں پیچھے بھاگے۔محبوب لیڈر وزیراعظم ہاؤس کی راہداریوں میں بھاگ رہے تھے اور روتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ سمری پر دستخط نہیں کرونگا۔بڑی مشکل سے پکڑا تو مفتاح نے کھینچ کر لگائی اور کہا (شوبازیاں چھڈ تے دستخط کر، آئی ایم ایف نے قرضہ نہ دتا تے ،دھیلے دی کرپشن کیویں کریں گا؟) تب جا کہ وزیراعظم نے دستخط کیے۔۔مریم اورنگزیب کی کتاب’’پکھا میرے ول کر دیو‘‘سے اقتباس۔۔نوٹ: یہ واٹس ایپ پر موصول ہواتھا، اچھا لگا تو آپ لوگوں سے شیئر کردیا، پٹواری حضرات دل پہ نہ لیں تو مناسب ہوگا۔۔
چاچا شکور نے ووٹ ڈالنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ آگے بڑھایا اور پوچھا کہ کیا میری بیگم ووٹ ڈال گئی ہے؟ایجنٹ نے لسٹ چیک کرکے بتایا کہ ہاں جی وہ ووٹ کاسٹ کر گئی ہیں۔چاچا شکورے نے ایک آہ بھری اور کہا کہ کاش چند منٹ پہلے آجاتا تو ملاقات ہو جاتی۔ایجنٹ نے افسوس کا اظہار کیا اورپوچھنے لگاکہ۔۔۔کیا کافی عرصہ سے ناراضگی چل رہی ہے شاید؟۔۔چاچاشکور نے جواب دیا کہ نہیں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔۔دراصل اسے فوت ہوئے پورے 15 سال ہو چکے ہیں مگر وہ ہر دفعہ ووٹ باقاعدگی سے کاسٹ کرنے آتی ہے۔۔واقعہ کی دُم: حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ووٹنگ کافیصلہ منسوخ کردیا ہے اب وہی پرانے طریقے سے ووٹ ڈالے جائیں گے۔۔
اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔وہ وقت دور نہیں جب بیگم آپ سے کہے گی،آپ تانگہ نکالیں میں تیار ہوکرآتی ہوں۔۔خوش رہیں اور خوشیاںبانٹیں۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔