... loading ...
برطانوی جریدے نے کہا ہے کہ سری لنکا کا دیوالیہ ہونا بہت سے غریب ممالک کے دیوالیہ ہونے کی جانب پہلا قدم ہوسکتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بلند شرح سود غریب ممالک کی مالیات کو متاثر کرتی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ غریب ممالک کے کل قرضوں کا تقریبا ایک تہائی سود پر مشتمل ہے۔ مالیاتی مشکلات اور افراط زر کا دباؤ حکومتوں کو ختم کرنے کے ساتھ معیشت کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور تیونس میں خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں بےامنی کو ہوا دے رہی ہیں۔ امریکا کو بھی اس بار کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ جریدے کے مطابق یورپ کو بھی توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ متعدد درمیانی آمدنی والے ممالک کو مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔ چین میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ہے۔ ارجنٹائن غیرمستحکم قرضوں کے بوجھ تلے لڑکھڑا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق غریب ممالک کو ہنگامی امداد فراہم کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔ جیو پولیٹیکل تنازع غریب دنیا کے معاشی مسائل کو مزید بدتر اور حل کرنا مشکل بنا رہا ہے۔