... loading ...
بھارت میں ایک خاتون نے اپنی موت کے 13 سال بعد 41 سال پرانا کیس جیت لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مرزا پور کے سول جج نے کورٹ کی فیس مبلغ 312 روپے کی ادائیگی سے متعلق کیس میں بھارتی خاتون کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ 41 سال بعد اپنے حق میں فیصلہ سننے کے لیے گنگا دیوی عدالت میں موجود نہیں تھیں کیوں کہ وہ 2005 میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔بھارتی خاتون پر 1975 میں جائیداد کے معاملے پر ضلع مرزا پور کی مجسٹریٹ میں ایک اعتراض لگایا گیا تھا جسے خاتون نے 1977 میں جیت لیا تھا تاہم کورٹ فیس 312 روپے کی ادائی پر ایک اور تنازع کھڑا ہو گیا اور عدالت نے کورٹ فیس کی ادائی تک فیصلے کی کاپی دینے سے انکار کردیا۔
گنگا دیوی کا موقف تھا کہ وہ کورٹ فیس ادا کرچکی ہیں تاہم اس کی رسید کہیں گم ہو گئی ہے لیکن عدالت نے یہ عذر ماننے سے انکار کردیا جس پر خاتون نے فیس کی دوبارہ ادائی کے بجائے ایک بار پھر قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا۔کیس پر 41 برسوں میں بھی کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تاہم مزار پور کے سول جج نے کیس کو نمٹاتے ہوئے فیصلہ بھارتی خاتون گنگا دیوی کے حق میں دے دیا اور عدالت کو پرانے کیس کے فیصلے کی کاپی دینے کا حکم دیا تاہم خاتون اپنے پرانے کیس کے فیصلے کی کاپی اب کبھی نہیں وصول کرسکیں گی کیوں کہ وہ 2005 میں انتقال کر گئی تھیں۔