... loading ...
والدین بچوں کے لیے ہر چند ماہ بعد کپڑوں کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں۔ ایک جانب تو اس میں وقت ضائع ہوتا ہے تو دوسری جانب مہنگے کپڑے خریدنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
چھوٹے بچوں کے کپڑے 2مرتبہ دھلنے کے بعد انہیں نہیں آتے کیونکہ چھوٹے بچے بہت تیزی سے بڑھتے ہیں لیکن اب پیٹٹ پلی نامی ایک کمپنی نے ایسا اسمارٹ لباس بنایا ہے جسے ایک مرتبہ خریدنے کے بعد دو سال تک بچوں کے لیے دوسرا لباس خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔پیٹٹ پلی کے مطابق پیدائش کے2 سال تک بچے 7 مرتبہ جسامت بڑھاتے ہیں اور ان کے لیے 7 مرتبہ کپڑے خریدنے پڑتے ہیں۔ اس کمپنی نے جو لباس بنایا ہے وہ 4 سے 36 ماہ تک کے بچوں کے لیے فٹ بیٹھتا ہے۔
کمپنی کے سربراہ ریان ماریو یاسین پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں اور انہوں نے کہا کہ بچے کو بار بار نیا سائز پہنا کر ہم زمین کے وسائل خرچ کر رہے ہیں اور دوسری جانب آبادی اس پر بڑی رقم خرچ کرتی ہے۔ ان کا تیار کردہ لباس واٹر پروف، ہوا پروف، پائیدار اور بار بار دھونے کے قابل ہے۔اس لباس کے اندر خاص لچکدار مٹیریل شامل کیا گیا ہے اور جب انہیں کھینچا جاتا ہے تو کپڑا پتلا ہونے کی بجائے موٹا ہو جاتا ہے اور یہ خاصیت بلٹ پروف لباسوں میں پائی جاتی ہے۔ اس ایجاد کو برطانیہ میں جیمز ڈائسن ایوارڈ دیا گیا ہے اور اب سالانہ ڈیزائن مقابلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی اپنی مصنوعات کو مارکیٹ میں لانا چاہتی ہے خواہ وہ مقابلہ جیتے یا ہارے۔ اگلے مرحلے میں لباس کو مزید خوبصورت، آرام دہ اور دیدہ زیب بنایا جائے گا۔ اس طرح امید ہے کہ شیر خوار بچوں کے لیے بار بار کپڑے خریدنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔