... loading ...
چھوٹے ہتھیار بنانے والی ایک امریکی کمپنی ’’ٹریل بلیزر فائر آرمز‘‘ نے سات سال محنت کے بعد ایسی پستول تیار کر لی ہے جسے تہہ کر کے بٹوے کے اندر بھی رکھا جا سکتا ہے کیونکہ اس کی جسامت ایک کریڈٹ کارڈ سے کچھ زیادہ نہیں ہوتی۔’’لائف کارڈ پوائنٹ 22 ایل آر‘‘ نامی یہ پستول صرف 198 گرام وزنی ہے جب کہ تہہ ہونے کے بعد اس کی لمبائی صرف 8.6 سینٹی میٹر، چوڑائی 5.6 سینٹی میٹر اور موٹائی محض 1.27 سینٹی میٹر رہ جاتی ہے۔ اپنی اسی مختصر جسامت کی وجہ سے یہ پستول چھوٹے بٹوے میں بھی آسانی سے سما جاتی ہے۔ اس کے اندر 0.22 کیلیبر والی 5 گولیاں بھی بھری جا سکتی ہیں ۔البتہ کھلنے کے بعد یہ اتنی بڑی ہوجاتی ہے کہ ایک پستول کی مانند آرام سے ہاتھ میں آجاتی ہے۔ امریکا میں اس کی فروخت 15 اگست 2017 سے شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ اس کی قیمت 399 ڈالر (تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔ٹریل بلیزر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنی مختصر جسامت کے باعث یہ پستول خواتین کے پرس میں میک اپ کے سامان کے ساتھ اس طرح رکھی جا سکتی ہے کہ کسی کو بھی اس کے پستول ہونے پر شبہ تک نہیں ہو گا۔ تاہم کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس کا مقصد تحفظ فراہم کرنا ہے اور اس کے غلط استعمال کی ذمہ داری کمپنی پر عائد نہ کی جائے۔ترجمان کے مطابق پستول کی تیاری میں سات سال کا عرصہ اس لیے لگ گیا کیونکہ اس کی نال، میگزین اور دستے میں فولاد کو بڑی مہارت اور انتہائی نفاست کے ساتھ یکجا کرنا مقصود تھا جبکہ جسامت بھی کم سے کم رکھنا تھی، جس میں اتنا طویل وقت لگ گیا۔