... loading ...
لاہور ایک مرتبہ پھر دھماکوں سے گونج اُٹھا اور حسب سابق طالبان نے اس کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ان دھماکوں میں بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے 26افرادجاں بحق 50سے زائدزخمی ہوئے ان میں 30 سے زائد افراد ایسے ہیں جو شدید زخمی ہیں یوں تو بدامنی کی لہر دنیا کے تقریباً ہر حصہ میں موجود ہے لیکن پاکستان ان دہشت گردوں کا خصوصی نشانہ ہے اب یہ دھماکہ کس نے کئے اس تحقیق کا باب طالبان کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنے کے بعد بند ہو گیا لیکن کیا فی الواقع یہ دھماکہ طالبان نے کئے ہیں یا کوئی ایسا گروہ موجود ہے جو تحقیق کا باب بند کرنے کے لیے طالبان کا نام استعمال کر رہا ہے اطلاعات ہیں کہ وفاقی وزارت داخلہ نے کئی دن قبل اس حوالے سے ریڈالرٹ جاری کیا تھا لیکن حکمرانوں کی بے حسی اور صرف اپنی جان کو مقدم سمجھنا ان دھماکوں کی بنیادی وجہ بن گیا جس مقام پر یہ دھماکہ ہوا وہ ناتو غیرمحفوظ علاقہ ہے نہ ہی ایسا علاقہ کے جہاں تنگ گلیوں میں فرار ہونا آسان ہو پھر یہ بھی شنید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب جو خود کو خادم نہیں خادم اعلیٰ کہلانا پسند کرتے ہیں بھی قریب ہی ایک میٹنگ میں موجود تھے دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کی بڑی تعداد کا تعلق محکمہ پولیس سے ہے اور سبب اس کا یہ بتایا جاتا ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود پولیس اہلکار بڑی تعداد میں ایک ہی مقام پر جمع تھے اب سوال یہ ہے کہ ان میں سے کتنے اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تھے اور کتنے اہلکار وزیراعلیٰ کی حفاظتی دستہ میں شامل تھے جو کچھ بھی ہو لیکن پولیس اپنے قابل اہلکاروں سے محروم ضرور ہوئی ہے ۔
اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں تو ایک امر کھل کر سامنے آتا ہے کہ ایک تو کھلا دشمن ہے لیکن بڑی تعداد میں آستین کے سانپ بھی موجود ہیں اور اصل خطرہ بھی انہیں آستین کے سانپوں سے ہے پھر دوستی کا معاملہ بھی ہے کہ ایک دوست کے مشکل وقت میں دوسرا اس کے کام نہیں آ پا رہا کہ اس کے اپنے سر پر جو آفت مسلط ہے اس کا نام چین ہے چین اور بھارت کے درمیان ڈوکلام کا تنازعہ نیا نہیں ہے پھر چین نے خطہ میں بھارت کی بالادستی کو بھی چیلنج کرنا شروع کیا ہے بھارت نے سارک ممالک کو اپنا طفیلی بنا رکھا تھا جن میں نیپال،بھوٹان،مالدیپ،بنگلہ دیش اور سری لنکا بھارت کا خصوصی نشانہ تھے چین نے نیپال ،بھوٹان،مالدیپ،بنگلہ دیش اور سری لنکا میں سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع کیا ہے پاکستان کے تعلقات تو چین سے 70 سال پرانے ہیں اور جن کی گہرائی بحرالکاہل سے زیادہ اور ہمالیہ سے اونچی ہے چین نے نیپال میں سرمایہ کاری کے ذریعہ نیپالی حکمرانوں کو ایک راستہ دکھایا ہے کہ وہ بھارت کے چنگل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں اسی طرح مالدیپ سے ایک جزیرہ لیز پر لیکر وہاں بھی اپنے کاروباری سلسلہ شروع کیا ہے بنگلہ دیش سے چٹاگانگ(چاٹ گام)کی بندرگاہ کے معاملے میں بات چیت کا سلسلہ شروع کیا ہے بھوٹان میں بھی سرمایہ کاری کی گفتگوشنید جاری ہے اسی طرح سری لنکا میں بھی ہٹموبولا کی بندرگاہ کی بابت بھی سری لنکن حکومت سے معاملات ہو رہے ہیں اس طرح بحرہند ،بحرعرب اور خلیج بنگال میں چین کا اثرورسوخ بڑھ رہا ہے بھارت جو اس علاقہ کا تھانیدار بننا چاہتا ہے وہ چین کے اس بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو برداشت کرنے کو تیار نہیں ۔بھارت چین کے اس اثرورسوخ کو اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے اور اس کے حکمرانوں کو خواب میں بھی چین سے جنگ کے خوفناک سپنے پریشان کئے رہتے ہیں ۔
ہندی زبان کی کہاوت ہے بغل میں چھری منہ پے رام رام ۔مطلب واضح ہے کہ زبان اور دل کبھی بھی یکجانہیں ہوتے ۔کہو کچھ کروکچھ اور اپنی اس فطرت کو وہ سب پر نافذ بھی کرنا چاہتا ہے چین کے معاملات اگر ان ممالک میں ترقی اور خوشحالی لانے کا باعث بنتے ہیں تو بھارت کو اس سے کیا نقصان ہو سکتا ہے اور اس میں بھارت کے گھیراو¿ کا خواب کہاں سے داخل ہوا یہ تو بھارتی حکمران اور بھارتی میڈیا ہی بتا سکتا ہے کہ وہ دلوں کے حال بھی جاننے لگے ہیں ورنہ انسان اپنے دل کا حال بھی پوری طرح نہیں جانتا ورنہ ہر شخص ہارٹ اٹیک سے پہلے حفاظتی انتظام نہ کرلیتا۔
بھارتی میڈیا کو گوادر میں چین کی موجودگی کسی طور برداشت نہیں ہے اور بغیر کسی ثبوت اور گواہی کے بھارتی میڈیا کا پورا زور ہے کہ گوادر کی بندرگاہ کو چین تجارتی نہیں فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرے گا اسی طرح سے بنگلہ دیش ،بھوٹان،نیپال ،مالدیپ اور سری لنکا سے چین کے تعلقات بھارت کو کسی طور برداشت نہیں ہو رہے اور وہ انہیںبھارت کے خلاف استعمال کرے گا بھارت نے ان تمام ممالک کو عملاً یرغمال بنایا ہوا ہے نیپال اوربھوٹان کے ساتھ سمندر نہ ہونے کا ایک ایسا مسئلہ ہے کہ جس کے حل کے لیے وہ بھارت کے زیراثر ہیں لیکن چین کی جانب سے ان ممالک میں دلچسپی کے مظاہرے نے ان ممالک کی یہ مجبوری کافی حد تک کم کر دی ہے ان ممالک کے لیے بمبئی کی بندرگاہ اور بیجنگ کی بندرگاہ یکساں حیثیت رکھتی ہے بلکہ بھارت میں موجود علیحدگی کی تحریکوں کے نتیجہ میں جن میں میزورام ،آسام،ناگالینڈ،اتران چل پردیش،تامل ناڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں اور بمبئی سے نیپال اور بھوٹان جانے کے لیے ان علاقوں سے گزرنا ضروری ہے جہاں حالات کے خراب ہونے کا ہروقت خطرہ موجود رہتا ہے جس کے نتیجہ میں مال وتجارت کے خراب ہونے اور لٹ جانے کے بڑے امکانات موجود ہیں جبکہ نیپال اور بھوٹان سے بیجنگ تک پہنچنا ان خطرات سے محفوظ ہے پھر چین ان ممالک میں ناتو اپنی ثقافت کی دراندازی کر رہا ہے نا ہی ان پر تھانیدار بننے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے اسی طرح سے چین کی اکثریت بدھ مذہب کے ماننے والوں کی ہے اور نیپال اور بھوٹان کی آبادی بھی بدھ مذہب سے تعلق رکھتی ہے جبکہ بدھ مذہب اور ہندو ازم میں بہت فرق ہے مہاتما بدھ نے امن وآشتی کا درس دیا ہے جبکہ ہندومت میں دیگر مذاہب کو برداشت کرنے کا کوئی عنصر موجود نہیں ہے جس کی مثال ہندوستان کے آزادی کے بعد ہندوستان میں ہونے والے مذہبی فسادات ہیںہندوستان میں ناصرف دوسری بڑی آبادی مسلمانوں کے خلاف واضح نفرت پائی جاتی ہے بلکہ عیسائی ،سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے بارے میں بھی ہندوو¿ں کے جذبات واضح ہیں جس کا اندازہ گزشتہ70 سال کے دوران ہونے والے 40 ہزار سے زائد فسادات سے لگایا جا سکتا ہے ہندوو¿ں کا ایک فلسفہ ہے کہ ہندوستان صرف ہندوو¿ں کے لیے ہے یہاں رہنا ہے تو ہندو بن کر رہنا ہو گا اور اس کے لیے انتہا پسند ہندو جماعتوں نے ایک مہم شروع کر رکھی ہے جس میں دیگرمذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو ہندو بنایا جاتا ہے اور اس مہم کا نام انہوں نے گھرواپسی مہم رکھا ہے ہندوو¿ں کا دعویٰ ہے کہ ہندوستان میں بسنے والے تمام انسان ہندو تھے جن کے آباواجداد نے دیگر مذاہب اختیار کئے تھے اور اب ان کی نسلوں کو واپس ہندو بنانا ہرہندو کی ذمہ داری ہے اسی طرح سے بھارت نیپال اور بھوٹان میں بھی ہندوتوا کے لیے سرگرم ہے اور ان ممالک میں چین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے نتیجہ میں بھارت کو اس علاقہ کی تھانیداری کا وہ خواب جو وہ ایک عرصہ سے دیکھ رہا ہے چکناچور ہوتا نظر آرہا ہے بھارت کا میڈیا جس قدر بوکھلاہٹ کا شکا رہے اور جوجو لب ولہجہ اختیار کررہا ہے وہ ممالک کے درمیان ناقابل برداشت ہے ان حالات میں بھارت اپنے خوابوں کو ٹوتا دیکھ کر کوئی بھی قدم اُٹھا سکتا ہے اور گرفتار بھارتی بحریہ کے اہلکار کلبھوشن یادیو کے اعتراف کے بعد تو یہ امر منطقی انجام تک پہنچ چکا ہے کہ بھارت ناصرف جاسوسی کرتا ہے بلکہ پڑوسی ممالک میں دہشت گردی بھی کراتا ہے بھارت اپنے خواب ٹوٹتے دیکھ کر جس ملک سے سب سے زیادہ خفا ہے وہ تو چین ہے لیکن چین ایک بڑی قوت ہے جس کا مقابلہ بھارت نہیں کرسکتا تو وہ چین کو نقصان پہنچانے کے لیے اس کے دوستوں کو بھی اپنا ہدف بنا سکتا ہے اور سی پیک منصوبہ کو ہدف بنانے کا اعتراف تو کلبھوشن یادیو بھی کرچکا ہے ان حالات میں اگر گہری نظر سے جائزہ لیا جائے تو لاہور کے دھماکوں میں بھی بھارت کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا اور یوں بھی “خادم اعلیٰ “کے خاندان سے مودی اور سجن جندال کی یاری بہت پرانی ہے تو یہ یاری نبھانے اور یار کو مصیبت سے نکالنے کے لیے یہ کچھ بھی کر سکتے ہیں پھر جن طالبان کا نام سامنے آتا ہے وہ تو کابل جلال آباد ،قندھار سمیت افغانستا ن کے مختلف علاقوں میں قائم بھارتی ” قونصل خانوں” سے گہرے روابط رکھتے ہیں ۔
٭٭….٭٭