... loading ...
سندھ گورنمنٹ ہسپتال لیاقت آباد میں جمعہ ۱۳؍ نومبر کو اینٹی کرپشن سندھ کا چھاپا خوشگوار حیرت کا باعث بنا ہے۔ جہاں سماج دشمن عناصر نے اب تک ہر قسم کی رسائی ناممکن بنا رکھی تھی اور دیانت دار ڈاکٹرز جہاں اپنا سر پٹختے رہتے تھے۔ اینٹی کرپشن کے کامیاب چھاپے کے بعد ہسپتال کے بعض ڈاکٹروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کی خوراک کا سالانہ بجٹ ایک کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ مذکورہ ہسپتال کے مختلف وارڈوں میں بیس سے پچیس مریض داخل ہوتے ہیں لیکن کھانا فراہم کرنے والے ٹھیکیدار کی مبینہ ملی بھگت سے مریضوں کے کھانے کا کاغذی بل بنا کر ہڑپ کر لیا جاتا ہے۔ اسی طرح لوکل پرچیز کی ادویہ میں پورپشنٹ سوسائٹی کے ذریعے فرضی مریضوں کے نام پر دواؤں کا ماہانہ لاکھوں روپے کا بجٹ بھی بغیر کسی آڈٹ کے مخصوص جیبوں میں چلا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ سارا کھیل ہسپتال کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمال شیخ کی نگرانی میں ہوتا ہے جو بہت بااثر سمجھے جاتے ہیں ۔ اُن کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ شہر کے دہشتگردوں سے قریبی مراسم رکھتے ہیں ۔ اُن کے اس کھیل میں اُنہیں باقاعدہ طور پر موجودہ ایم ایس ڈاکٹر انصار اور ڈاکٹر جہاں زیب کی مکمل مد د حاصل رہتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک شفاف تحقیقاتی عمل کے نتیجے میں ان کی گرفتاری بھی متوقع ہیں۔ اینٹی کرپشن کے چھاپے کے محرکات کا جب اندازاہ لگانے کی کوشش کی گئی تو معلوم ہوا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کے کچھ ثبوت ملے ہیں کہ ہسپتال سے خورد برد ہونے والی رقم کا ایک بڑا حصہ دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی استعمال ہوتا ہے۔
ڈاکٹر جمال شیخ اس پورے کھیل کے سرپرست سمجھے جاتے ہیں۔ وہ محکمہ صحت سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایاکہ وزیر صحت سندھ تک کیلئے یہ ہسپتال نوگوایریا ہے ۔ اور ان سماج دشمن سرگرمیوں کے علاوہ بھی اسپتال کا عمومی ماحول نہایت بدانتظامی کا شکار ہے ۔ جہاں کروڑوں روپے کی سی ٹی اسکین مشین ، خون کی بیماری کی پلاسٹک اینیما کی قیمتی مشین بغیر استعمال کے ناکارہ ہورہی ہیں ۔
یہ شہر کراچی کی بدقسمتی ہے کہ یہاں مسیحائی کا مقدس پیشہ ہی بدعنوانیوں کے نرغے میں نہیں آگیا بلکہ یہ دہشت گردی کے خطرناک جال کا ایک حصہ بن چکا ہے۔ اور اس مکروہ کھیل کے خلاف قانونی کارروائیوں میں خود ملک کی سیاسی جماعتیں رکاوٹ بن چکی ہیں۔ چنانچہ اس ماحول میں سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں چھاپے پر دیانت دار ڈاکٹرز خوشگوار حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔