... loading ...
جب مئی 2011ء میں سب سے بڑی خبر ایبٹ آباد سے باہر نکلی تو دنیا بھر ٹیلی وژن چینلوں کو ایک نئی دشواری کا سامنا کرنا پڑا، انہیں ایبٹ آباد کا لفظ ادا کرنے میں مشکل پیش آ رہی تھی۔ لیکن اگر کہا جائے کہ شہر کا نام یہ ہے: Llanfairpwllgwyngyllgogerychwyrndrobwllllantysiliogogogoch، تو کیا ہوگا؟ زیادہ تر نیوزکاسٹر تو شاید پڑھنے سے ہی انکار کردیں، لیکن آفرین ہے برطانیہ کے چینل 4 میں موسم کا حال بتانے والے لیام ڈٹن کو، جنہوں نے نہ صرف اس شہر کا نام پورا ادا کیا، بلکہ اتنی تیزی اور اعتماد کے ساتھ کہ سب حیران ہوگئے۔
ویلز کے شمالی جزیرے انگلیسی پر واقع یہ چھوٹا سا گاؤں 3 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور اس کا نام نہ صرف برطانیہ بلکہ پورے یورپ میں کسی بھی جگہ کا سب سے طویل نام ہے۔ آج جب برطانیہ میں سب سے زیادہ گرمی اس مقام پر پڑی تو بالآخر اس کا نام خبروں میں آ گیا۔ ویسے ڈٹن اس گاؤں کا مختصر نام لان فیئر بھی ادا کرسکتے تھے لیکن انہوں نے چیلنج قبول کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج سوشل میڈیا پر ان کا چرچا ہے۔
لیام نے اس آسانی کے ساتھ نام ادا کیا، جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ سانس ضرور پھولا لیکن ایک ٹھنڈی سکون بھری آہ کے ساتھ انہوں نے رپورٹ کااختتام کیا۔ ویسے کسی بھی جگہ کے طویل نام کا اعزاز نیوزی لینڈ کی ایک پہاڑی کے پاس ہے جس کا نام Taumatawhakatangihangakoauauotamateapokaiwhenuakitanatahu ہے۔ جسے مختصراً ٹاماٹا کہتے ہیں۔ لیکن فی الحال آپ دونوں طویل ناموں پر سر دھنیں اور یہ وڈیو دیکھیں۔