... loading ...
ذکی ابڑو
ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کو ایسا سہانا سپنا بنانے کے خواب دکھائے ہیں کہ امریکہ اور یورپ پیچھے رہ گئے ؟ یہ بات کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں تھا ؟ آج جب کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ عثمان آباد میں علی اپارٹمنٹ کے رہائشی انیس سالہ ندال احمد میمن کی محبت میں گرفتار دو بچے اور شوہر کو امریکہ میں تنہا چھوڑ کر گیارہ اکتوبر کو پاکستان آنے والی اونیجا اچانک کراچی ائیرپورٹ کے لاؤنج سے نمودار ہوئی اور کہا کہ امریکہ نہیں جاوں گی ؟ اور مجھے پاکستان کا گرین پاسپورٹ چاہیے اور ہر ہفتے پانچ ہزار ڈالر بھی ؟ تو دل خون کے آنسو رونے لگا۔ ایسا لگا کہ پاکستان، امریکہ اور یورپ سے کتنا آگے نکل گیا ہے ہمارا ہر نوجوان ترقی کی منازل کو چھو رہا ہے ؟
امریکی ہمارے نوجوانوں سے گڑگڑاکر بیاہ رچانے کی منتیں کر رہے ہیں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ؟ کہ بس انہیں کسی بھی طریقے سے گرین پاسپورٹ مل جائے ؟ ہمارے حکمرانوں یہ دور اندیشی ہم سے سات سمندر پار بیٹھی ایک امریکی خاتون کو نظر آگئی اور وہ ندال کی محبت میں گرفتار ہوکر گارڈن چلی آئی تو ۔۔ دل گارڈن گارڈن ہوگیا ؟ مگر ہمارے نوجوان اسے صرف شغل میل سمجھ کر اونیجا کو دیکھنے کے لیے گارڈن میں لائن لگائے کھڑے ہیں، اونیجا سے کرنے اورکرانے والے سبھی نے گارڈن کا رخ کیا ہوا ہے ،علی اپارٹمنٹ کے سامنے ایک میلہ سا لگا ہے لوگ اونیجا سے ہاتھ ملاکر تصویریں بنوارہے ہیں اور امریکہ میں موجود ایسی ہزاروں اونیجاوں کے دل کو لچا رہے ہیں جو پاکستانی منچلوں سے دور امریکہ میں دربدر کی ٹھوکریں کھارہی ہیں ۔وہ بھی پاکستان آنا چاہتی ہیں اور کسی بھی دل جلے کے گھر کے سامنے بیٹھ کر ہرماہ بارہ ہزار ڈالر کمانا چاہتی ہیں ۔سوچیں ذرا اگر واقعی ہی ہمارا ملک اتنا ترقی یافتہ ہوتا اور یہ رقم ہر دن دگنی ہوکرامریکیوں کو ماہانہ ہزاروں ڈالر کمانے کا موقع فراہم کر رہی ہوتی ؟ مگر شاید ابھی وہ دن نہیں آئے ؟
یہ امریکی ہیں جو دولت سے مالا مال ہیں یہ سات سمندر پار سے اپنے سپنے پورے کرنے چلے آئے ہیں مگر یہ بیچارے لاکھوں بے روزگار پاکستانی کہاں جائیں ؟ دفتروں کے چکر لگانے اور اپنے روزگار کے لیے دربدر بھٹکنے والے یہ لاکھوں نوجوان کہاں جائیں؟ شاید یہ بات ندال میمن کے اہل خانہ کو سمجھ میں آگئی تبھی سارا ٹبر گھر کو تالا لگار روپوش ہے ؟ امریکی خاتون اونیجا کہتی ہے یہ جگہ اس کے لیے تو محفوظ ہے اور یہاں ایک گھر بنانا اس کا سپنا ہے وہ کہتی ہے کہ پیسوں کے لیے شادی نہیں کر رہی، پیسہ اس کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا وہ تو اس کے پاس بہت ہے۔ اونیجا نے امریکی ریاست یوٹاہ میں آن لائن شادی کا بھی انکشاف کیا ؟ امریکی خاتون سے شادی کا ارادہ لے کرآنے والا آنکھوں سے اندھا شریف شیرانی نامی ایک بزرگ شہری امریکی خاتون سے بیاہ رچانے گارڈن جاپہنچا اور کہتا ہے کہ شادی کرکے امریکہ جانا چاہتا ہوں ، بزرگ شہری ایک عرصہ سے بے روز گار ہے اور اس نے حکومت سے ایک مطالبہ بھی کردیا ہے کہتا ہے کہ جب میں اس خاتون سے شادی کروں تو یہ میرے گھر والوں کو پچاس ہزار ڈالر فراہم کردیئے جائیں تاکہ وہ سیاہ فام خاتون کے ساتھ امریکہ جاکر ایک پرسکون زندگی گزار سکے ؟
امریکی خاتون کی محبت میں ایک اندھا کوگرفتار ہوتا دیکھ کر علی اپارٹیمنٹ کی مکین اپنے بچوں سے زیادہ پریشان ہیں کہیں کوئی اور امریکی ویزے کے چکر میں اندھا کو ہوکر امریکی خاتون کو شادی کی آفر نہ دے ڈالے اور اندھا ہوکر اس کے ساتھ امریکہ چلتا بنے ؟ امریکی خاتون کو شادی کے سپنے دکھاکر اپنے گھر کے سامنے پڑاو پر مجبور کرنے والا احمد ندال میمن تو موقع پاکر فرار ہوگیا مگر اس ڈر سے کہ اپارٹمنٹ کا کوئی بے روزگار نوجوان اس کی محبت میں گرفتار نہ ہوجائے ،علی اپارٹمنٹ کا مین دروزاہ بند کردیا گیا ہے بچے اور بڑے سبھی سہمے بیٹھے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت امریکی خاتون کو کہیں اور بستر لگاکر دے دے تاکہ وہ سکون سے رہ سکیں ؟ اور آپ سب سے گزارش ہے کہ آن لائن شاپنگ اور آن لائن عشق سے پرہیز کیا کریں ۔یہ پہلا محبوب ہے جو قدموں کی بجائے گلے پڑ گیا!