... loading ...
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے سویڈن کے ساتھ باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اہداف پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے منگل کو اسلام آباد میں سویڈن کی سفیرالیگزینڈرا کینیل برگ وون لِنڈے سے ملاقات میں کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور سویڈن کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو اس شراکت داری کی مضبوطی اور لچک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی تعاون سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ تجارت سمیت اسلامو فوبیا جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے رابطہ کاری کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان بین الپارلیمانی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور سویڈش کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے تحمل اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے سویڈن کے ساتھ مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط باہمی افہام و تفہیم کو بڑھانے اور پاکستان اور سویڈن کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبائ کے تبادلے کے پروگراموں اور اسکالرشپس کو بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کو بھی اجاگر کیا جس سے دونوں ممالک ایک دوسرے سے علمی میدانوں میں فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور قابل تجدید توانائی اور پائیدار ترقی پر سویڈن کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مختلف شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کے ذریعے دونوں ممالک مشترکہ خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں اور عالمی امن اور استحکام میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں