... loading ...
پشاور: کرم میں حالات کی بہتری کے لیے امن کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جب کہ بند راستوں پر نرمی کا آغاز آج سے ہوگا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کرم کی صورت حال پر حکومتی اعلان کے مطابق کل 4جنوری سے راستوں کی بندش میں نرمی شروع ہوگی اور قافلوں کی صورت میں مسافر اور اشیائے خور ونوش کی ترسیل کی جائے گی۔
ان قافلوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس اہل کار بھی ساتھ ہوں گے۔پولیس کی مدد کے لیے دیگرقانون نافذکرنے والیاداروں کی سپورٹ بھی حاصل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرم کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے امن کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں، جن میں جرگہ مشران اور سابق اراکین اسمبلی سمیت دیگر عمائدین شامل ہیں ۔
علاوہ ازیں کرم امن معاہدے کے بعد وفاق نے صوبے کو ایف سی کی 10پلاٹونز کی خدمات فراہم کردی ہیں۔کرم کے راستوں کی حفاظت کی غرض سے 400پولیس اہلکاروں کی بھرتی کے لیے صوبائی حکومت نے این او سی بھی جاری کردیا ہے، جس کے تحت بھرتیاں چند روز میں شروع ہو جائیں گی۔
اسی طرح ایف سی پلاٹونز کوکرم کے راستوں کی حفاظت کی ذمے داری دی جائے گی، جو کرم آمدورفت کرنے والے قافلوں کے تحفظ کے لیے پولیس کی معاونت بھی کریں گے۔