... loading ...
اسلام آباد : تاریخ میں پہلی بار 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ب فارم میں خصوصی سیکورٹی فیچرز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سکیورٹی فیچرز کے تحت دس سال سے زائد العمر بچوں کیانگلیوں کے نشانات اور تصویر کو ب فارم کا لازمی حصہ بنا دیا گیا۔
خصوصی ب فارم کا اجرا مرحلہ وار15 جنوری سے کیا جائے گا۔ نیا فیچر نادرا نے محکمہ پاسپورٹ کے اشتراک سے متعارف کروایا ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ان اقدامات سے بچوں کی شناختی معلومات کی چوری اور غلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔
یہ اقدامات بچوں کے جعلی شناختی کارڈز ۔ غیر قانونی پاسپورٹ کے حصول اور انسانی سمگلنگ جیسے جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہوں گے۔ چئیرمین نادرا ، ڈی جی پاسپورٹ اور پوری ٹیم کو مختصر مدت میں ب فارم میں اصلاحات متعارف کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں سے 15 جنوری سے نادرا سینٹر پر انگلیوں کے نشانات اور تصویریں لی جائیں گی۔
ان بچوں کے ساتھ والدین میں سے کسی ایک یا قانونی سرپرست کا آنا لازم ہے۔ انہیں اپنے ہمراہ اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور بچے کا یونین کونسل یا ٹان کمیٹی سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ بھی لانا ہوگا۔