... loading ...
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں متعارف کرائے گئے چند پرائیویٹ ممبرز بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ نجی بلوں کا حکومتی قانون ساز پالیسی کے مطابق جائزہ لیا جائے، قانون سازی کی ترجیحات حکومت کی پالیسیوں اور قومی مفاد سے ہم آہنگ ہونی چاہیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اظہار تشویش کے بعد وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں کو نجی بلوں کا حکومتی قانون ساز پالیسی کے مطابق جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم آفس نے تمام وفاقی وزارتوں، پارلیمانی سیکریٹریز کو خطوط لکھ دیے ہیں، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ قانون سازی کی ترجیحات حکومت کی پالیسیوں اور قومی مفاد سے ہم آہنگ ہونی چاہیے، تمام وفاقی وزرا، سیکریٹریز نجی بلز کا مکمل جائزہ لے کر ٹریکنگ کے عمل کو یقینی بنائیں، ایسے نجی بلز کی تعداد سے متعلق نشاندہی کی جائے جو پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔
خط کے مطابق وزیراعظم آفس نے تمام سیکریٹریز کو اس سلسلے میں چوکس اور فعال رہنے کی ہدایت کردی ہے، نجی بلز کی موجودہ صورتحال پر ایک جامع رپورٹ مکمل مشاہدے کے ساتھ وزیراعظم آفس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔