... loading ...
رتوڈیرو : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ن لیگ کامیابی سے حکومت کرنی ہے تو فیصلے اتفاق رائے سے کرنے ہوں گے، ن لیگ کے پاس اتنی اکثریت نہیں کہ یک طرفہ فیصلے کرے۔
زرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھاکہ پانی ہر کسی کا بنیادی حق ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے، بینظیر بھٹو کے منشور کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام معاشی طور پر اور امن امان کی صورتحال سے پریشان ہیں، عوام سیاسی قائدین کو طرف دیکھ رہے ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ انا کی سیاست چھوڑکرسیاستدان مل کر کام کریں اور محسوس ہو رہا ہے چھوٹے صوبوں کیساتھ وفاق کا رویہ اچھا نہیں رہتا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے حکومت سازی میں وزیر اعظم کے لئے ان کو ووٹ دیا، ہم نے طے کیا تھا کہ چاروں صوبوں کا ترقیاتی بجٹ مل کر بنائیں گے، ہم سے وعدہ کیا گیا کہ سندھ اور پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈنگ دی جائے گی اور امید ہے کہ ہماری شکایت کو سنجیدہ لیا جائے گا اور مذاکرات کے ذریعے صوبوں کے خدشات کو دور کیا جائے گا۔
بلاول کا کہنا تھاکہ اس وقت وفاقی حکومت کے پاس یک طرفہ فیصلے کرنے کا مینڈیٹ نہیں، وفاق کو صوبوں کو کیساتھ مل کر چلنا چاہئے، یک طرفہ کسی بھی فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو سکتا، پاکستان میں کسی بھی حکومت سے کام نکالنا ہو تو بڑا مشکل ہوتا ہے لیکن مجھے بھی تھوڑا بہت تجربہ ہو گیا ہے،میں کام نکلواوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ کاغذات کی حد تک بہتر معیشت نظر آ رہی ہے اس کو خوش آمدید کہتے ہیں، اگر معاشی بہتری آ رہی ہے تو اس کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہئے، ہماری نسل کے لئے انفراسٹرکچر ڈیجیٹل، انٹرنیٹ اور اس کی سپیڈہے لیکن ان کی سیاست موٹر وے سے شروع ہوتی ہے اور وہیں ختم ہو جاتی ہے، موٹروے 1990 کی دہائی کا انفرا سٹرکچر تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انٹرنیٹ کی سپیڈ کم کرنے کے بجائے اس کو تیز کرنا تھا، پاکستان کے انٹرنیٹ کیبل میں ایسا کیا ہے کہ سمندر میں مچھلی یہی کیبل کاٹ لیتی ہے، کبھی کہتے ہیں ہماری تار کٹ گئی ہے کبھی کہتے ہیں نہیں کٹی، کیا سمندر کی مچھلیاں صرف پاکستان کی کیبل کاٹتی ہیں؟ عوام کو ہائی سپیڈ تو پہلے پہنچائیں پھر آپ وی پی این بھلے لگائیں۔