... loading ...
باکو : قازقستان کے شہر اکتا میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں 41افراد ہلاک اور31زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں عملے کے 5 افراد سمیت 72 مسافر سوار تھے۔
حادثے کا شکار طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر تسلط ریاست جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا لیکن دھند کی وجہ سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا۔
فوری طور پر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارے میں فضا پرندوں کے ایک غول سے ٹکرایا تھا۔قازقستان کی ہنگامی امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں 41افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں سے 21 کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا جن میں ایک 11 سالہ بچی بھی شامل ہیں۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے سے قبل طیارے نے اکتا ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے تھے۔حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔