... loading ...
راولپنڈی: پاک بحریہ کے جہازوں نے خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران کویت اور عراق کا دورہ کیا۔
زرائع کے مطابق نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا کہ پی این ایس رسدگار اور پی این ایس عظمت کا کویت کی بندرگاہ الشویخ (Al Shuwaikh) جبکہ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز “دشت” نے عراق کی بندرگاہ ام قصر (Umm Qasr) کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دونوں بندرگاہوں پر آمد کے موقع پر پاکستانی سفارتی اور میزبان بحریہ کے اعلیٰ حکام نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ دونوں ممالک کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون، بحری افواج کے مابین رابطے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں کویتی اور عراقی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ بحری مشقیں بھی کی گئیں، مشقوں کا مقصد بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا کویت اور عراق کا دورہ دوست ممالک کے ساتھ موجودہ سفارتی اور بحری تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔