... loading ...
افغانستان: افغانستان میں دارالحکومت کابل سے قندھار جانے والی مسافر بردار دو بسوں کے الگ الگ حادثے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔
زرائع کے مطابق یہ دونوں حادثات کابل سے قندھار جاتے ہوئے درمیان میں صوبے غزنی کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔
پہلے حادثے میں ایک مسافر بس فیول ٹینکر سے ٹکرا گئی جب کہ اسی شاہراہ پر دوسرے حادثے مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا ہے۔
صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان حافظ عمر نے بتایا کہ دونوں حادثات میں مجموعی طور پر 52 افراد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہوگئے۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ متعلقہ حکام سے دونوں واقعات کی فوری تحقیقات کرنے، وجوہات کی نشاندہی کرنے اور مستقبل میں ایسے سانحات کو روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو غزنی کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا جب کہ شدید زخمی مسافروں کو کابل منتقل کیا جا رہا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ درجن سے زائد مسافروں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ دہائیوں سے جنگ زدہ افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں جس کی وجہ خراب سڑکیں، ہائی ویز پر خطرناک ڈرائیونگ، اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنا ہے۔