... loading ...
پشاور:مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے خیبرپختونخوا حکومت سے 300 میگاواٹ سستی بجلی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یہ بات انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کے پشاور میں منعقدہ انرجی روڈ شو سے خطاب میں کہی۔ مزمل اسلم نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار انرجی روڈ شوز سے دنیا کو خیبرپختونخوا کا انویسٹمنٹ پوٹینشل دکھانا چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے کراچی لاہور، اسلام آباد میں کامیاب انرجی روڈ شوز اس مہینے منعقد کیے ہیں، خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں انرجی، معدنیات، سیاحت اور صنعت میں بے پناہ انویسٹمنٹ مواقع موجود ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو مستقبل کے میگا منصوبوں کے لیے انویسٹرز کی ضرورت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی روڈ شو میں کے الیکٹرک نے خیبرپختونخوا حکومت سے 300 میگاواٹ سستی بجلی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اسٹاک ایکسچینج کراچی میں روڈ شو انعقاد کا مقصد خیبرپختونخوا کے اثاثے کو کمرشل کرنا چاہتے ہیں، ماضی میں خیبر پختونخوا حکومت نے سستی بجلی دوبارہ وفاق کو بیچی ہے، اب خیبرپختونخوا حکومت سستی بجلی خود تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہائیڈرو سستی گرین انرجی ایک ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے ہیں، جن میں سے کچھ منصوبے آپریشنل، زیر تعمیر اور کچھ انرجی منصوبوں پر کام شروع ہوجائے گی، ہائیڈرو پاور منصوبوں کے کنکشن کیلئے سوات سے چکدرہ تک ٹرانسمشن لائن بچھائیں گے، خیبرپختونخوا حکومت کے تمام ہائیڈرو منصوبے گرین انرجی کے ہیں جو ماحول دوست ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک زیادہ ٹیکسز کی وجہ سے بن چکا ہے، مستقبل میں آئی ایم ایف احکامات پر اکنامک زونز کو ٹیکس چھوٹ نہیں دی جائے گی۔