... loading ...
ڈی آئی خان:معلوم دہشت گردوں کے پولیو ٹیم پر حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک ورکر زخمی ہوگیا جب کہ ضلع صوابی میں بھی ایک اہلکار کو شہید کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان کرک بانڈہ داد شاہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر حملہ کیا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک پولیس ورکر زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ پولیو ٹیم پر حملہ شکر خیل کے علاقے میں پیش آیا، شہید پولیس اہلکار پولیو ورکرز کی سیکیورٹی پر مامور تھا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دوسری جانب ضلع صوابی میں تھانہ پرمولی کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل اشتیاق احمد کو شہید کردیا۔تھانہ پرمولی کی حدود دیہہ حشا میں کنسٹبل اشتیاق احمد نماز عشا کے بعد اپنے آبائی گاں میں موجود اپنے پولٹری فارم گیا تھا کہ گھر واپسی پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
شہید کانسٹبل اشتیاق احمد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی ہارون رشید خان، ایس پی انوسٹی گیشن صوابی افتخار علی،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نورالامین خان، آر آئی جناب علی خان سمیت پولیس افسران، جوانان، شہید کے ورثا اور اہل علاقہ نے شرکت کی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے وزیرداخلہ محسن نقوی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم کو پولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل پولیو ورکرز پر حملہ باعث تشویش ہے، اس قسم کی کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے اور پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے میں پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں ، دہشت گرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک اور بنوں میں پولیو ٹیمز پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک میں فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عرفان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2پولیو ورکرز کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیو ٹیم پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اعلی حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پولیو ٹیم پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے ،پولیو ٹیم پر حملہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دلی افسوس ہوا ، زخمی پولیو ورکر کو ہر ممکن علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پولیو ورکرز پر حملہ پاکستان اور انسانیت دشمن قوتوں کی سازش ہے ۔