... loading ...
اسلام آباد : ملائشیا میں سیلاب سے ہلاکتوں پر وزیراعظم نے اپنے ملائیشین ہم منصب کو مدد کی پیشکش کردی ساتھ ہی امدادی ٹیم بھیجنے کا بھی اعلان کردیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کی متعدد ریاستوں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ملائیشیا کے برادرانہ عوام کے لئے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے-
انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ملائیشین بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے حوالے سے ملائیشین حکومت کی تیز تر اور مثر اقدامات کی تعریف کی-
وزیراعظم نے ملائیشیا کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی اور اپنے ملائیشیا کے بہن بھائیوں کے لیے پاکستان کی حمایت کی علامت کے طور پر فوری طور پر انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔
اس سال اکتوبر میں وزیر اعظم انور ابراہیم کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا-
انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے دوران جن تجارتی مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی ان میں سے بیشتر کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے۔