... loading ...
حمیداللہ بھٹی
ایران پراسرائیل نے کافی محتاط حملہ کیا ہے۔ تیل اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیاہے۔ مگر یہ حملہ خطرے کی ایسی گھنٹی ہے جس کاایک ہی مطلب ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ پھیل رہی ہے ۔یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسے ایران نے بھی اسرائیل پر حملے کے دوران احتیاط پسندی سے کام لیاتھا۔ فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے بعد اسرائیل کی نظریں اب شام ،لبنان اور عراق پر ہیں اس لیے تینوں ممالک اُس کی جارحیت کاہدف ہیں ۔حالانکہ مذکورہ ممالک سے اُسے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیںبلکہ اِن میں اتنی بھی سکت نہیں کہ حملوں کا جواب دینا تو درکنا ر صیہونی ریاست کی کسی کارروائی کے خلاف آوازہی بلند کر سکیں۔ وہ تو حملوں کاعملی طورپر ردِ عمل دینے کی بجائے برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ اِس کمزوری کا اسرائیل کوبھی ادراک ہے۔ اسی بناپرنہ صرف بے دریغ ہمسایہ مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے بلکہ یمن اور ایران تک حملے وسیع کردیے ہیں۔ جس سے خطرہ ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ خطے سے باہرممالک کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ کیونکہ عالمی طاقتیں اپنے حامی ممالک کی حمایت کرتی ہیں اورہنگامی حالات میں غیرجانبدار نہیںرہتیں اور اپنے مفادات کے لیے آدھمکتی ہیں۔ دنیا کثیر قطبی نظام کی طرف جارہی ہے۔ اب صرف دفاعی طاقت ہی اہم نہیں بلکہ مضبوط معیشت زیادہ اہمیت اختیارکرگئی ہے۔
فی الوقت عرب ممالک کو خوفزدہ رکھنے پر امریکہ اور اسرائیل متفق اور یکسو ہیں لیکن ایران اور اسرائیل کی اگر دوبدولڑائی ہوتی ہے تو کیا پھربھی روس اور چین خاموش تماشائی ہی رہیں گے؟اِس سوال کا جواب ہاں میں دینا غلط ہوگا کیونکہ وہ اسرائیل کے مقابلہ میں ایران کو پسپاہونے سے روکنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائیں گے اگرایسانہیں کیاجاتاتویہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کو اپنا وحشیانہ کھیل کھیلنے کی آزادی دینے کے مترادف ہو گا۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ یوکرین جنگ کی مخالف اورامن پسندی کی دعویدار عالمی طاقتوں کامشرقِ وسطیٰ کی ایسی ہی صورتحال میں متضاد موقف ہے اور وہ امن قائم کرنے سے زیادہ اسرائیل کوبالادست طاقت بنانے کی روش پر گامزن ہیں اِس دوران کسی اصول وضابطے کو خاطر میں لانے کو بھی تیار نہیں بلکہ ویٹوپاور کی بدولت یواین او کو بے دست وپا کر رکھا ہے جس سے تقسیم ہوتی دنیا کسی بڑی جنگ کی طرف جا سکتی ہے ایسا ہونا دنیا میں قیامت سے پہلے قیامت برپا کرنے کے مترادف ہوگااِس لیے کسی کا جواب محدود ہویا محتاط امن کا متبادل ہر گز نہیں۔
جمعہ 25اکتوبرکواسرائیل نے حملہ کیااُس کے جنگی طیاروں اور ڈرونز نے ایک ہی رات میں ایران پر تین بار بمباری کی اور بیس سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا عین اسی وقت شام اور عراق میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ممکن ہے اسرائیل اِس طرح ہمسایہ ممالک کو یہ باور کرانا چاہتا ہوکہ وہ بیک وقت کئی محازوں پر لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن ایران کا کہناہے کہ حملے سے بہت کم نقصان ہواہے البتہ جواب
دینے کا حق محفوظ رکھنے کی بات کی ہے یہ کافی نرم ردِ عمل ہے لیکن ماہرین ٹکرائو بڑھنے کے امکان کو مکمل رَد نہیں کررہے ۔
سات اکتوبر2023کو حماس حملے کے بعد اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی شروع کررکھی ہے وحشیانہ حملوں سے غزہ کاعلاقہ ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیاہے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کوشش کی ہے کہ اموات کی تعداد غیر معمولی طورپرزیادہ ہوبمباری کو ایک برس سے زیادہ عرصہ ہو گیا لیکن ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے اب تواِس کوشش میں ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے بھیجی جانے والی علاقہ مکینوں تک خوراک اور طبعی امداد بھی نہ پہنچ پائے ایسی سفاکیت کا مظاہرہ شاید ہی کسی جنگ میں ہوا ہو مگرامریکہ ،برطانیہ اورفرانس جیسی عالمی طاقتیں روارکھے ظلم وستم کو اسرائیل کا دفاعی حق قراردیتی ہیں ظاہر ہے ایسا کہہ کر وہ ظلم و ستم کی سنگینی کم کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن اب امن پسندوں کا ضمیر جاگ رہا ہے اوردنیابھرمیں ہونے والے احتجاج اور مظاہروں سے ظاہرہوتا ہے کہ حکومتوں کے مفادات سے بالاتر ہو کر عوام پرا سرائیل کی وحشت آشکار ہوچکی ہے اور وہ مظلوم و معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر نوحہ کناں ہیں جس سے اور کچھ ہونہ ہوظالم طاقتوں کی تنہائی میں اضافہ یقینی ہے ۔
عام قیاس یہ تھا کہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں نشانہ بنانے کے باوجودایران کسی ایسی کاروائی سے گریز کرے گا جس سے بڑی جنگ کا خدشہ حقیقت کا روپ دھارے۔ اِس قیاس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ امریکہ نے خطے میں نئے اور تازہ دم فوجی دستے تعینات کر دیے تھے مگر یہ قیاس اُس وقت غلط ثابت ہوگیا جب ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر دوسو میزائل اور ڈرونز سے حملہ کر دیا جس کا اسرائیل نے جواب دینے کا اعلان کیاتھا لیکن پچیس اکتوبرکاحملہ محتاط جواب ہے ۔نہ صرف تیل کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے سے اجتناب کیا گیا بلکہ جوہری مراکز کو بھی نہیں چھیڑاگیا۔ اگر تیل تنصیبات اور جوہری مراکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی تو شاید ایرانی قیادت مزید طاقت سے ایسے جواب پر مجبور ہوجاتی جس سے بڑے پیمانے پر انسانی اموات ہوتیں۔حالیہ حملے سے اسرائیل نے بدلہ لینے کے ساتھ ایران پر واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی سے مرعوب ہونے ولا نہیں بلکہ کسی بھی حریف کو اپنی پسند کے مطابق میدانِ جنگ کی طرف ہانک کر نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اسرائیل کے محتاط جواب کے متعلق دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اِس وقت ایران ایک باقاعدہ جوہری طاقت نہیں لیکن ایسے شواہد موجود ہیں کہ چاہے جوہری دھماکے نہیں کیے البتہ اتنی صلاحیت ضرور حاصل کرلی ہے کہ کسی بھی وقت تجربات سے خودکو جوہری طاقت منوا سکتا ہے۔ شاید اسی لیے اسرائیل نے جارحانہ عزائم کااظہارکرنے کے باوجود احتیاط پسندی کا مظاہرہ کیا ہے لاکھ چین اور روس امن پسندی کی بات کریں مگر جب امریکی مفادات پر زک کا معاملہ ہوتو وہ زیادہ دیرالگ تھلگ نہیں رہ سکتے اور کسی بھی وقت مداخلت کرسکتے ہیں دفاعی حلقے تو اب بھی ایسا امکان ظاہر کررہے ہیں کہ اسرائیلی حملوں نے ایران کواپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیاہے اورایران کی طرف سے جوہری صلاحیت کے اظہارکے امکانات موجود ہیں ۔
پاکستان سمیت اکثرمسلم ممالک نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے اور جارحیت کو ایران کی خودمختاری ،عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی مجرمانہ خلاف ورزی قراردیاہے اور عالمی برادری سے اسرائیل کو امن خطرے میں ڈالنے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ اِ س دوران سعودی عرب نے بھی قیادت کے منصب کے تقاضے پورے کیے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے میں تاخیر نہیں کی ضرورت اِس امر کی ہے کہ مسلم امہ متحد ہو کر اوآئی سی کو فعال کرے اور اقوامِ متحدہ کو اُس کے فرائض یاد دلائے تاکہ اسرائیلی حملوں سے نہ صرف ایران ،شام ،عراق اور لبنان محفوظ رہیں بلکہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی پر مبنی کارروائیوں کا بھی خاتمہ ہوسکے۔