وجود

... loading ...

وجود

اندلس کے بعد اب بھارت

پیر 25 دسمبر 2023 اندلس کے بعد اب بھارت

سمیع اللہ ملک
کلنگہ کے مقام پرآخری لڑائی ہوئی،شام کے وقت وہ شمالی ہندوستان کابلاشرکت غیرے مالک تھا،وہ گھوڑے سے اترا، سامنے میدان میں ہزاروں نعشیں بکھری پڑی تھیں،اس نے زندگی میں کبھی اتنی نعشیں نہیں دیکھیں تھیں۔اس نے اپنے مشیر سے پوچھا”بھلاکتنے لوگ مارے گئے؟”مشیر نے سینہ پھلاکرجواب دیا”کم وبیش ایک لاکھ”وہ فوری نیچے بیٹھ گیا ، اس کے سینے سے ہوک اٹھی اورہندوستان کاسب سے بڑابادشاہ دل پرہاتھ رکھ کرپھوٹ پھوٹ کرروپڑا۔اس کی مال ومتاع سمیٹتی فوج ٹھٹک کررہ گئی،وہ چلاچلاکرکہہ رہاتھا” اشوک تم نے ایک لاکھ لوگ ماردیے،ان کاکیاقصورتھا؟”وہ بلک بلک کرروتارہا، آنسو تھمے تووہ ایک نیاانسان تھا،اس نے نیام سے تلوارنکالی،دریامیں پھینکی اورہندودھرم ترک کرنے کااعلان کردیا۔
اشوک کے باپ نے16شادیاں کیں،اس کے100سے کہیں زیادہ بیٹے تھے۔اشوک پیدائشی بادشاہ تھالیکن دنیاکاسب سے بڑافاتح اوربادشاہ بننے کیلئے اس نے فتوحات کا آغاز اپنے بھائیوں سے کیا۔ایک ایک کرکے سارے بھائی مروادیئے،آخرمیں بادشاہ بن گیا۔ہوسِ اقتدارزیادہ تھی اور سلطنت چھوٹی لہندا فاتح عالم بننے کیلئے گھرسے نکل کھڑاہوا ۔ راستے میں جوآیاکچل دیا،جس نے سراٹھایاروندڈالا۔ہزاروں لاکھوں لوگ اس کی خواہش کاایندھن بن گئے لیکن کلنگہ کی فتح،ہاں!اس خرابے نے گویااس کی کایا پلٹ دی۔اس نے سراٹھایا،سامنے اس کی فوج کھڑی تھی۔اشوک کے پاس اس وقت دنیاکی سب سے بڑی اورانتہائی جدید اوربہادرفوج اس کے ایک اشارے پرجان دینے کیلئے تیارتھی۔اس کے پاس سات لاکھ پیادے،تیراندازاورگھڑسوارتھے۔اس نے یہ سورماچن چن کرسارے ہندوستان سے اکٹھے کئے تھے۔اس نے کلنگہ کے میدان میں ہی فوج کے خاتمے کا اعلان کردیا، اس طرح سات لاکھ فوجی فی الفوربے روزگارہوگئے۔
وہ واپس پلٹا،ہندودھرم سے لاتعلقی کااعلان کیااوربدھ مذہب اختیارکرنے کااعلان کردیا۔حکومت کاری کے چنداصول وضع کیے۔یہ اصول ایک ایک شہر،ایک ایک گاؤں اورقریہ قریہ کندہ کردیئے گئے۔اس نے پورے ملک سے چن چن کرایماندار، محنتی لوگ اکٹھے کئے،انہیں”مہامیر”کا خطاب دیکرمختلف علاقوں کاوالی بنادیا۔ان لوگوں نے سب سے پہلے برہمن اور شودرکاتصورتوڑا،امیراورغریب کی تعریف ختم کی اورپھرخدمت میں جت گئے۔اشوک کی حکومت کاری کے دوبڑے اصول تھے ،خدمت اورانصاف!اس نے پوری سلطنت میں سڑکیں بنوائیں،سڑکوں کے کنارے درخت لگوائے،کنوئیں کھدوائے،درس گاہیں اورمنڈیاں بنوائیں۔مسافروں کیلئے مسافر خانے بنوائے جہاں مفت قیام کی اجازت تھی۔
وہ دنیاکاپہلابادشاہ تھاجس نے جانوروں کے ہسپتال کاتصوردیا،جس نے عورتوں کومردوں کے برابرحقوق دیے،جویہ کہتا تھاکہ بچوں کی پرورش والدین نہیں بلکہ حکومت کافرض ہے۔جویہ سمجھتاتھاجوحکمراں اپنی عوام کوروٹی کپڑا،تعلیم اور دوانہ دے سکے اسے حکومت کاکوئی حق نہیں۔رہا انصاف تواس کی سلطنت کے آخری گاؤں میں بھی کسی کے ساتھ کوئی ظلم ہوتاتو ظالم کومعلوم ہوتاکہ دنیاکی کوئی طاقت اسے اشوک سے نہیں بچاسکتی۔کلنگہ کی فتح تک وہ صرف شمالی ہندوستان کابادشاہ تھالیکن جوں جوں اس کی خدمت اورانصاف کی شہرت پھیلی اردگردکی ریاستوں نے خودہی شامل ہونے کی درخواست کردی،یہاں تک کہ وہ اشوک سے اشوک اعظم بن گیا۔اس کی سلطنت اڑیسہ سے گلگت اوربنگال سے دکن تک پھیل گئی۔پورے ہندوستان پرحکومت کااعزازصرف تین بادشاہوں کوحاصل ہے،اشوکِ اعظم،اورنگ زیب عالمگیراورآخرمیں تاجِ برطانیہ۔ان تینوں میں اشوکِ اعظم پہلا شخص تھا۔
فوج کے بغیرحکومت کاتصوراس کاخدمت اورانصاف سے بڑاکارنامہ تھا۔اس کے پاس سات لاکھ فوج،دس ہزارجنگی رتھ اور نوہزارتربیت یافتہ ہاتھی تھے۔اشوک کے ایک حکم سے ساری فوج بے روزگارہوگئی،اس کے مشیروں نے سمجھایا،جہاں پناہ !چین کے ہن اوریونان کے طالع آزماسرحدوں پرکھڑے ہیں،ہمارے پاس فوج نہ ہوئی تووہ حملہ کردیں گے ۔ اشوک مسکرایااور سرپرہاتھ پھیرتے ہوئے بولا”میں سات لاکھ کی بجائے سات کروڑکی فوج تیارکروں گا”۔مشیروں نے حیرت سے دیکھا، اشوک نے کلام جاری رکھا”فوجوں کی ضرورت ان بادشاہوں کوہوتی ہے جن کے عوام ان سے خوش نہیں ہوتے،میں اپنے شہریوں کواتناسکھ،اتناچین،اتناآرام اوراتناانصاف دوں گاکہ اس ملک کابچہ بچہ اپنی سرحدوں کی جان دیکربھی حفاظت کرے گا”۔اشوک نے یہ سچ کردکھایا،اس کے دورمیں کوئی بیرونی حملہ آورہندوستان میں داخل ہوااورنہ ہی کسی اندرونی شورش نے سراٹھایا۔ وہ پہلابادشاہ تھاجس نے فوج کے بغیرہندوستان جیسے ملک پرحکومت کی۔اشوک کی موت کے بعد47برس تک اس کانظام قائم رہاپھرمحلاتی سازشیں شروع ہوئیں،اس کاپوتا بربندر ناتھ قتل ہوا،گپتاخاندان برسرِاقتدارآیا،فوج بنی اوراس کے بعدہندوستان ایک بارپھرقتل وغارت گری کاایساشکارہواکہ آج اس ترقی یافتہ دورمیں بھی سب سے بڑی جمہوریت کاجھوٹادعویٰ کرنے کے باوجود اپنے ہی شہریوں کوجان سے مارنے کی دنیامیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ اشوک کہتاتھاخدمت اورانصاف ہوتوفوج کی ضرورت ہوتی ہے اورنہ ہی روپے پیسے کی۔میراخیال ہے اشوک کافلسفہ ادھورا تھاکیونکہ وہ اپنی اس قدربڑی اورفلاحی ریاست میں آرایس ایس اوربی جے پی جیسی فرقہ پرست تنظیموں کااحیا نہ کرسکا جواس کے جانے کے بعداس سرزمین پرصرف برہمن ہندوں کواونچی ذات قراردیکرسفیدوسیاہ کامالک قرارنہ دیکرایساخلا چھوڑگیاجس کی تکمیل کیلئے آج کے ہندوپرست مودی اوراس کے ہمنواؤں کواشوکاکاجانشین بننے کی بجائے چانکیہ کی اولاد بننازیادہ پسندہے۔
اکیسویں صدی میں دنیاجیسے جیسے گلوبلائزہوتی گئی اورمادی ترقی بڑھتی گئی توساتھ ہی انسانی حقوق کے خدشات نے بھی عالمی جگہ لے لی جس میں با لخصوص ناپاک سیاسی عزائم کی تکمیل اورقومی مفادکی خاطرانسان نسل پرستانہ وشدت پسندانہ نظریات کی بھینٹ چڑھ گیااورنسلی بنیادوں پرانسانی استحصال ونسل کشی اورانسانی حقوق کی پامالی میں مودی سرکارنے ایسابھیانک ریکارڈقائم کیاہے کہ وراثت میں آئندہ نسلوں کیلئے تاریخی شرمندگی کاخاصاسامان چھوڑکرجائے گی۔ انتہا پسندانہ نظریات کی حامل شخصیات واربابِ اقتدارنے انسان دشمنی کوفروغ دیتے ہوئے انسانی حقوق کی پامالی میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھی یہاں تک کہ عصرِحاضر کے نام نہادداعی امن ممالک اورجمہوریت پسندریاستیں انسانیت سے ایسا برتاؤ دیکھ کربھی بالکل خفت محسوس نہیں کرتیں اوریہ تلخ حقیقت ہے کہ اب عالمی ہیومن رائٹس واچ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق جمہوریت کاخودساختہ علمبرداراورانسانی حقوق پرمصنوعی راگ الاپنے والابھارت اب عدمِ تحفظ کے لحاظ سے صفِ اول میں قراردیاگیاہے۔
اقلیتوں کے حقوق ہوں یابھارت میں دیگربسنے والوں کے حقوق،ہندوبنیااپنے نسل پرستانہ اورانتہا پسندانہ نظریات کی تقلیدمیں انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ہمیشہ ناکام رہاہے-اسی ضمن میں توجہ طلب بات یہ ہے کہ بھارت میں بالخصوص مسلمانوں پر جومظالم ڈھائے جارہے ہیں اوران کی شناخت ختم کرنے کیلئے جوناپاک اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس سے یہ خدشہ جنم لیتا ہے کہ مسلمانوں کیلئے بھارت ایک اوراندلس بننے جارہاہے۔ اشوکاکی روح تویقیناتڑپتی ہوگی جب بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کی پامالی،عدمِ تحفظ اور نام نہادداعی امن ریاست(بھارت)کی انسان دشمنی وانتہاپسندی دنیاکے سامنے عیاں ہوتی چلی جارہی ہے جس سے بخوبی اندازہ ہوتاہے کہ سیکولربھارت ہندونیشنلزم اورہندو بالا دستی کوفروغ دینے کی خاطرکس قدرمکارہتھکنڈے اپنارہاہے۔جب سے انڈیااوراسرائیل میں محبت کی پینگیں بڑھی ہیں اورامریکاسرکارکی پشت پناہی سے بے لگام ہواہے،اس نے بھی موساد کی طرح اپنی خفیہ ایجنسی”را”کوبیرونی ممالک میں اپنے مخالفین کوقتل کرنے کاسلسلہ شروع کردیاہے۔ اس سلسلے میں کینیڈامیں سکھ رہنماہردیپ سنگھ نجرکے قتل اورکینیڈاکے وزیراعظم جسٹن ٹروڈوکی جانب سے ممکنہ طورپر انڈین اداروں کے ملوث ہونے کے الزام کے بعد،دونوں ملکوں میں سفارتی کشیدگی اپنی بلندترین سطح پرپہنچ چکی ہے۔نجرسنگھ کے قتل کے بعدسکھوں نے دنیابھرمیں احتجاج کیاہے۔ مظاہرے صرف کینیڈامیں ہی نہیں ہوئے بلکہ دنیاکے مختلف ممالک میں جہاں سکھ برادری کی تھوڑی بہت تعدادموجودہے،وہاں خالصتان تحریک کے رہنماہردیپ سنگھ نجرکے قتل پرغم وغصہ کا اظہارکیاگیا۔اب ایسی ہی صدائیں امریکاسے آناشرع ہوگئیں ہیں اورامریکانے بھی کھلے لفظوں نہ صرف کینیڈاکی حمایت کی ہے بلکہ اپنے ہاں بھی”را”کی کارروائیوں کو نکیل ڈالنے کوکہاہے۔خودامریکی سیاستدانوں نے برملایہ کہناشروع کردیاہے کہ خطے میں تمام امریکی انڈوں کوانڈین ٹوکری میں رکھناکس قدرخطرناک ہوسکتاہے۔
فرانسسکوکیپوٹرٹی جواقوامِ متحدہ میں امتیازی(جیسے نسلی،لسانی،مذہبی)کی روک تھام اوراقلیتوں کے تحفظ کیلئے بنائے گئے سب کمیشن کے خصوصی رپورٹررہ چکے ہیں۔1977میں انہوں نے اقلیت کی یہ تعریف پیش کی کہ:ایساگروہ جوکسی ریاست میں اس کی کل آبادی کی نسبت عددی طورپرکم ترہو،غیرغلبہ کی پوزیشن میں ہو،جس کے افرادریاست کے شہری ہوتے ہوئے ریاست کی باقی آبادی کی نسبت مختلف نسلی،مذہبی یالسانی خصوصیات رکھتے ہوں اوراگرصرف اپنی ثقافت، روایات،مذہب یازبان کے تحفط کیلئے واضح طورپریکجہتی کا احساس ظاہرکریں۔ معروف امریکی مصنف جوئل آرپروس اقلیت کی جداگانہ حیثیت پربحث کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ اقلیتی گروہ کی جداگانہ حیثیت سے مرادیہ ہے کہ معاشرے میں اس گروہ کے غلبے کی کمی ہو-ضروری نہیں کہ اس گروہ کی حیثیت کل آبادی کے نصف سے بھی کم ہو۔اگراقلیتوں کی بات کی جائے تواس وقت بھارت میں مسلمان،عیسائی،سکھ اوربدھ مت جیسی مذہبی اقلیتیں بستی ہیں جواپنے جان ومال کے تحفظ اورمذہبی آزادی کیلئے ہندوبنیے کے رحم وکرم پرہیں۔سرکاری اعدادوشمارکے مطابق بھارت میں اقلیتوں کی تعداد(مسلم 18.2 فیصد ) ،(عیسائی2.3فیصد)،(سکھ1.7فیصد)اور(بدھ مت0.7فیصد)ہیں۔
تاریخی تناظرمیں دیکھاجائے توتقسیم ہند(1947)کے بعدبھارتی قیادت نے اقلیتوں کااعتمادجیتنے کیلئے وقتی طورنعرہ بلندکیا کہ ہندوستان ایک سیکولرریاست ہوگی جس میں ہندو، مسلمانوں،سکھوں،عیسائیوں اوردیگرمذاہب کے لوگوں کویکساں حقوق حاصل ہوں گے لیکن ایساعملی طورپرہندستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوااوراقلیتوں کوہمیشہ انتہاپسندہندوؤں کی طرف سے ظلم وجبراورامتیازی سلوک کاسامناکرناپڑااورانہیں مجبورکیاگیاکہ وہ ہندوبالادستی قبول کرلیں-ایسے ہی جیسے تاریخ میں اندلس کے مسلمانوں کے ساتھ ظلم کیاگیااور انہیں مجبورکیاگیاکہ وہ تین میں سے ایک آپشن قبول کرلیں(1)عیسائیت قبول کر لیں(2) ہجرت کرجائیں(3)قتلِ عام کیلئے تیارہوجائیں-موجودہ ہندوستان میں بھی اقلیتیں بالخصوص مسلمان کچھ اسی طرح کی صورتحال سے دوچاراپنے حقوق سے محروم بے دست وپازندگی گزارنے پرمجبورہیں۔بھارت میں اقلیتوں کومذہبی آزادی کا نہ ملنا،حقِ رائے دہی کانہ ملنا،انصاف کانہ ملنا،بنیادی حقوق(صحت،تعلیم،رہن سہن)سے محرومی،غربت،بیروزگاری، تشدد، دہشتگردی وانتہاپسندی جیسے مسائل کاسامناہے جس کے خاتمے کیلئے بھارتی حکومت انتہائی غیر سنجیدہ،نسلی تعصب کی بناپراقلیتوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے اورخودکواشوکاکی وارث بھی کہہ رہی ہے۔
معروف بھارتی مصنفہ ارون دتی رائے نے23دسمبر2015کوبمبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھاکہ بھارت میں اقلیتیں خوف کے ماحول میں رہ رہی ہیں اورتشددپرستی کے بڑھتے ہوئے جارحانہ رویوں کوعدم روداریکے چھوٹے سے نام میں موسوم نہیں کیاجاسکتا۔یونائیٹڈ اسٹیٹ کے بین الاقوامی مذہبی آزادی کمیشن(یوایس سی آرآئی ایف)کی سالانہ رپورٹ کے مطابق آخری عشرے سے ہندوقومیت پسند گروہوں کی کثیرالجہتی مہم کی وجہ سے اقلیتوں کے حالات بگڑگئے ہیں-مذہبی اقلیتیں)تشدداورغنڈہ گری سے لیکر،سیاسی طاقت کے خاتمے،حقِ رائے دہی سے محرومی اوراختلافی پن جیسے مسائل کاسامناکررہی ہیں مثلاً مزید اقلیتوں کوہندوبالادستی قبول کرنے کیلئے مجبورکیاجانابھی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے-اطلاعات کے مطابق دسمبر2014میںآگرہ(اترپردیش)میں عوامی اجتماع میں سینکڑوں مسلمان جبری طورپرہندوازم میں تبدیل کیے گئے اورآج بھی مذہبی تبدیلی کیلئے تشدد کایہ نارواسلوک جاری ہے۔
بھارت میں اقلیتوں کیلئے باقاعدہ قوانین موجودہونے کے باجودوہ اپنے حقوق سے محروم ہیں جس کی بڑی وجہ اس قانون کابرائے نام(لاگونہ ہونا)ہے۔مثلاًاقلیتوں کے تعلیمی حق سے متعلق انڈین آئین آرٹیکل30کے مطابق ”ریاست تمام اقلیتوں کوخواہ وہ مذہبی ہوں یالسانی،انہیں اپنی پسند کے تعلیمی ادارے قائم کرنے کاحق حاصل ہوگااورریاست تعلیمی اداروں کوامدادفراہم کرنے میں کسی بھی اقلیت کے زیرِانتظام تعلیمی ادارے سے کوئی امتیازی سلوک نہیں کرے گی”۔لیکن بدقسمتی سے اس کے باوجوداقلیتوں کے بیشترافراداپنے تعلیمی حق سے محروم ناخواندگی کی زندگی گزاررہے ہیں-اگربالفرض کہیں تعلیم دی بھی جاتی ہے توصرف ہندومت کی اورپورانصابِ تعلیم ہندومذہب کے گردگھومتاہے جوفی الحقیقت اقلیتوں(بالخصوص مسلمانوں کی)تہذیب وثقافت ختم کرنے کیلئے ایک چال ہے-یہ اس طرف اشارہ ہے کہ مسلمان تیارہوجائیں ان کے آثارمٹائے جارہے ہیں جس طرح تاریخ میں مسلمانانِ اندلس کے ساتھ کیاگیابعین وہی بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ کیاجارہاہے۔اسی طرح اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی اوران کیلئے غیرمؤثرقانونی نظام کاغیرمبہم اظہارہمیں درج ذیل سطورمیں بھی ملتاہے۔
بھارتی حکومت اکثرقومی اورریاستی دونوں سطح پرمذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنے کیے گئے آئینی وعدوں کونظراندازکرتی ہے-قومی اورریاستی قوانین اقلیتوں کی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کیلئے کھلم کھلا استعمال ہوتے ہیں۔ بی جے پی،کانگریس پارٹی اور(بھارتی عوامی پارٹی)کی زیرِقیادت حکومتوں کے تحت مذہبی اقلیتی برادریوں اوردلتوں کو امتیازاورظلم وستم کاسامناہے جس کی وجہ حدسے زیادہ توسیع یاغیرواضح قوانین،غیرمثرفوجداری نظامِ انصاف اورقانونی تسلسل کافقدان ہے-بالخصوص2014سے،نفرت انگیز جرائم،سماجی بائیکاٹ،حملوں اورجبری تبدیلی میں خطرناک حدتک اضافہ ہواہے۔
مودی سرکاکی تعصبانہ پالیسیوں کے باعث اس ریاست کے آزاداورخودمختارادارے بھی اقلیتوں کے خلاف متعصب ہوگئے ہیں اوریہ کہنابے جانہ ہوگاکہ مودی سرکارفاشسٹ ہٹلر اورمسولینی سے بھی بدترنظام کی بگڑی ہوئی شکل ہے۔مودی سرکار اوران کے وزرا بالکل ہٹلرکی مانند ہیں-اپنی پارٹی کے منشوراورملک کے دستوراورجمہوریت سے ان کا دوردورتک کوئی واسطہ نہیں-ملک میں بسنے والی اقلیتوں سے وہ ہٹلرجیساسلوک کرتے ہیں،جس طرح ہٹلرصرف جرمن قوم کواعلیٰ سمجھتا تھااسی طریقے سے مودی سرکارہندوؤں کواعلی سمجھتے ہوئے اقلیتوں پراوچھے،غیراخلاقی اورغیر انسانی حربے استعمال کررہی ہے۔
آپ شاہراہِ ریشم پرسفرکریں آپ کوراستے میں آج بھی اشوک کے کتبے نظرآئیں گے۔ہزاروں سال بعدآج بھی ہندوستان میں اشوک کے کھدوائے کنوئیں اورسڑکیں موجود ہیں ۔ یہ سڑکیں،یہ کنوئیں اوریہ کتبے آج بھی چیخ چیخ کرمودی سرکارکے متعصب چہرے پرزناٹے دارتھپڑرسیدکررہے ہیں۔یہ درست ہے لیکن جن پراحسان کئے گئے ہوں ان کی نسلیں تک اپنے محسنوں کویادرکھتی ہیں۔اہل سندھ آج بھی محمدبن قاسم کی یادمناتے ہیں اوریہ آج بھی محمدبن قاسم کی تصویرکی طرف پشت نہیں کرتی۔لیکن خودکوانسانیت کی چیمپئن کہلانے والوں کے ملک امریکاکایہ حال ہے کہ وہاں ورمونٹ کے شہربرلنگٹن میں 24نومبر2023کو”امریکن تھینکس گیونگ ویک اینڈ”پرتین فلسطینی نژادامریکی طالب علموں (شام آوارتانی،کنان عبدالحمید اورتحسین علی احمد)کو گولی مارکرشہیدکردیاگیاہے۔تعصب کایہ عالم ہے کہ اوبامادورکے سابق مشیرسٹیورٹ سیلڈووٹزنے سوشل میڈیاپروائرل ویڈیو میں اپنی شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے واشگاف الفاظ مسلم مخالف نفرت انگیزگفتگو کرتے ہوئے کہا:اگرہم نے چارہزارفلسطینی بچوں کاقتل کیاتویہ کافی نہیں۔
میرے رب کافرمان ہے:اس روز لوگ متفرق حالت میں پلٹیں گے تاکہ ان کے اعمال ان کودکھائیں جائیں اورپھرجس نے ذرہ برابرنیکی کی ہوگی وہ اس کودیکھ لے گااورجس نے ذرہ برابربدی کی ہوگی،وہ اس کودیکھ لے گا”۔محسنوں کوکوئی نہیں بھولتا،صرف ہٹلرمسولینی،نیتن یاہواوراب مودی کے نام ایسے ہیں جن کوتاریخ نفرت کیلئے محفوظ رکھے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


متعلقہ خبریں


مضامین
کشمیری انصاف کے منتظر وجود اتوار 24 نومبر 2024
کشمیری انصاف کے منتظر

غموں کا پہاڑ وجود اتوار 24 نومبر 2024
غموں کا پہاڑ

منافقت کے پردے اور مصلحت کی دُکانیں وجود اتوار 24 نومبر 2024
منافقت کے پردے اور مصلحت کی دُکانیں

کیا امریکا کے دن گزر چکے ہیں؟ وجود اتوار 24 نومبر 2024
کیا امریکا کے دن گزر چکے ہیں؟

33سالوں میں909 کشمیری بچوں کی شہادت وجود هفته 23 نومبر 2024
33سالوں میں909 کشمیری بچوں کی شہادت

اشتہار

تجزیے
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ وجود بدھ 01 مئی 2024
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ وجود منگل 27 فروری 2024
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ

ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے! وجود هفته 24 فروری 2024
ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے!

اشتہار

دین و تاریخ
مجاہدہ، تزکیہ نفس کا ذریعہ وجود جمعه 22 نومبر 2024
مجاہدہ، تزکیہ نفس کا ذریعہ

حقیقتِ تصوف وجود جمعه 01 نومبر 2024
حقیقتِ تصوف

معلم انسانیت مربی خلائق وجود بدھ 25 ستمبر 2024
معلم انسانیت مربی خلائق
تہذیبی جنگ
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی وجود اتوار 19 نومبر 2023
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت

سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے وجود منگل 15 اگست 2023
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے
بھارت
بھارتی ایئر لائن کا طیارہ بم سے اڑانے کی دھمکی وجود جمعرات 22 اگست 2024
بھارتی ایئر لائن کا طیارہ بم سے اڑانے کی دھمکی

بھارت میں روزانہ 86 خواتین کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف وجود بدھ 21 اگست 2024
بھارت میں روزانہ 86 خواتین کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف

قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا وجود پیر 11 دسمبر 2023
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی وجود پیر 11 دسمبر 2023
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی
افغانستان
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے وجود بدھ 11 اکتوبر 2023
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے

افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں وجود اتوار 08 اکتوبر 2023
افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں

طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا وجود بدھ 23 اگست 2023
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا
شخصیات
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے وجود اتوار 04 فروری 2024
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے

عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے
ادبیات
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر وجود پیر 04 دسمبر 2023
سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر

مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر وجود پیر 25 ستمبر 2023
مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر