... loading ...
سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران پیش رفت نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بازیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں 2 لڑکیوں سمیت 14 لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔دورانِ سماعت لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق پیش رفت نہ ہونے پر سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ، جے آئی ٹیز اور دیگر سے رپورٹس طلب کر لیں۔ سماعت کے دوران عدالت نے ہدایت کی کہ جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس لاپتہ افراد سے متعلق دوبارہ اجلاس کریں۔ سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی نئی درخواستوں میں گمشدگی کے مقدمات درج کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو متعلقہ تھانوں سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ پولیس مقدمات کا اندارج کر کے شہریوں کی داد رسی کرے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران لاپتہ علیشاہ، غفور، ادریس، افشاں، عظیم، داد شاہ، دھانی بخش، دلدار علی کی بازیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا بھی حکم دیا۔