... loading ...
سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ہوا۔ فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام ججز نے شرکت کی۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی فل کورٹ سماعت کی عدالتی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کے معاملے پر فل کورٹ اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔عدالتی کارروائی براہِ راست دکھانے کے لیے 5 کیمرے کمرہ عدالت نمبر 1 میں جبکہ 4 کیمرے وزیٹرز گیلری میں لگائے گئے ہیں۔ایک کیمرہ ججز ڈائس کے سامنے وکلا کے روسٹرم کے لیے نصب کیا گیا ہے۔ اجلاس سے قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں پہلے دن فل کورٹ میٹنگ کا 4 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا تھا۔ زیرِ التوا مقدمات اور ترجیحی بنیادوں پر سماعت کے لیے مقدمات کا انتخاب ایجنڈے میں شامل تھا۔ عوامی مفاد کے مقدمات کی کارروائی ٹیلی کاسٹ کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا۔ مقدمات کی موثر سماعت کے لیے رہنما اصول مرتب کرنے پر مشاورت اس ایجنڈے کا حصہ تھی۔