... loading ...
ریاض احمدچودھری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غربت اور مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی کے بل قیامت بن کر ٹوٹ رہے ہیں، کسی کو کچھ خیال نہیں کہ بجلی جیسی اشد ضرورت کی شے کو کم سے کم استعمال کرنے والے بھی بھاری بلوں کا بوجھ کیوں اٹھائیں؟ محدود آمدنی والے طبقے کے لیے صرف بجلی کے بل کی ادائیگی جان کا روگ بن گئی ہے۔پہلے یہ ہوتا تھا کہ 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو کچھ ریلیف مل جاتا تھا مگر اب ایف پی اے سرچارج کا عذاب اْن پر بھی نازل ہوتا ہے اور اْن کے بجلی بل سے زیادہ ایف پی اے سرچارج کی رقم درج ہوتی ہے۔نیپرا ہر مہینے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی کا ریٹ بڑھا دیتا ہے۔
اب تو واپڈا کی طرف سے نیا سلیب سسٹم عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکومت نے بجلی مہنگی کرنیکے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین کے بلوں پر دیا جانے والا ون سلیب بینیفٹ بھی ختم کردیا جس سے شہریوں کو بھاری بل موصول ہو رہے ہیں۔ پہلے بجلی تقسیم کار کمپنیاں گھریلو صارفین کا بجلی بل ون سلیب بینیفٹ کی بنیاد پر بھیجتی تھیں، یعنی اگر کسی صارف نے ایک ماہ میں 350 یونٹ بجلی استعمال کیے تو اس سے ایک سے 300 یونٹ تک کا ایک ریٹ اور اوپرکے 50 یونٹ کا 301 سے 400 یونٹ والا الگ ریٹ لگتا تھا۔اب اَن پروٹیکٹڈ صارفین پر استعمال ہونے والی بجلی پر آخر ی استعمال شدہ یونٹ کا ریٹ ہی لگے گا یعنی اب 350 یونٹ کے استعمال پر 301سے 400 یونٹ تک کے سلیب کا ریٹ لگے گا۔
اس قوم کو بیوقوف بنانے کا ایسا فارمولا جس پر آج تک کسی کا خیال نہیں گیا عوام ازل سے لٹ رہی ہے اور نوٹس کوئی نہیں لیتاسوئی نادرن گیس اور بجلی کمپنیوں نے عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ سلیب ریٹ متعارف کروا دیاسلیب (1) 272 روپے ،سلیب (2) 1257 روپے،سلیب (3)4570 روپے سلیب (4)9125 روپے ،سلیب (5) 18227 روپے سلیب (6) ،18290روپے پہلے سلیب ریٹ اور دوسرے میں فرق 1000 روپے کا ہے دوسرے سے تیسرے میں فرق 3300 روپے کا ہے تیسرے سلیب اور چوتھے کا فرق 9000 روپے کا ہے۔صرف ایک دن ریڈنگ لیٹ لینے سے بل 272 سے 1257 ہو سکتا ہے۔
سلیب کیا ہوتا ہے؟ سلیب دھوکہ اور ظلم ہے آپ گاڑی میں پٹرول ڈلواتے ہیں تو کبھی ایسے ہوا ایک لیٹر100روپے فی لیٹر اگر دو لیٹر 1100 روپے فی لیٹرتین لیٹر 3300 روپے فی لیٹر۔خدا کے لیے اگر آپ لوگ بھارت کی طرح بجلی فری نھیں کر سکتے تو ہم پر یہ ظلم بھی نہیں کریںبس صرف ہم پر اتنی مہربانی کریں۔ جتنے یونٹ اتنا بل ہونا چاہئے۔کے ای اور واپڈا والے 300 یونٹ کا بل 3300 بمعہ ٹیکس اور 301 یونٹ کا 4400 بمعہ ٹیکس کیا ایک یونٹ زیادہ صرف کرنے سے1100 روپے کا فرق ؟کیا آپ نے کبھی 5 لیٹر کوکنگ آئل لیا تو 1000 کا اور 6 لیٹر 20000 کا۔۔
چیف جسٹس ،آرمی چیف ،وزیراعظم اور بجلی پانی کے وزیر اپنی غریب عوام کے بارے میں بھی سوچیں مہنگائی کم نہ کریں لیکن زیادتی بھی تو نہ کریں۔تمام وکیل قانونی ماھر ڈاکٹرز ، انجینئرز ، سول سرونٹس ، بینک اسٹاف، پولیس سول سوسائٹی ، سیاسی و سماجی اکابرین اس بہت اھم مسئلے پر آواز بلند کریںاور قانونی طور پر اس ظلم کو ختم کرنے کے لیے متعلقہ انتظامی حکام اور ہائی کورٹ سپریم کورٹ میں کیس داخل کریں اپنے اپنے اختیارات اور طاقت کو اس بہت اھم عوامی مسئلے پر صرف کریں۔
ستم ظریفی تو یہ ہے کہ دس ، پندرہ ہزار تنخواہ والے سے بل لیا جا رہا ہے ۔ واپڈا ملازمین کو بجلی مفت ہے ، کیا مفت بجلی ختم کرنے کیلئے وزارت نے کوئی سفارش کی ہے؟سیکریٹری توانائی نے بتایا کہ 80 لاکھ صارفین حکومت سے بجلی پر سبسڈی لے رہے ہیں۔ ایک سال میں پاور سسٹم نے 1100 ارب روپے کا نقصان کیا۔ اگلے سال نقصان دو کھرب روپے کا ہوگااور اس نقصان کی سب سے بڑی وجہ ریکوری نہ ہونا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پہلے وزراء ، مشیران، سینٹیرز، اراکین اسمبلی، بیورو کریٹس اور ٹیکس چوروں سے سہولتیں اور مراعات واپس لے تاکہ غریب عوام جو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں ان کی کسی حد تک اشک شوئی ہو سکے اور جو لوگ خودکشی کر رہے ہیں ان میں زندہ رہنے کی امید جاگے۔
٭٭٭