... loading ...
عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے الزام میں 8 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی عدالت کی جانب سے 14.31 ملین ڈالرز کے ٹیکس فراڈ کے مقدمے کی سماعت کیلئے گلوکارہ شکیرا کو کچھ قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔ شکیرا نے ٹیکس فراڈ کیس کو حل کرنے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا اور اب اْنہیں عدالت میں اس کیس کی سماعت کا سامنا کرنا پڑے گا جہاں انہیں 8 سال قید کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے اس مقدمے پر کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دے دی تاہم ابھی کیس کی سماعت کے لیے تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔ اس حوالے سے گلوکارہ کے وکیل نے بتایا کہ عدالت کی جانب سے اس مقدمے پر سماعت کی اجازت دینا صرف اس مقدمے میں کارروائی کا ایک قدم آگے بڑھنا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور سب کچھ معمول کے مطابق ہی ہو رہا ہے اور گلوکارہ کے وکیل مناسب وقت پر اپنے تحریری دلائل پیش کرکے اپنا کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شکیرا کو یقین ہے کہ اس مقدمے کی سماعت کے اختتام تک ان کی بے گناہی ثابت ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ گلوکارہ شکیرا پر سال 2012ء سے 2014ء کے درمیان کمائی جانے والی آمدنی پر 14.5 ملین یورو ٹیکس کی عدم ادائیگی کا الزام عائد ہے۔