... loading ...
قازقستان بظاہر وسطی ایشیا کامعاشی لحاظ سے مستحکم اور خوشحال ملک ہے کیونکہ اُس کے پاس تیل وگیس وغیرہ کے وسیع زخائر ہیں لیکن دو جنوری کو پیٹرول اور ایل پی جی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج پانچ جنوری تک پُر تشددہوگیا جس نے جلدہی دارالحکومت الماتے سمیت پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں میں جابجا دوبدو لڑائی بھی ہوئی جس کے دوران دو سو افراد ہلاک اور ہزاروںزخمی بھی ہوئے مظاہروں میں حصہ لینے ،سرکاری املاک لوٹنے اور آگ لگانے کے جرم میں اب تک دس ہزار افراد گرفتار ہیںملک میں کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر صدر قاسم جومارت توقائف نے سب سے پہلا کام تو یہ کیا کہ مظاہروں پر قابوں پانے کے لیے روس سے مدد طلب کی دوسرا دارلحکومت الماتے سمیت مظاہروں کے مراکز شہروں میں سترہ جنوری تک ایمرجنسی لگا دی ایمرجنسی لگنے کے چند گھنٹوں بعد ہی وزیرِ اعظم عسکرمامن مستعفی ہونے پر عبوری کابینہ تشکیل دیدی ایک ہفتہ سے زائد جاری رہنے والے مظاہروں کو کچلنے کے بعد ہونے والے نقصان پر سوگ بھی منایا جاچکا صدر قاسم کہتے ہیں کہ حکومت گرانے کے لیے مظاہرے ہوئے نیزمسلح عسکریت پسند مظاہرین میں شامل ہونے کے انتظار میں تھے لیکن بروقت اقدامات سے بے چینی پر قابو پا یاجاچکا مگرکیابات اتنی سادہ ہے جس طرح بیان کی جا رہی ہے؟ایسا نہیں۔ کیونکہ صرف حکومت گرانامقصود ہوتا تو مظاہرے شدت پکڑتے ہی حکومت تومستعفی ہو گئی تھی جس کے بعد احتجاج جاری رکھنے کا جوازنہیں تھا مظاہرے برقرار رہنے کی اصل وجہ ملک میں کرپشن کا ناسور اور نورسلطان نذربائیوف کی حکومتی امورمیں بے جا مداخلت ہے۔
نور سلطان نذر بائیوف اور اُن کے اہلِ خانہ پر کرپشن ، اقربا پروری اور حکومتی امور میں مداخلت کے سنگین الزامات ہیں پیٹرول اور ایل پی جی کے نرخوں میں اضافہ تو محض بہانہ تھا اسی لیے کابینہ سمیت وزیراعظم کے استعفے کے باوجود احتجاج جاری رہااور غصے و نفرت سے مغلوب مظاہرین لوٹ مار اور املاک نذرِ آتش کرنے کی طرف آئے مظاہرے ختم ہونے کے بعد جائزہ لیں کہ کیا مظاہرین کے مطالبات پورے ہوئے؟ ایسا کچھ نہیں ہوابلکہ روسی دستوں کی آمد اور انتباہ کے بغیر گولی چلانے کے احکامات جاری ہونے پر مظاہرین پسپا ہوئے مگراب سوال یہ ہے کہ کیا قازقستان متوازن خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرلے گا؟ سوال کی وجہ یہ ہے کہ تیس برس قبل سوویت یونین سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے آزادملک کے طور پرقازقستان نے جب دنیا سے تعلقات کا آغاز کیا توابتدا میںآزاد خارجہ پالیسی کا تاثر دیا بیرونی تعلقات میں توازن رکھنے پر آمادہ کرنے کے لیے ہی امریکی وزیرِ خارجہ جیمز بیکربھاگم بھاگ دورے پر آئے اور قازق رہنما نورسلطان نذربائیوف کے ساتھ ووڈکاکے جام پی کر مضبوط اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا عزم ظاہرکیاظاہرہے مقصد روس سے آزادی حاصل کرنے والی ریاستوں سے تعلقات بنا کر سابق سُپر پاور کے قریب موجودگی یقینی بنانے کے ساتھ معاشی اورتجارتی مفادات حاصل کرنا تھا اسی تناظر میں امریکی صدر نے ایک بار نور سلطان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہمارا ملک آپ کے ملک کوفخریہ اپنا دوست کہتا ہے آزادی کے وقت قازقستان کی اہمیت کی ایک وجہ یہ تھی کہ اُس کے پاس کافی ایٹمی ہتھیار تھے جودنیاکا چوتھا بڑاذخیرہ تھے جواب تلف کر دیئے گئے ہیں اسی دوران تیل کی صنعت کی ترقی کے لیے قازقستان نے کئی امریکی کمپنیوں سے معاہدے کیے لیکن اب صورتحال بدل رہی ہے اور کسی بھی چیلنج یا بحران کے ایام میں وسطی ایشیائی ریاستیں روس کی طرف دیکھتیںاور امریکاکو قابلِ بھروسہ دوست نہیں سمجھتیں مظاہروں پر قابو پانے کے لیے قازق صدر کا روس کو دعوت دینا اِس خیال کوتقویت دیتاہے۔
امریکہ اور مغربی ممالک سے روس کے بڑھتے تنائو کے باوجود صدر ولادیمرپوٹن نے قازقستان میں عوامی بے چینی ختم کر نے کے لیے فوج روانہ کی جس سے یہ تاثر مزید گہرا ہوا کہ اول وسطی ایشیائی ریاستوں کی علیحدگی کے باوجود خطے میں وہ کسی اور عالمی طاقت کو مداخلت کا موقع نہیں دینا چاہتے مگرخود قابلِ بھروسہ دوستوں کو نظم و نسق برقرار رکھنے میں فوری مدد فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں دوم انسانی حقوق کی آڑ میں دبانے سے امریکہ اور مغرب دوستوں سے محروم ہوتے جارہے ہمسایہ ریاستوں آرمینیا،بیلا روس اور یوکرائن میں روسی مداخلت عیاں حقیقت ہے اسی لیے امریکاسے کئی دوطرفہ معاہدوں کے باوجود قازقستان نے بحران میں اُسے نظرانداز کرتے ہوئے ہمسایہ ملک روس کی طرف دیکھااور مدد طلب کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وسطی ایشیا میں روسی اہمیت ومداخلت مسلمہ ہے ۔
روسی اور امریکی صدور گفتگو کے دوران ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے چکے پھربھی قازقستان بحران میں مدد کے لیے روس کا پچیس سو فوجی بھیجنا ثابت کرتا ہے کہ پیوٹن پُر اعتماد اور اپنے ایجنڈے پر کاربندہیں انھوں نے اگست2020میں ہمسایہ ملک بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکوکے خلاف عوامی مظاہروں کوکچلنے کے لیے نہ صرف مدد کی پیشکش کی بلکہ سفارتی حوالے سے مغربی ممالک کے دبائو کے خلاف لوکا شینکو کے ساتھ کھڑے نظر آئے آزربائیجان اورآرمینیامیں جاری جنگ روکنے کے لیے فوجی دستے بھیجے یوکرائن کی سرحد پر ایک لاکھ فوجی تعینات کرکے نیٹو کو دبائو میں لا چکے ہیں یوکرائن پر حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے کے باوجود بحران زدہ علاقوں میں روسی مداخلت بڑھنے سے صاف ظاہر ہے کہ خطے میں پیوٹن اپنے ایجنڈے کے سواکچھ دیکھنا ہی نہیں چاہتے۔
عوامی بے چینی کچلنے کے لیے روس نے ایسے پچیس سو فوجی قازقستان بھیجے جو ا سپیشل آپریشنز کی شہرت رکھنے والی اُس پینتالیسویں برگیڈ سے تعلق رکھتے ہیںجس نے چیچنیا میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران بے رحمی اور بے دردی سے روس کے خلاف جاری عوامی شورش کو ٹھکانے لگا یا 2008میںجارجیا کے علاقے اوستیہ میں بھی یہی بریگیڈ متحرک رہی 2014میںکریمیاکو روس میں ضم کرنے میں بھی اسی بریگیڈ کاکلیدی کردارہے عام خیال یہ ہے کہ شام میں بھی اسی بریگیڈ کے دستے سرگرم ہیں آزادی حاصل کرنے والی ریاستوں کے حکمرانوںکودوبارہ روسی تسلط میں لانے اور کنڑول کاکام بھی پیوٹن اسی بریگیڈ کوسونپ رہے ہیں قازقستان مظاہروں میں امریکا اور مغرب فاصلے پر نظر آئے مگر بروقت مدد سے روسی دوستوں کی تعداد میں ایک اور دوست کا اضافہ ضرور ہوگیا ہے البتہ سویڈن اور فن لینڈ جیسے ممالک روسی مداخلت کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے نیٹو کی طرف جا سکتے ہیں لیکن یہ کیا کم ہے کہ دھمکیوں کے باوجود پوٹن اپنے ایجنڈے پر ثابت قدم ہیں پوٹن کے بروقت فیصلوں سے وسطی ایشیائی ریاستیں امریکہ سے دور ہوتی جارہی ہیں کیونکہ فوجی امداد سے پوٹن علاقے کے ایک ناگزیر محافظ کے طور پر سامنے آئے ہیں جس کافائدہ روس مراعات کی صورت میں ملے گا مزید برآں یہ کہ وسطی ایشیائی ممالک کوخطے سے باہر عالمی طاقتوں سے تعلقات میں توازن رکھنے کی پالیسی روس کے حق میں کرنے کی ترغیب ملے گی۔
مظاہرے کچلنے اورعلیخان اسماعیلوف کے وزیرِ اعظم بننے کے بعد روسی دستوں کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں رہا صدر قاسم جومارت نے عوام سے نشری خطاب میں روسی فوجی اتحاد کا مشن مکمل ہونے کی بات کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ دوروزتک فوجی انخلا شروع ہوکر دس دن میں پایہ تکمیل کوپہنچ جائے گا مگر روس کی تاریخ بتاتی ہے کہ جہاں وہ جاتا ہے مکمل طور پر رخصت ہونے کی بجائے کسی نہ کسی شکل میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے صدر پیوٹن کاقازقستان کو بین الاقوامی دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی بات کرنا اسی جانب اشارہ ہے نیز یہ کہنا کہ وہ خطے میں کسی انقلاب کو رونمانہیں ہونے دیں گے اور شورش کو رفع کرنے کے لیے بھیجی فوج محدود وقت تک قیام کرے گی سے کیا یہ ثابت نہیں ہوتا کہ قازقستان مظاہروں سے عوام کے بھلے کی بجائے اِس اہم ملک میں محض روسی مداخلت کا جواز پیدا ہو ہے؟ ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔