وجود

... loading ...

وجود

کون اس رنگ سے جامہ سے ہوا تھا باہر

پیر 04 اکتوبر 2021 کون اس رنگ سے جامہ سے ہوا تھا باہر

کھیل ابھی ختم نہیں ہوا! زبیر عمر تاریخ کے بہاؤ میں ہے۔ فطرت کے ابدی قوانین جہاں لاگو ہوتے ہیں۔ گاہے مکافات عمل بھی!!
انسان اپنی قوت اگر خود سے کشید نہ کرتا ہو، تو بساطِ حیات پر اُسے’ مہرے’ کی حیثیت قبول کرنا پڑتی ہے۔مہرہ ، فرزیںکاکردار ادا کرنا چاہے، تو آپے میں نہیں رہتا،جامے سے باہر دکھائی پڑتا ہے۔ زبیر عمر بھی دکھائی دیے۔وہ اپنے ‘مقام’ کا درست تعین نہ کرسکے۔ وہ جو کچھ بھی ہے، شاطر کی ”عنایت ” سے ہے، اپنے دم قدم سے نہیں۔ ایسے لوگوں کو اپنے نامۂ اعمال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دریدہ عفتوں کی برہنگی کو نوچنے والے ہاتھوں کو مہروںکی طرح حرکت کرنا ہوتا ہے۔ یہاں تو فرزیں بھی شاطر کا ارادہ نہیں پاسکتا!! بیچارہ مہرہ کیا چیز ہے؟ علامہ اقبال نے طاقت کے کھیل کی اس بناؤٹ کو بے نقاب کیا تھا:
اس کھیل میں تعیینِ مراتب ہے ضروری
شاطر کی عنایت سے تو فرزیں، میں پیادہ
بیچارہ پیادہ تو ہے اک مہرئہ ناچیز
فرزیں سے بھی پوشیدہ ہے شاطر کا ارادہ!
انگور پکنے سے پہلے منقح بننے کی ضد نہیں کرتے۔ طلال چودھری تنظیم سازی کرتے ہوئے بے خبر رہے۔اب گمنام وادیوں میں حالت ِ دم سازی میں رہتے ہیں، کہ میں تیراچراغ ہوں جلائے جا بجھائے جا! عشق کی کیفیت میں یہ شاید وارفتگی ہے مگر طاقت کے کھیل میں یہ پیادوں کی ترتیب ہے۔ زبیر عمر تنظیم سازی سے زیادہ ترجمانی کا ”بار” رکھتے تھے۔ نواز شریف اور مریم کی” ترجمانی ”آسان کام تو نہیں۔ کم بارکر کی کتاب ” THE TALIBAN SHUFFLE” پڑھ لیں ۔ نوازشریف نوجوان امریکی خاتون صحافی کو رِجھاتے ہوئے مکالمے میں جو گدگدی کرتے ہیں، گَد بَدا کے پیشکشیں کرتے ہیں، گدھے گھوڑے کو ایک بھاؤ کرتے ہیں تو پڑھنے والا سٹپٹا جاتا ہے، یہ چراغ حسن حسرت کیا کہہ گئے:
جوانی مٹ گئی، لیکن خلش دردِ محبت کی !
جہاں معلوم ہوتی تھی، وہیں معلوم ہوتی ہے
جوانی ختم ہوجاتی ہے ، ہوس نہیں۔ بالکل جیسے طاقت کا نشہ طاقت جانے کے بعد بھی مخمور رکھتا ہے۔” شکار’ ہوس کے مارے ،” شکاری” طاقت کے مارے۔عالَم دونوں بے خودی کے ہیں۔ مگر نتائج الگ الگ۔ ایک پسِ آئینہ لحاف میںمینڈکوں کے ٹرانے کی آواز یں دباتا ہے۔ دوسرا ہاتھی کے دانت دکھاتا ہے۔پیادے کا کام ہاتھی کے پاؤں میں سب کے پاؤں والا ہوتا ہے۔مگر وہ ہاتھی کے ساتھ گناچوسنا چاہے تو منہ کو منہ آئیں گے۔ بڑے بزرگ کہہ گئے، ہاتھی کی ٹکّر ہاتھی ہی سنبھال سکتا ہے۔ زبیر عمر ہاتھی بن کر ٹکّر سنبھالنے چلے تھے،انجام دیکھیے! لحاف میں مینڈک ٹرانے لگے۔ طاقت کی گھمن گھیریوں میں یہی ہوتا ہے۔ ہوس ، طاقت کو للکارے تو ”خمار” بے قابو دھماچوکڑی کرتا ہے۔ زبیر عمر کے ساتھ بھی یہی ہوا۔ پیادہ، دوسری سمت کے فرزیں کو آنکھیں دکھائے، اور اپنی سمت کے گھوڑے کو گدھاسمجھے تو اُس پر بساط تنگ ہوجاتی ہے۔زبیر عمر کی بھی ہوگئی۔
طاقت کی کشاکش میں اصل الاصول ہدف ہوتا ہے۔اُصول اور اخلاقیات نہیں۔ بستر بدل جائے تو واردات پر رائے بھی بدل جاتی ہے۔ چیئرمین نیب کی ”سر سے پاؤں ” تک ” احتسابی کارروائی”پر مبنی ویڈیو کا ماجرا مختلف قرار پایا۔ تب طاقت کے اصل مراکز حرکت میں آئے تھے۔ چیئرمین نیب کی” دفاعی لائن” کافی مضبوط تھی۔ یقین نہ آئے تو اُن ٹی وی مالکان سے پوچھیں ، جنہیں قوت کے مدارالمہام میں زحمت دے کر ”قومی مفاد ”کا مطلب سمجھایا گیا تھا۔یہ طاقت کی مفادِ عامہ میں تشریح تھی۔پاکستان کی جدید سیاسی لغت میں مفادِ عامہ کا عامتہ الناس سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔شورش کاشمیری کے شہپر خیال نے آسمانِ طاقت کا نظارہ ذرا پہلے کرلیا تھا، قوم کے رہنماؤں کے نام دو خطوط میں الفاظ کے عملی معانی ڈھونڈے تھے، عوامی مطالبات کو کبوتروں کی غٹر غوں کہا تھا اور مفادِ عامہ کے معانی”رائے عامہ کے خلاف لیکن رائے عامہ کے نام پر” افشاء کیے تھے ۔ مگر یہ معاملے کا ایک رخ تھا۔ لکیر کے دوسری طرف ایک بھونچال تھا۔چیئرمین نیب کا23 مئی 2019 کو اسکینڈل سامنے آیا ۔شہباز شریف نے حقائق سامنے لانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس اسکینڈل کو سامنے لانے والوں میں کہیں بھی پسِ پردہ قوتوں کا نام نہیں لیا گیا ۔ پی ایم ایل این کا جماعتی موقف یہ تھا کہ چیئرمین نیب پر دباؤ میں لانے کے لیے یہ حرکت وزیراعظم ہاؤس سے کی گئی ہے۔ شاہد خاقان عباسی اپنی زُبانِ تڑاق پڑاق کویوں حرکت میں لائے تھے: ہم اپنی بات پر قائم ہیں کہ وزیراعظم نے چیئرمین نیب کا اسکینڈل اپنے دوست(طاہر اے خان) کے چینل پر چلوا کر دباؤ ڈالا۔ اگر حکومت صاف ہے تو تحقیقات کروائے ۔ میں خود تحقیقات میں پیش ہونے کے لیے تیار ہوں”۔حکومت کا ردِ عمل نہایت سپاٹ الفاظ میں تھا۔وفاقی وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا: چیئرمین نیب کے اسکینڈل کی تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں، وہ اپنا کام ایمانداری سے کررہے ہیں”۔ ایمانداری سے !!آپ کو ہنسی کیوں آتی ہے ،فروغ نسیم کہہ سکتے ہیں۔ شہر قائد میں انسانوں کے قصاب الطاف حسین کا دفاع بھی اُنہوں نے کیا تھا: نیلسن منڈیلا کے بعد اگر کوئی لیڈر ہے تو وہ الطاف حسین ہیں”۔ معلوم نہیں یہ لوگ اپنے چہرے آئینے میں کیسے دیکھ لیتے ہیں۔ پھر عوام میں آنے کی ہمت کیسے کرلیتے ہیں؟
یہ سوال اب بھی برقرار ہے کہ چیئرمین نیب کی ویڈیو سامنے لانے والے کون تھے؟ مگر یہ سوال اُن کے لیے اب بھی کوئی معنی نہیں رکھتا جو زبیر عمر کی ویڈیو پر یہ سوال اُٹھا رہے ہیں کہ ویڈیو کون سامنے لایا؟طاقت کے کھیل میں کشمکش کے اُصول اخلاقی نہیںہوتے۔ دونوں طرف دیکھیں ، دو ویڈیوز میں الگ الگ ردِ عمل، الگ الگ موقف ، الگ الگ کہانیاں، الگ الگ دفاع!!!شکاری ہو یا شکار دونوں ہی اپنے کھیل کھیلتے ہیں۔ اخلاقی اقدار اور بستر کی برہنگی کی دونوں ہی پروا نہیں کرتے۔ یقین نہ آئے تو مریم نواز کا زبیر عمر کی ویڈیو پر ردِ عمل دیکھ لیں۔
کیا یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کی کشتی کو پار لگائیں گے۔ عوام کے دکھوں کا مداوا بنیں گے جوجرائم پر فریقوں کی تقسیم میں صحیح و غلط کا حکم لگاتے ہیں۔ مسئلہ اخلاقیات نہیں، مفادات ہیں۔ شکاری ہویا شکار دونوں ایک ہی نفسیات سے بروئے کار ہیں۔
سادہ اُصول ہے کہ طاقت کے ساتھ طاقت کے اُصول پر لڑنے والے تب ہی کامیاب ہوسکتے ہیں کہ جب وہ زیادہ طاقت رکھتے ہوں۔ اس کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ۔ پھر طاقت سے لڑنے کا ایک دوسرا اُصول اخلاقی برتری ہوتا ہے۔ اپنے سے بڑی طاقت کو کسی اخلاقی اُصول سے ہی زیر کیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی سیاست اس معاملے میں بھی رذالت، خباثت اور رکاکت کی آخری مکروہ تصویر پیش کرتی ہے۔ اگر سیاست زبیر عمر ایسے لوگوں کو اپنے اندر برداشت کرتی ہے تو وہ چیئرمین نیب ایسے لوگوں کے خلاف کسی مقدمے میں سرخرو نہیں ہو سکے گی۔ طاقت کی جبری مساوات میں وہ ہمیشہ شکستہ رہے گی۔ وہی سیاست پاکستانی معاشرے میںجمہور کی محافظ بن سکے گی جو زبیر عمر اور چیئرمین نیب دونوں کو برداشت نہ کرے۔ جنہیں ویڈیوز کے آنے سے کوئی خطرہ نہ ہو، چاہے اس کا محرک کوئی بھی ہو۔ جب رہنما اپنے شب وروز پر اخلاقی پہرہ رکھیں گے تو اُنہیں کیمروں سے خطرہ ہے نہ طاقت کے کھلاڑیوں سے۔ درحقیقت اس کردار کے رہنماؤں سے طاقت کے مراکز دہلتے ہیں۔ مگر پاکستانی سیاست میں یہ کردار جنسِ نایاب ہے۔ یہاں کردار دوسرے کا اور اقتدار اپنا دیکھاجاتا ہے۔ اس کو پھر باجواز بنانے کے لیے برائے فروخت صحافت بھی مہیاہے۔ شرم یہاں کس کو آتی ہے، زبیر عمر کو بھی نہیں آتی۔ جامے کے اندر ہو یا باہر کس ڈھٹائی سے یہ عوام کے سامنے آجاتے ہیں:
کون اس رنگ سے جامہ سے ہوا تھا باہر
کس سے سیکھا تری تلوار نے عریاں ہونا
کھیل ابھی ختم نہیں ہوا! یہ جاری ہے۔بس اتنا واضح ہوا کہ بساطِ سیاست پر مہروں کی تقسیم میں اس دفعہ ویڈیوز کا بھی ایک حصہ ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭


متعلقہ خبریں


مضامین
روداد: پاکستان میں گزرے تیس دن وجود جمعه 22 نومبر 2024
روداد: پاکستان میں گزرے تیس دن

بھارتی مسلمانوں کے گھر گرانے کا عمل ماورائے قانون وجود جمعه 22 نومبر 2024
بھارتی مسلمانوں کے گھر گرانے کا عمل ماورائے قانون

ٹرمپ اور مشرق وسطیٰ: جنگ، امن یا حل؟ وجود جمعه 22 نومبر 2024
ٹرمپ اور مشرق وسطیٰ: جنگ، امن یا حل؟

پی ٹی آئی کے کارکنوں کو چیلنج وجود جمعرات 21 نومبر 2024
پی ٹی آئی کے کارکنوں کو چیلنج

آسٹریلیا کا سکھوں کو نشانہ بنانے پر اظہار تشویش وجود جمعرات 21 نومبر 2024
آسٹریلیا کا سکھوں کو نشانہ بنانے پر اظہار تشویش

اشتہار

تجزیے
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ وجود بدھ 01 مئی 2024
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ وجود منگل 27 فروری 2024
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ

ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے! وجود هفته 24 فروری 2024
ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے!

اشتہار

دین و تاریخ
مجاہدہ، تزکیہ نفس کا ذریعہ وجود جمعه 22 نومبر 2024
مجاہدہ، تزکیہ نفس کا ذریعہ

حقیقتِ تصوف وجود جمعه 01 نومبر 2024
حقیقتِ تصوف

معلم انسانیت مربی خلائق وجود بدھ 25 ستمبر 2024
معلم انسانیت مربی خلائق
تہذیبی جنگ
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی وجود اتوار 19 نومبر 2023
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت

سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے وجود منگل 15 اگست 2023
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے
بھارت
بھارتی ایئر لائن کا طیارہ بم سے اڑانے کی دھمکی وجود جمعرات 22 اگست 2024
بھارتی ایئر لائن کا طیارہ بم سے اڑانے کی دھمکی

بھارت میں روزانہ 86 خواتین کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف وجود بدھ 21 اگست 2024
بھارت میں روزانہ 86 خواتین کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف

قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا وجود پیر 11 دسمبر 2023
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی وجود پیر 11 دسمبر 2023
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی
افغانستان
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے وجود بدھ 11 اکتوبر 2023
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے

افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں وجود اتوار 08 اکتوبر 2023
افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں

طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا وجود بدھ 23 اگست 2023
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا
شخصیات
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے وجود اتوار 04 فروری 2024
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے

عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے
ادبیات
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر وجود پیر 04 دسمبر 2023
سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر

مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر وجود پیر 25 ستمبر 2023
مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر