... loading ...
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں یہ دکھایا جارہا ہے کہ کرسمس پر وائٹ ہاؤس کیسا نظر آئے گا، ویڈیو کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اسے خوفناک قرار دے رہے ہیں۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کرسمس کے موقع پر وائٹ ہاؤس کی سجاوٹ کو ،جو کہ میلانیا ٹرمپ نے کی تھی ،ابھی تک سوشل میڈیا صارفین نہیں بھولے ہیں کیونکہ پچھلے سال ٹوئٹر پر میلانیا ٹرمپ نے جو تصاویر شیئر کی تھیں وہ کرسمس کی کم اور کسی ہیلوئن پارٹی کی زیادہ لگ رہی تھیں جبکہ اس مرتبہ بھی صارفین کا کچھ ایسا ہی ردعمل ہے۔
اس مرتبہ میلانیا ٹرمپ نے کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے جو وائٹ ہاؤس کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں اْن کو دیکھ کر ٹوئٹر صارفین میں خوف کی ایک لہر پیدا ہوگئی ہے اور انہوں نے ایک مرتبہ پھر میلانیا ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی ہے۔امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں وائٹ ہاؤس پوری طرح سے لال رنگ میں ڈوبا دکھائی دے رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس ٹریز ہرے تو دیکھے ہیں لیکن یہ لال کب ہوگئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین میلانیا ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ وائٹ ہاؤس کی تصاویرکو شیئر کرکے انہیں تنقید و طنز کا نشانا بنا رہے ہیں، ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ ویڈیو دیکھ کر اندازہ لگایا ہے کہ اس ویڈیو میں خاتون اول وائٹ ہاؤس کرسمس ہارر نامی نئی فلم کے لیے آڈیشن دے رہی ہیں۔ ایک اور ٹوئٹر صارف نے گزشتہ سال اور اس سال کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ اس سے قبل کسی خاتون اول نے وائٹ ہاؤس کو جہنم کی طرح نہیں سجایا، وہ اس بات کا کریڈٹ صرف میلانیا کوہی دے سکتے ہیں۔ جبکہ دوسرے صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ تو میلانیا نے کرسمس پر وائٹ ہاؤس کو لال رنگ کے درختوں سے سجایا ہے۔میلانیا ٹرمپ کی کرسمس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک اور صارف نے لکھا کہ وائٹ ہاؤس میں اس سے پہلے انہوں نے کبھی دو چیزوں کو نہیں دیکھا (اور صرف وائٹ ہاؤس نہیں بلکہ کہیں نہیں دیکھا) ایک ریڈ کرسمس ٹریز‘ اور دوسرا بی بیسٹ زیور۔