... loading ...
سیاسی طور پر تہلکہ مچانے والے دنیا کے مشہور ترین جنسی اسکینڈلز میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا وائٹ ہاؤس کی ٹرینی ملازم مونیکا لیونسکی کے ساتھ تعلقات کا اسکینڈل سب سے زیادہ زیر بحث رہتا ہے۔ بیس سالہ پرانے اسکینڈل کے متعلق ہمیشہ کچھ نہ کچھ نیا سامنے آتا رہتا ہے۔ اس اسکینڈل کے حوالے سے سابق امریکی صدر اور مونیکا لیونسکی معافی بھی مانگ چکی ہیں۔ تاہم ایک مرتبہ پھر یہ اسکینڈل امریکا بھر میں موضوع بحث بننے جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مونیکا لیونسکی نے اس اسکینڈل کے متعلق تمام حقائق طشت ازبام کرنے کی ٹھان لی ہے۔ 45سالہ مونیکا لیونسکی نے اسکینڈل کے دنوں کے معاملات پر اب دوبارہ بات چیت کا فیصلہ کرتے ہوئے امریکی ٹی وی چینل ’’اے اینڈ ای‘‘ کے لیے ایک سلسلہ وار دستاویز فلم میں تفصیلی طور پر بات چیت کی ہے جسے 18؍ نومبر سے نشر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مونیکا لیونسکی نے امریکی میگزین ’’وینٹی فیئر‘‘ کے لیے ایک سیریز بھی لکھی ہے۔ جس میں مونیکا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ ایک طویل عرصے کے بعد کیوں اس معاملے پر بات کررہی ہیں۔ مونیکا کے مضمون کے مطابق وہ بیس سال گزرنے کے باوجود تاحال اس واقعے کو فراموش نہیں کرسکیں۔وہ لکھتی ہیں کہ اُس نے واقعے کے ایک سال بعد 1999 میں ہی بل کلنٹن کی اہلیہ ہلیری اور ان کی بیٹی چیلسا سے ٹی وی پر براہ راست معذرت کر چکی ہیں تاہم وہ ان سے براہِ راست معافی مانگنے کی خواہش اب بھی رکھتی ہیں۔ تاہم وہ ایسا ہی ایک مطالبہ بل کلنٹن سے بھی کرتی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ بل کلنٹن کو بھی اُن سے براہِ راست معذرت کرنی چاہئے۔ کیونکہ بل کلنٹن نے اُن سے براہ راست معذرت نہیں کی اُنہوں نے واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد ایک مرتبہ ٹی وی پر معذرت کی تھی جو واقعے کے بعد تقریبا پندرہ برسوں کے بعد تھی۔
واضح رہے کہ مونیکا لیونسکی اور بل کلنٹن کے مابین 1998 میں رومان پرور تعلقات قائم ہوئے تھے۔ یہ اُن کے عرصہ صدارت کی دوسری میعاد تھی۔ وہ 1993 سے 1997 اور 1997 سے 2001تک 42 ویں صدر کے طور پر مسلسل دو بار منتخب ہوئے تھے۔ جبکہ مونیکا لیونسکی نے گریجویشن کے بعد 1998 میں 21 سال کی عمر میں زیر تربیت ملازم کے طور پر وائٹ ہاؤس میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت بل کلنٹن کی عمر 50 سال سے زائد تھی۔