... loading ...
آج ہم یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ آسمان میں جتنے بھی ستارے دکھائی دیتے ہیں وہ سب کے سب سورج ہیں لیکن کیا اْن تمام کے گرد بھی ہمارے سورج کی طرح کوئی نہ کوئی سیارہ موجود ہے؟ اِس بات کا جواب سو فیصد یقین کے ساتھ تو ابھی تک نہیں دیا جاسکا لیکن سائنسدانوں کا ماننا یہ ہے کہ ہماری کہکشاں میں یا پھر ہماری پوری کائنات میں جتنے بھی ستارے ہیں اْن تمام کے گرد ایک نا ایک سیارہ ضرور چکر لگا رہا ہے!چلیں اِس بات کو اگر ہم سچ بھی مان لیں تو اِس پر ایک اور سوال اْٹھایا جاسکتا ہے کہ سائنسدان کسی ستارے کے گرد سیارے کی موجودگی کا کیسے پتا لگاتے ہیں؟ کیا کوئی اصول ہے یا آلہ تو اس کا جواب یہ ہے کہ سائنسدان اِس بات کا پتا لگانے کے لیے بہت سے طریقہ کار اپناتے ہیں مگر آج کل سب سے زیادہ موثر طریقہ یہ ہے کہ ستاروں کی روشنی کو مسلسل دیکھتے رہنا اور اگر کسی ستارے کی روشنی میں ذرا سی بھی کمی واقع ہو تو کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ واقعی کوئی سیارہ ہے؟ تب سائنسدان اِس بات کا مشاہدہ کرتے ہیں کہ اگر تو یہ کمی مخصوص اوقات میں آرہی ہے تو اِس کا مطلب کہ یہ سیارہ ہی ہے جو ابھی ابھی اپنے سورج کے سامنے سے گزرا ہے۔یہ وہ طریقہ ہے جو آج کے سائنسدان ہمارے نظامِ شمسی سے باہر سیاروں کو تلاش کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں لیکن 2011 میں ناسا کی طرف سے بھیجی گئی کیپلر خلائی دوربین” نے آسمان کے مخصوص حصّے میں موجود ستاروں کے جْھنڈ مشاہدہ کیا اور اْن میں سے ایک ستارے کی روشنی میں کچھ غیر عمومی تبدیلیاں دیکھی۔ اِس ستارے کا نام 8462852 KIC ہے۔ یقیناً یہ عجیب اور مشکل نام ہے اس لیے اِس ستارے میں اِن غیر عمومی تبدیلیوں پر تحقیق کرنے والی لوزیانا یونیورسٹی کی ماہر فلکیات تبیتا سوزین بویاجین کے نام پر اِس ستارے کا نام ٹیبی ستارہ” رکھ دیا گیا۔ یہ ستارہ زمین سے تقریباً ایک ہزار دو سو نوری سال دور ہے۔
آغاز میں جب سائنس دانوں نے اِس ستارے کی روشنی میں کمی واقع ہوتی دیکھی تو انھیں لگا کہ باقی ستاروں کی طرح اِس ستارے کے گرد بھی کوئی سیارہ ہی موجود ہوگا جس کی وجہ سے یہ کمی آئی ہے لیکن یہ کمی مخصوص اوقات کے بعد نہیں آرہی تھی اور اِن کمی کے واقع ہونے کی کوئی خاص ترتیب بھی نہ تھی۔یہ دیکھ کر سائنسدان بہت متجسس ہو گئے اور مختلف نظریے پیش کرنا شروع ہوئے کہ آخر کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ اگر یہ سیارہ نہیں تو پھر کیا ہو سکتا ہے؟ کیا اِس روشنی میں ڈھال کی وجہ کائناتی ڈسٹ ہے؟ یا پھر کوئی خلائی مخلوق؟یہ سب سوالات اس لیے سائنسدانوں کے دماغ میں آئے کیونکہ اِس سے پہلے انہیں بس یہی معلوم تھا کہ اگر ستارے کی روشنی میں کمی آتی ہے تو وہ سیارے کی موجودگی کی علامت ہے لیکن یہ تو ماجرا ہی ایسا نکلا کہ اِس نے سائنسدانوں کو سَر کْھجانے پر مجبور کردیا!
ٹیبی ستارے کی روشنی میں کمی 2011میں دیکھی گئی اور یہ کمی پہلے سے 15 فیصد تھی جو کے بہت زیادہ کمی ہے! پھر سات سو پچاس دنوں بعد 2013میں مزید 8 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اس امر کے بعد سائنسدانوں نے مختلف دوربینوں سے اِس ستارے کو دیکھنا شروع کیا کہ کہیں سے کوئی ایسی بات ہاتھ لگ جائے کہ یہ راز افشا ہو جائے۔ساتھ ہی ساتھ مِیں یہ بات بھی واضح کرتا چلوں کہ اگر اِس ستارے کے گرد کوئی مشتری کے حجم کا کوئی سیارہ چکر لگا رہا ہوتا تو اِس ستارے کی روشنی میں صرف ایک فیصد کی کمی آتی لیکن یہاں تو بائیس فیصد کی کمی صرف سات سال میں دیکھی گئی ہے اِس کا مطلب کہ یہ معاملہ کچھ اور ہی ہے!
اِس راز کی اصلیت عیاں کرنے کے لیے بہت سے نظریات زیرِ غور لائے گئے:ستارے کے گرد کائناتی ڈسٹ کی ناہموار تقسیم: یہ بیان ناسا کی جانب سے 4 اکتوبر 2017کو ہی جاری کیا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ ٹیبی ستارے کے گرد کائناتی ڈسٹ (خلا میں بکھرے پتھریلے اجسام جو نہ ستارے ہوں نہ سیارے اور نہ دْمدار ستارے) کی ناہموار تقسیم ہوئی ہو جو اِس ستارے کی روشنی وقفے وقفے سے کم کر رہی ہو۔
ٹیبی نظام شمسی کے گرد اورٹ کا بادل: کچھ سائنسدانوں نے یہ بات بھی زیرِ غور لائی کہ ہو سکتا ہے کہ اِس ستارے کے نظامِ شمسی کے گرد بھی ہمارے نظام شمسی کی طرح اورٹ کا بادل موجود ہو جس میں ڈھیروں دْمدار ستارے موجود ہوں۔ اِس بادل میں سے کچھ دْمدار ستارے اپنے سورج (ٹیبی ستارے) کے پاس جارہے ہوں جو اس روشنی میں کمی کا باعث بن رہے ہوں۔ اس نظریے کو مانا نہیں جا سکتا کیونکہ بائیس فیصد روشنی میں کمی پیدا کرنے کے لیے انتہائی کثیر تعداد میں دْمدار ستاروں کا ہونا ضروری ہے جو کے اس حوالے سے ناممکن ہوگا۔
نومولود ستارہ ٹیبی
یہ بات بھی کہی گئی کہ ہو سکتا ہے کہ یہ ستارہ ابھی اپنے بننے کے عمل میں ہو اور روشنی میں کمی اْن ہائیڈروجن اور ہیلیم کے بادلوں کے وجہ سے پیدا ہو رہی ہو جو اس ستارے کے گرد موجود ہیں۔ لیکن اس بارے میں انفراریڈ دوربینوں نے اس بات کی جانچ کی اور یہ بات ثابت کردی کہ اس ستارے کے گرد کوئی ستارہ بنانے والے بادل موجود نہیں۔
مشتری سے چار گنا بڑا سیارہ: ایک طرف سائنسدانوں نے یہ پتا لگایا کہ یہ کمی سیارے کی وجہ سے نہیں اور دوسری طرف یہ نظریہ پیش کیا کہ ہو سکتا ہے کہ مشتری سے چار گنا بڑا سیارہ ٹیبی ستارے کے گرد چکر لگا رہا ہو لیکن اس سیارے کی خصوصیات میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ سیارہ ایسا ہوگا (اگر ہوا تو) جس کے گرد زحل کی طرح کے حلقے ہوں گے جس میں بہت سے پتھریلے اجسام موجود ہوں گے۔ اگر ایسا ہے تو سائنسدانوں کے حساب کے مطابق ستارے کی روشنی میں ممکنہ کمی 2021میں آنی چاہیئے اور اگر ایسا ہوا تو ہوسکتا ہے کہ ٹیبی ستارے کا یہ راز افشاں ہو جائے۔
خلائی مخلوق کا بسیرا: سب سائنسی اور تکنیکی نظریے پیش کرنے کے بعد سائنسدانوں کے پاس سوچنے کے لیے صرف ایک نظریہ ہی رہ جاتا ہے – خلائی مخلوق! جی ہاں، اکثر اوقات سائنس ان خلائی مخلوق کے ہونے پر یقین کرتی نظر نہیں آتی لیکن جیسا کہ ہم کائنات میں زندگی کی تلاش میں ہیں تو یہ بھی سوچنا ضروری ہے کہ کوئی اور مخلوق بھی ہو سکتی ہے جو ہماری تلاش کر رہی ہو۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس ستارے کے گرد کوئی مخلوق موجود ہو جو ستارے کے گرد ایک بہت بڑی ڈھال کھڑی کر رہی ہو تاکہ ستارے کی تمام توانائی کو زیرِ استعمال لایا جائے۔
سیٹی (SETI) کی تحقیق
سیٹی (SETI) نے ریڈیو دوربین اس ستارے کی طرف کر کے یہ دیکھا کہ کہیں کوئی مخلوق ہم سے ریڈیو پیغامات کے ذریعے رابطے کی کوشش تو نہیں کر رہی؟ تو ایسے کچھ بھی نتائج دیکھنے کو نہیں ملے۔آخر میں مِیں یہ کہنا چاہوں گا کہ ٹیبی ستارے کی روشنی میں کمی کس وجہ سے ہے، یہ تو ابھی کسی کو بھی صحیح سے معلوم نہیں لیکن وجہ جو بھی ہے بہت ہی دلچسپ ہے کیونکہ اس قدرت کے کرشمے نے پوری دنیا کے سائنسدانوں کی نظروں کا رْخ اپنی طرف کرلیا ہے۔