... loading ...
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کرپشن کے آخری مقدمے سے بھی بری ہو گئے۔جس پر کراچی کے بلاول ہاؤس میں خوب جشن منایا گیا اور آتش بازی ہوئی۔ اس واقعہ سے سندھ حکومت کو حوصلہ ہوااور اب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایک مرتبہ پھر نڈر آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو سبق سکھانے کے لیے توجہ مرکوز کی ہے ۔ آئی جی خواجہ نے کچھ عرصہ قبل وزیر اعلیٰ کو دو مراسلے تحریر کیے تھے جس میں ان کی مرضی کے بر خلاف محکمہ پولیس میں تبادلوں اور تقرریوں پر اعتراض کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ کو یہ شکوہ بھی ہے کہ آئی جی نے چیف سیکریٹری سے اجازت لیے بغیر 18 گریڈ کے ایک پولیس افسر کو بیرون ملک جانے کے لیے رخصت کیوں دی ؟ یوں سندھ حکومت نے ایک بار پھر آئی جی اے ڈی خواجہ کا تعاقب شروع کر دیا ہے۔
شاہ حکومت کا ایک ہدف کرپشن کی تحقیقات کرنے والا وفاقی ادارہ قومی احتساب بیورو(نیب)بھی ہے۔ پی پی حکومت نے سندھ اسمبلی میں اکثریت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے میں نیب کی عملداری ختم کرنے کا نیا قانون منظور کرایا ہے جس کی منظوری کے آخری مرحلے میں گورنر سندھ محمد زبیر سدِراہ بن گئے ہیں ۔ وہ سندھ اسمبلی سے دوبارمنظور ہوکر آنے والے اینٹی نیب بل کو دوسری بار بھی مسترد کر چکے ہیں ۔ اب یہ معاملہ عدالت میں بھی چلا گیا ہے۔ سندھ کی بدعنوان انتظامیہ احتساب کے ہر عمل کو ختم کردینا چاہتی ہے یا احتساب کے لیے اپنا ادارہ اور قانون تخلیق کرکے سرکاری معاملات کو اپنے طور پر چلانا چاہتی ہے ماڈل گرل ایان علی اور ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی نے سندھ کے حکمرانوں کو یہ طاقت بخشی ہے کہ وہ صوبے میں اپنی من مانی کرسکیں ۔ قانون تو ہونہ ہو لیکن اپنی مرضی نافذ کرسکیں ۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے چار سالہ حکمرانی کا نچوڑ یہ پیش کیا ہے کہ ان کی اپنی پارٹی کے وزیر اور ارکان اسمبلی بلدیاتی نظام کے مخالف ہیں اور انہوں نے بلدیاتی لوکل گورنمنٹ کو صحیح طور پر چلنے ہی نہیں دیا۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر پی ٹی آئی کو وفاقی میں حکومت مل جاتی تو وہاں بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا۔ بلوچستان اور پنجاب کی صورتحال بھی اس سے زیادہ مختلف نہیں ہے لیکن یہاں صوبائی حکمرانوں میں عمران خان جتنی اخلاقی جرات نہیں ہے کہ وہ اپنی ناکامی کا برملا اعتراف کرسکیں ۔ سندھ میں صورتحال زیادہ خراب ہے۔ گزشتہ زمانے میں جب پیپلز پارٹی وفاق کی حکمرانی سے آؤٹ ہوتی تھی تو ”سندھ ھودیش“ کا نعرہ پنجاب کو بلیک میل کرنے میں بہت کام آتا تھا لیکن آج جئے سندھ تحریک کئی ٹکڑوں میں نہ صرف تقسیم ہے بلکہ سیاسی طور پر پیپلز پارٹی کے مخالف کھڑی ہے۔ اب پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت اور وزراءکو ہی انتہا پسند نعروں اور بیانات کا محاذ سنبھالنا پڑا ہے۔ پی پی پی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے گورنر سندھ محمد زبیر کو دھمکی دی ہے کہ وہ ٹھیک ہو جائیں ‘ پہلے ہم صرف زبانی بول رہے ہیں کہ گورنر ہوش میں رہیں اگر بہت زیادہ آگے بڑھے تو ان کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔
گورنر سندھ محمد زبیر کا تعلق وفاق میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے ہے نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ سابقہ گورنر عشرت العباد کا تعلق ایم کیو ایم سے ہونے کے باوجود انہوں نے پارٹی سے لاتعلقی ظاہر کی تھی لیکن گونر محمد زبیر خود کو سیاسی پارٹی کا کارکن کہلاتے ہیں ‘ گونر محمد زیبر سندھ میں وفاق کے نمائندے ہیں ۔ انہیں صوبے میں وفاقی اداروں کی عملداری قائم کرنی ہے اور سندھ حکومت کو آئین وقانون کے مطابق چلنے پر مجبور کرنا ہے۔ سندھ کا جاگیردارانہ سماج انہیں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ وہ انہیں اپنا مطیع و فرما نبردار بنانا چاہتا ہے۔ گورنر نے بھی کچی گولیاں نہیں کھیلی ہیں ‘ انہیں اپنی آئینی حدود کا علم ہے وہ بہت محتاط اور پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں ۔ صوبائی حکومت کی گورنر سندھ سے مخاصمت اور محاذ آرائی ابھی جاری ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی اے ڈی خواجہ کو عہدے پر برقرار رکھنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ 7 ستمبر کو جاری ہونے والے عدالت عالیہ کے فیصلے میں آئی جی کی برطرفی سے متعلق صوبائی حکومت کے دونوں نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے دیے ہیں اور آئی جی کو مستقل ذمہ داری سنبھالنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت کا پولیس افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹیفیکیشن بھی کا لعدم کردیا ہے۔
جاگیردارانہ سماج میں اداروں کی حیثیت اور اہمیت با اثر افراد کی ٹھوکروں میں ہوتی ہے ۔ پاکستان میں گزشتہ 70 برس سے یہی کھیل کھیلا جارہا ہے ۔مسلم لیگ(ن) کی 2013 والی انتخابی مہم کے دوران شریف برادران کا سارا زورِ خطابت آصف علی زرداری کے خلاف صرف ہوتا تھا۔ آج مسٹرزرداری کرپشن کے سارے الزامات سے آزاد ہیں ۔ نیب میں ان کا آخری کیس بھی ختم ہوچکا ہے۔ اور شریف برادران نیب کے سامنے مجرم بنے کھڑے ہیں ۔ سابق صدر پاکستان پرویز مشرف نے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ این آر او کرکے انہیں مُکتی دی اور آج سارے ایک آواز ہوکر انہیں آرٹیکل 6 میں فٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں پاکستانی سیاست کی یہ بوقلمونی ملک میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہے۔ سابقہ دور کے مجرم معصومیت کے سرٹیفکیٹ حاصل کررہے ہیں اور اس عہد کے ملزم پناہ تلاش کررہے ہیں ۔ جب تک اسمبلیوں کو موروثی جاگیرداروں سے پاک نہیں کیا جائے گا ‘ نہ عمران خان کا بلدیاتی نظام چلے گا اور نہ ہی پاکستان میں سیاسی واقتصادی استحکام پیدا ہوگا۔ نہ مقامی گونمنٹ (بلدیاتی حکومت) کام کرسکے گی اور نہ عوام کے مسائل حل ہونگے۔گورنر ‘ آئی جی اور نیب سے لڑنے والی سندھ حکومت کا سب سے پہلا فریضہ تو یہ ہے کہ روشنیوں کا شہر کراچی اور صوبے کے دیگر علاقے کچرے کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں ۔ وزیراعلی مراد علی شاہ کی شان میں اسی وقت اضافہ ہوگا جب صوبہ سندھ کی سڑکیں اور گلیاں صاف ہوں گی اور رشوت‘ کرپشن کا خاتمہ ہوجائے گا۔