... loading ...
تربوز کو چند فٹ اونچائی سے پھینکا جائے تو وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتا ہے جبکہ اسی تربوز پر ایک خاص پینٹ کرکے اسے دس منزلہ عمارت سے بھی گرایا جائے تو وہ محفوظ رہے گا۔ اس پینٹ کو لائن ایکس کا نام دیا گیا ہے جو کسی بھی شے کو ناقابلِ شکست بناسکتا ہے۔
جادوئی اسپرے کسی فوم کے کپ اور انڈے کو بھی اس قابل بنادیتا ہے کہ اگر کوئی انہیں اپنے پیر کے وزن سے بھی کچلے تو وہ نہیں ٹوٹتے۔ اگرچہ لائن ایکس کوٹنگ کئی برس قبل بنائی گئی تھی لیکن اب اس کی ویڈیوز زیادہ مقبول ہورہی ہیں جن میں اسپرے کو مختلف اشیا ء پر لگا کر ان کی مضبوطی کا ٹیسٹ لیا جارہا ہے، اس کے علاوہ ڈسکوری چینل کے ایک پروگرام ’متھ بسٹر‘ میں جب اسے آزمایا گیا تو تین میں سے دو سخت ترین ٹیسٹ اس نے پاس کرلیے۔
دو مالیکیول کو ملاکر یہ کوٹنگ اسپرے بنایا گیا جن کے نام قدرے مشکل ہیں۔ ایک کا نام ڈائی فینائل میتھین فور، فور ڈائسو سائنیٹ یا ایم ڈی آئی ہے۔ دوسرا کیمکل الفا (ٹو امائنو میتھائل تھائل) اومیگا ( ٹو امائنومیتھائل تھوکسی) پولی آکسی (میتھائل ون ٹو ایتھناڈائل ہے۔ جیسے ہی یہ دونوں مالیکیول ملتے ہیں ان سے حرارت نکلتی ہے، اسی لیے اسپرے کین میں ان کو الگ الگ رکھا جاتا ہے اور ساتھ مل کر یہ ایک بہت مضبوط کوٹنگ بناتے ہیں۔ شروع میں پینٹ بہت گرم ہوتا ہے اور چند منٹوں بعد سیمنٹ کی طرح سخت ہوجاتا ہے۔تجرباتی طور پر اسپرے ایک تربوز پر کرکے اسے 150 فٹ کی بلندی سے گرایا گیا تو وہ محفوظ رہا جو اس کی افادیت ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح اسے ایک جیکٹ پر لگایا گیا اور جب ایک خونخوار کتے نے اسے بھنبھوڑا تو جیکٹ پھٹنے سے محفوظ رہی۔اس کا سب سے بہترین استعمال سیکیورٹی اداروں کی دیواروں پر کیا جاسکتا ہے تاکہ وہ گولیوں اور بم دھماکوں سے محفوظ رہ سکیں۔