... loading ...
( سالکان ِراہ کے لیے سلسلۂ گاڈ فادریہ کے وظائف و اذکار کا نایاب مجموعہ)
ہر سلسلۂ سلوک میں سالک کو مقام معرفت تک پہنچنے کے لیے مختلف مدارج طے کرنا پڑتے ہیں۔اعلی ہمت اور یقین و توکل میں مائل بہ کاملیت جن پر اللہ کا خصوصی فضل ہوتا ہے وہ تو فنا فی الشیخ سے باقی باللہ ہوجاتے ہیں، رہ گئے دنیا داری کے راتب کو حصول و منزل جان کر کرامات کے طرفہ تماشے میں مشغول ہوجانے والے تو وہ بس ڈنگ ہی ٹپاتے رہتے ہیں۔مسلمانوں میں تیز ترین سلسلۂ سلوک شطاریہ( شطار بمعنی بجلی کا کوندا) جسے شیخ سراج الدین شطار نے پندرہویں صدی میں ایران میں وضع کیا ،وہاں سے یہ ہندوستان کے راستے انڈونیشیا اور پھر حجاز مقدس جا پہنچا ۔ان دنوںشیخ نائف اس سلسلے کے بہت بڑے بزرگ ہیں۔وہ اہل یروشلم میںسماجی اور دینی لحاظ سے بہت عظیم حیثیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔یروشلم کی مسجد رابعہ جو جبل الزیتون پر واقع ہے وہاں ہر جمعرات ان کو باقاعدہ حلقہ ہوتا ہے۔آپ کو اگر تصوف سے لگائو ہے تو آپ سیدنا شاہ محمد ذوقی جو وارثی سلسلے سے منسلک تھے کی دو کتب’’ تربیتہ العشاق‘‘ اور’’ سر دلبراں‘‘ ضرور پڑھیے گا۔
امریکا میں جب شراب پر پابندی لگی تو سن1920 کی دہائی میں نیویارک اور شکاگو کے شہروں میں مافیا نے قدم جمانے شروع کیے۔وہ چوری چھپے شراب کی ترسیل کیا کرتے تھے۔ اس سلسلے میں پہلا نام الکپون کا تھا جو امریکا میں سب سے مشہور ڈان سمجھا گیا۔ اس نے اپنی ناجائز آمدنی کو چھپانے کے لیے لانڈری سروس کا ایک جال پھیلادیا۔ یہیں سے انگریزی زبان میں منی لانڈرنگ کی اصطلاح عام ہوئی۔اس کے سر ایک اور سہرا بھی باندھا جاتا ہے ۔اس نے اپنے کلب میں مصر سے شاہ فاروق کی منظور نظر سمعیہ جمال کو رقص الشرقی کے لیے بلایا تھا۔یہ نام ان کے لیے مشکل تھا چونکہ اس رقص میں پیٹ یعنی Bellyکے مسلز کا بہت کردار ہوتا ہے لہذا ان بدمعاشوں نے اس کا نام ہی بیلے ڈانسنگ رکھ دیا۔کراچی کے سینما گھروں میں کسی سینمانے اتنی شہرت نہیں پائی جتنی بمبینو سنیما نے۔اس سینما کے بارے میں ایک کہانی یہ بھی مشہور ہے کہ اس میں سرمایہ کاری نیو یارک کی مشہور مافیا فیملی گمبینو نے کی تھی جس کے سربراہ کارلو گمبینو کی تصویر وہاں آویزاں تھی جنہیں بہت عرصے تک لوگ ہالی ووڈ کا کوئی اداکار سمجھا کرتے تھے۔ یہ ستر ایم۔ ایم۔ مشنری کا پہلا سینما ہائوس تھا جس کا افتتاح اس وقت کے صدرفیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے سن 1968 میںکیا تھا۔ اس کے مالک نواب شاہ کے زمیندار حاکم علی زرداری تھے یعنی آصف علی زرداری کے والد صاحب تھے ۔ اس میں دکھائی جانے والی پہلی فلم لارنس آف عربیا تھی۔اس سینما نے کراچی میں تفریح کے شوقین افراد کو بہت عمدہ فلمیں دیکھنے کا موقع فراہم کیا جن میں بین حر اور اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر کی فلم کلیوپٹرا شامل تھی۔ان دنوں سینما کے بورڈ ہاتھ سے پینٹ ہوتے تھے۔ آپ کو اگر یاد ہو تو ہندوستان کے مشہور بوہری پینٹر ایم ایف حسین بھی ابتدا میں اسی طرح کے پوسٹر بنایا کرتے تھے۔ ایلزبتھ ٹیلر کا قدآدم کٹ آئوٹ اس قدر مہارت اور عمدگی سے بنایاگیا تھا کہ لوگ اسے ٹہر ٹہر کر دیکھا کرتے۔
پانامہ فیصلے کے بعدجنم لینے والی ایک بحث کہ ماریو پوزو کی کتاب گاڈ فادر سے اس دل آزار مگر بر محل جملے یعنی Behind every great fortune there is a crime. – Balzac کا حوالہ ایساہی ہے کہ مُنّی مزید بدنام ہونا لازم ٹہری۔ہم اس حوالے سے سلسلہء گاڈفادریہ کے کچھ وظائف اذکار اشغال اور مجاہدات کا ذکر کرنا لازم سمجھتے ہیں جن کا مطالعہ آپ پر یہ بات کھول کر عیاں کردے گا کہ ہمارے سیاست داں ،افسران عالی مقام اور تاجران مال و منال نے انہیں کیسے اپنی حیات ہائے قبیحہ کا جیون منتر بنا کر پاکستان کی رگ رگ میں لالچ ، لوٹ مار اور لاقانونیت کا زہر گھول دیا ہے۔سلسلۂ گاڈ فاردیہ میں راہِ سلوک کے منازل کم از کم دس، اٹھارہ اور زیادہ سے زیادہ چوبیس ہیں۔اب یہ آپ کی طالع نصیبی ہے کہ آپ کس ڈان کے پاسCapo di tutti capiیعنی Boss of Bosses کی خانقاہ میں حاضر ہوکر دست ہوس و اقتدار سے بیعت ہوتے ہیں۔
پہلا مجاہدہ :وہ مرد جو اپنے خاندان کو وقت نہ دے وہ حقیقت میں مرد کہلانے کا مستحق ہی نہیں۔( اس حوالے سے پاکستان میںسیاست داں ،افسران عالی مقام اور تاجران مال و منال نے وقت کے علاوہ بھی سرکار سے عہدوں سمیت سب ہی کچھ لوٹ کر اپنی ہی اولاد اور برداران ،ہمشیرگان اور سالے سالیوں اور دیگر سسرالیوں کے نام کردیا ہے جب کہ امریکی صدر اوباما کے دور صدرات میں بھی ان کی بیٹی شاشا برگر کنگ پر جز وقتی ملازمت کرتی تھی)
دوسرا مجاہدہ :’’غدار کو قتل کرنے کے بعد بندوق پھینکو اور راستے سے بیگم کی فرمائش پر اس کی خریدی ہوئی پسندیدہ کنولی یعنی کریم رول اٹھالو ‘‘ تاکہ بیوی کو شک نہ ہو ۔اس کا مطلب ہے کہ اپنی ذاتی ترجیحات کو سامنے رکھو(ڈاکٹر شاہد مسعود جو پاکستان کے طبقۂ اشرافیہ کو اب ان کی مطلوبہ دھبڑ دھوس میں تاخیر کی وجہ سے ہلکان ہوکر بدمعاشیہ پکارنے لگے ہیں ،وہ بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی کشمیری مظالم ،احسان اللہ احسان کے انکشافات پر بھی مکمل پروٹوکول پاکستان آمد اور بغیر ویزے کی سیر کو آپ وزیر اعظم کی بندوق پھینک کر کنولی اٹھانا سمجھ لیجئے)
تیسرا مجاہدہ:’’آپ کو میرا جواب درکار ہے تو ابھی لے لیجئے ۔میرا جواب ہے ہرگز نہیں‘‘
(وزیر اعظم ان کے کہنے پر استعفیٰ دے گا ۔لو اور سنو۔ارے جلسیو والو ! تم بند آنکھوں والے کبوتروں کو شیر انشا ء اللہ سن 2018 میں بھی منھ میں دبوچ کر لے جائے گا۔وزیر اعظم کو پتہ نہیں کہ Peregrine falcon کو بھی جس کی رفتار فضا میں تیز ترین مانی جاتی ہے ،اس کے لیے بھی کبوتر کا پکڑنا کار دشوار ہوتا ہے چہ جائیکہ سست شیر جس کی مادائیںہمیشہ شکار کرتی ہیں۔شکار ہوجانے پر وہ کم بخت سب سے پہلے اپنا بڑا حصہ اٹھا کر دوڑ جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس کو انگریزی میں Lion’s Share کہتے ہیں)
چوتھامجاہدہ:دوستی اور سرمایہ یعنی تیل اور پانی کا ساتھ ہے(سرمایہ اور دوستی میں جیت ہمیشہ سرمائے کی ہوگی دوست پیسے کی خاطر تمہیں بیچ دیں گے،دھوکا دیں گے)
پانچواں مجاہدہ:ہم اب زمین پر گدے بچھا کر سوئیں گے(حالات خراب ہوں تو چھپ
جائو۔آرام کو تج دو تا وقتیکہ حالات بہتر ہوجائیں)
چھٹامجاہدہ: میرے والد نے مجھے یہ سکھایا ہے کہ دوستوں کو قریب مگر دشمنوں کو قریب تر رکھا کرو ( پیپلز پارٹی کے لیے مقام توقف اور غور و فکر ہے)۔
ساتواںمجاہدہ: مسڑ کو ر لیونے دوسری دفعہ کوئی رعایت نہیں مانگتے اگر انہیں پہلی دفعہ انکار کردیا جائے ۔( بااثر لوگوں کے لیے کوئی رعایت طلب کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن اگر وہ مانگیں تو انکار سے مزید بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔اس دن سے خوف کھائو جب جے آئی ٹی اکڑ گئی)۔
آٹھواں مجاہدہ: خاندان سے باہر کے افراد کو ہرگز نہ بتائو کہ تم کیا سوچ رہے ہو۔
نواں مجاہدہ: میرے لیے اس کی کوئی اہمیت نہیں کہ سامنے والا اپنی روزی کیسے کماتا ہے۔
( بہت گھپلے ہیں ہم اگر تفتیش اور نیب کے کاموں میں لگ جائیں گے تو میٹرو ،موٹروے اور پائور پلانٹس کون بنائے گا۔۔۔سو جلے تو جلائو گوری پیت کا الائو گوری۔۔۔)
دسواں مجاہدہ: ایک وکیل کے بریف کیس میں اگر پیسے بھرے ہوں تو وہ ایسے ہزار ڈاکووں سے بڑی واردات کرسکتا ہے جن کے ہاتھ میں بندوق ہو۔
گیارہواں مجاہدہ:اپنے دشمنوں سے نفرت مت کرو ۔اس کا قوت فیصلہ پر منفی اثر ہوتا ہے۔( مودی اور اجیت دوال کو کھانے پر بلائو۔سجن جندال کو سیر کرائو۔یہ اللہ ،رام اور گوتم سب ایک ہی تو ہیں)
بارہواں مجاہدہ: خود اعتمادی میں سکوت اور خاموشی ہوتی ہے مگر احساس عدم تحفظ بہت شور مچاتا ہے۔
تیرہواں مجاہدہ:غصہ مت کرو۔ دھمکیاں مت دو۔لوگوں کے ساتھ معاملات میں دلیل کو فوقیت دو۔
چودہواں مجاہدہ: خون کی بڑی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔۔(ہمارے پسندیدہ اینکر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ سانحۂ ماڈل ٹائون پیچھا نہیں چھوڑے گا مگر ڈاکٹر طاہر القادری کا سکوت مارے ڈالتا ہے)
پندرھواں مجاہدہ:دوستی ایسا ناطہ جو سونے سے بھی مہنگا۔۔لوگوں کو ان کی اہمیت کا احساس دلاتے رہو۔
سولہوھواں مجاہدہ:ہر موقع پر اپنے فائدے کو اہمیت دو۔ وے چینیا ۔ وے ظالما اے لے کوک پی ساڈی اورنج لائن ایتھے رکھ ۔سی پیک کتھے وی بنا چھوڑ او یار کی فرق پیندا اے!!!!
۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰٭۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰