... loading ...
امریکی خاتون کی وفات کے بعد اب دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز اٹلی کی 116 سالہ ایما مورانو کو حاصل ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کرتے ہوئے یہ اعزاز ان کے نام کردیا ہے۔ 116 سال کی یہ چھوٹے قد کی خاتون اپنی طویل عمری کا راز بتاتی ہیں، جو ہو سکتا ہے آپ کو حیران کردے۔
مورانو 29 نومبر 1899ء کو پیدا ہوئی تھیں، یعنی وہ اس وقت دنیا میں موجود واحد خاتون ہیں جنہوں نے تینوں صدیاں دیکھی ہیں، انیسویں میں پیدا ہوئیں اور پھر بیسویں اور اکیسویں صدی بھی دیکھی۔
ایک امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں مورانو نے اپنی طویل زندگی کا پہلا راز یہ بتایا کہ وہ روزانہ تین کچے انڈے کھاتی تھیں کیونکہ خون کی کمی کی وجہ سے ڈاکٹروں نے جوانی میں انہیں یہی تجویز کیا تھا۔ وہ اب بھی روزانہ دو انڈے کھاتی ہیں۔ لیکن دوسری وجہ حیران کن ہے، وہ دوسرا سبب شادی نہ کرنا بتاتی ہیں۔ گو کہ 1938ء میں شادی کے ناخوشگوار انجام کے بعد بھی ان کی زندگی میں کئی مرد آئے، لیکن انہوں نے دوبارہ پھر کبھی شادی نہیں کی۔ مورانو کہتی ہیں کہ “میں نہیں چاہتی تھی کہ کوئی مجھ پر راج کرے”۔