... loading ...
بنگلہ دیش میں ہم جنس پرستوں کے واحد جریدے کے مدیر کو اپنے دوست سمیت قتل کردیا گیا۔ ذوالحج منان اور ان کے دوست کی لاشیں ڈھاکا میں ایک فلیٹ سے ملیں جہاں پانچ سے چھ افراد سامان کی ترسیل کے بہانے عمارت میں داخل ہوئے اور پھر چاقوؤں کے وار کرکے دونوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور پھر فرار ہوگئے۔
منان نے دو سال قبل بنگلہ دیش میں ہم جنس پرستوں کے لیے پہلا رسالہ ‘روبپان’ نکالا تھا۔ وہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی امداد (یو ایس ایڈ) اور امریکی سفیر برائے بنگلہ دیش کے پروٹوکول افسر رہ چکے تھے۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں ہم جنس پرستوں کے لیے سالانہ ریلی منظم کرنے میں بھی مدد دی، جو 14 اپریل کو ہونا تھی لیکن سیکورٹی مسائل کی وجہ سے اس پر پابندی لگا دی گئی۔ منان کا کہنا تھا کہ انہیں شدت پسند عناصر کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔
بنگلہ دیش میں پچھلے کچھ عرصے سے آزاد خیال اور لادین عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ ابھی دو روز قبل ہی ایک واقعے میں پروفیسر رضا الکریم صدیق کو راجشاہی میں قتل کیا گیا۔ ان کے بارے مین مشہور تھا کہ وہ اپنے طلبہ کو الحاد کی تعلیم دیتے ہیں۔ پھر رواں ماہ ہی ایک 26 سالہ طالب علم کو بھی قتل کیا گیا، جس نے فیس بک پر اسلام کے بارے میں توہین آمیز الفاظ ادا کیے تھے۔