سال 2015ء کی ناقابل فراموش تصاویر
هفته 02 جنوری 2016
پاکستان میں سال کا آغاز ایک حیران کن خبر سے ہوا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ریحام خان نامی ایک ٹیلی وژن میزبان سے شادی کرلی۔ شاید ہی ملکی تاریخ میں کسی شادی کا اتنا ہنگامہ اور شور مچایا گیا ہو، لیکن یہ بندھن دس ماہ سے زیادہ نہ چل سکا اور طلاق پر منتج ہوا
یوکرین کی حکومت روس نواز علیحدگی پسندوں سے اس سال بھی لڑتی رہی۔ 18 فروری کو کھینچی گئی اس تصویر میں ایک زخمی یوکرینی فوجی ہسپتال آمد کے موقع پر کھڑکی سے جھانک رہا ہے
روس میں حزب اختلاف کے سیاسی رہنما بورس نمتسوف کا پراسرار انداز میں قتل ہوا، جس کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔ 28 فروری کو وسطی ماسکو میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کا منظر جس میں سینٹ باسل گرجے کے قریب نمتسوف کی لاش ڈھکی پڑی ہے
امریکا میں شہری حقوق کی تحریک کے اہم دن 7 مارچ کی یاد میں امریکی صدر براک اوباما اظہار یکجہتی کے طور پر عوام کے ساتھ
داعش نے شام اور عراق میں سال بھر زبردست تباہی مچائے رکھی۔ 12 مارچ کی اس تصویر میں شام کے قصبہ کوبانی کا مرکز دیکھا جا سکتا ہے جو داعش کے جنگجوؤں اور کردش مسلح گروہوں کی لڑائی کے دوران تباہ ہو چکا ہے
آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ کا ورلڈ کپ جیت لیا۔ پاکستان آسٹریلیا ہی کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں عالمی دوڑ سے باہر ہوا تھا
زلزلے کے بعد تباہ ہونے والے مکانات کے ملبے میں اپنے عزیزوں کی تلاش، بھکت پور، نیپال کا یہ دل گرفتہ کر دینے والا منظر 26 اپریل کا ہے جب نیپال کی وادی کٹھمنڈو میں آنے والے زلزلے سے کم از کم 9 ہزار افراد مارے گئے
برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیتھرین 2 مئی کو لندن میں اپنی صاحبزادی کے ہمراہ تصویر کھنچوا رہے ہیں۔ یہ دونوں کی دوسری اولاد ہے، پہلا بیٹا شہزادہ جارج اس وقت ایک سال کا تھا
شام میں خانہ جنگی اب ایک عالمی جنگ کا روپ دھارتی دکھائی دے رہی ہے جس کے عام اور معصوم انسانوں پر بدترین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ 6 مئی کو لی گئی یہ تصویر دیکھیں، 4 سالہ غزل اور 7 سالہ جودی 8 مہینے کے سہیر کے ساتھ بھاگ رہے ہیں جبکہ شام کے صدر بشار الاسد کی افواج شیلنگ کر رہی ہیں
روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں 9 مئی کو دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کو شکست دینے کی 70 ویں سالگرہ منائی گئی۔ اس موقع پر جشن کے دوران مقامی افراد اپنے ان آبا و اجداد کی تصاویر لیے شریک ہیں جو دوسری جنگ عظیم میں شریک ہوئے تھے
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور یوں 6 سال کے طویل عرصے کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آئی
امریکا میں ریئل اسٹیٹ کی دنیا کا بڑا نام ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابات لڑنے کی خواہش میں بدنام ہو رہا ہے۔ نسل پرستانہ اور مسلمان مخالف رحجانات کے باوجود وہ قدامت پسند ری پبلکنز کی جنب سے رواں سال انتخابات کے لیے اب تک سب سے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں
فٹ بال کی بین الاقوامی انجمن فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے بدعنوانی کی تحقیقات کے بعد 2 جون کو عہدے سے استعفا دے دیا۔ تصویر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مظاہرین ڈالر کے نوٹ نچھاور کرکے ان کی تذلیل کر رہے ہیں
برما کے مسلمانوں کی حالت زار کی عکاسی کرتی ایک تصویر، جس میں 4 جون کو ایک عارضی مہاجر کیمپ میں موجود مہاجرین اپنی بوتلوں کو بارش کے پانی سے بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں
جی 7 اجلاس کے موقع پر 8 جون کو جرمن چانسلر انجیلا مرکیل امریکا کے صدر براک اوباما سے گفتگو کرتی ہے۔ دونوں نے روس پر مزید اقتصادی پابندیوں پر زور دیا
انتہائی گرم موسم نے رواں سال جون میں کراچی میں ڈیڑھ ہزار افراد کی جانیں لیں۔ زیر نظر تصویر میں ایک شخص خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کر رہا ہے
دنیا کے تنہا اور دور دراز ترین ملک منگولیا کی ایک خوبصورت تصویر، دارالحکومت اولان باتار سے 80 کلومیٹر دور مغرب میں واقع ایک علاقے میں 13 سالہ بچہ گھوڑوں کی دیکھ بھال کے بعد اپنا وقت کھیل میں صرف کرتے ہوئے
ایران اور امریکا کی زیر قیادت چھ اقوام کے درمیان جولائی میں ایک متنازع جوہری معاہدہ طے پایا۔ 13 جولائی کو ان مذاکرات کے حتمی مراحل کے دوران ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف ویانا کے ایک ہوٹل کے بالاخانے میں کسی بات پر ہنس رہے ہیں
چین کے شہر تیانجن میں 13 اگست کو ایک زبردست دھماکے کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی، جو اس تصویر سے ظاہر ہے۔ واقعے میں 44 افراد مارے گئے جبکہ 500 سے زیادہ زخمی ہوئے
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والی آئی اے اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں 23 اگست کو ہونے والی 100 میٹر دوڑ میں شریک مختلف کھلاڑی جن میں پیلی دھاری دار شرٹ میں جمیکا کے یوسین بولٹ سب سے نمایاں ہیں
سال کی سب سے افسوسناک تصویر، جس نے شامی مہاجرین کی حالت کے بارے میں دنیا بھر کو آگاہ کیا۔ 2 ستمبر کو یہ 3 سالہ بچہ ایلان کردی ترکی کے شہر بودروم کے قریب ایک کشتی کے الٹ جانے سے ڈوب کر شہید ہوگیا۔ لہروں کے ذریعے اس کی لاش ساحل سمندر آ پہنچی۔ واقعے میں اس کا 5 سالہ بھائی غالب اور والدہ ریحان بھی شہید ہوئیں جبکہ باپ عبد اللہ اس سانحے میں بچ گیا
خانہ جنگی سے فرار ہونے والے شامی باشندے جب یورپ میں داخل ہوئے تو انہیں مختلف رویوں کا سامنا کرنا پڑا۔ 8 ستمبر کو ہنگری کی سرحد پر پیش آنے والے زیر نظر واقعے میں ایک ٹیلی وژن چینل کی صحافی بھاگنے والے ایک شامی شخص کو اڑنگا دے کر گرا رہی ہے۔ جس کی گود سے بچہ بھی گر گیا۔ بعد ازاں خاتون کو اپنی ملازمت سے بھی محروم ہونا پڑا
یورپ کے ممالک نے پہلے پہل تو شامی مہاجرین کو داخلے سے روکے رکھا۔ اس تصویر میں یونان اور مقدونیہ کی سرحد پر ایک ایک مہاجر بچی اپنے کھلونے کے ساتھ مقامی پولیس کے نرغے میں دکھائی دے رہی ہے
لیکن پھر آہستہ آہستہ معاملات بہتر ہونے لگے۔ یہ تصویر ڈنمارک کے ایک پولیس اہلکار کی ہے جو جرمنی کے ساتھ واقع سرحد پر ایک شامی مہاجر بچی کا خیرمقدم کر رہا ہے
پوپ فرانسس نے ستمبر میں امریکا کا پہلا دورہ کیا۔ اس دوران وہ امریکی ایوان صدر کے باہر عوامی اجتماع کو دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے ہیں
27 ستمبر کودنیا نے بڑا چاند یعنی سپر مون دیکھا۔ اس مرتبہ خاص بات یہ تھی کہ اس کے ساتھ ہی چاند کو گرہن بھی لگا۔ یہ نظارہ 1982ء کے بعد پہلی بار دیکھنے کو ملا اور اب 2033ء تک دوبارہ گرہن لگا سپر مون نظر نہیں آئے گا
مہاجرین و تارکین وطن کے بحران کے دوران 20 اکتوبر کو سلووینیا میں لی گئی ایک تصویر جس میں گھڑسوار پولیس اہلکار ان بے سر و سامان افراد کی رہنمائی کرتے ہوئے لے جا رہے ہیں
31 اکتوبر کو روس کا ایک مسافر طیارہ مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ سے سینٹ پیٹرز برگ جاتے ہوئے صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ تصویر یکم اکتوبر کی ہے جس میں ایک مصری فوجی ہیلی کاپٹر جہاز کے ملبے پر پرواز کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اب تک یہ واضح تو نہیں ہو سکا کہ جہاز کی تباہی کا سبب کیا تھا البتہ سمجھا یہ جا رہا ہے کہ کوئی دھماکا خیز مواد جہاز پر موجود تھا جس کی وجہ سے وہ دو ٹکڑے ہو کر زمین پر گرگیا
وسط نومبر میں پیرس حملوں نے نہ صرف فرانس اور یورپ بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ واقعے میں 130 افراد کی جانیں گئیں
امریکا کے ایک نجی ایروسپیس کمپنی اسپیس ایکس نے ایک نیا سنگ میل عبور کیا۔ اس نے 21 دسمبر کو ایک راکٹ کو خلا میں بھیجنے کے بعد اسے کامیابی سے واپس زمین پر اتار لیا۔ دوبارہ استعمال کے قابل راکٹ کی یہ ٹیکنالوجی اگر تجرباتی مراحل سے نکلنے کے بعد مکمل طور پر استعمال میں آ گئی تو اس سے خلائی دوڑ ایک مرتبہ پھر شروع ہو سکتی ہے
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی دورۂ افغانستان سے واپسی پر 25 دسمبر کو “اچانک” لاہور پہنچ گئے اور یہاں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی
متعلقہ خبریں
کراچی میں سالِ نو پر پابندی!
الیاس شاکر
-
بدھ 06 جنوری 2016
نئے سال کی آمد کا جشن نیوزی لینڈ سے شروع ہوا۔ آسٹریلیا میں آتش بازی ہوئی، انڈونیشیا میں چراغاں ہوا، تھائی لینڈ میں لوگ سڑکوں پر آگئے، بھارت اور چین میں لوگوں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ ان تمام ممالک سے ہوتا ہوا ’’نیو ایئر‘‘ جب پاکستان پہنچا تو ملک بھر میں بھنگڑے ڈالے گئے ،...
دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز، خوف کے سائے تلے
وجود
-
جمعه 01 جنوری 2016
سال 2015ء آہستہ آہستہ گزر رہا ہے۔ دنیا بھر میں جہاں نئے سال کے خیرمقدم کے لیے زبردست جشن کا اہتمام کیا گيا ہے وہیں دہشت گردی کا خطرہ بھی حواس پر چھایا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نئے سال کی تقریبات سرے سے منسوخ کردی گئیں اور جہاں بھی عوامی اجتماعات ہو رہ...