... loading ...
کمپیوٹر، جیسا کہ اسے ہم آج جانتے ہیں، کا آغاز 19 ویں صدی میں انگریز ریاضی دان پروفیسر چارلس بابیج سے ہوا تھا۔ انہوں نے ایک اینالٹکل انجن تیار کیا تھا، اور یہی وہ ڈیزائن تھا جس نے جدید دور میں کمپیوٹروں کے لیے بنیادی ڈھانچے کا کام کیا۔
عام طور پر کمپیوٹر کو تین عہد میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، اور ہر عہد مختلف ادوار پر مشتمل رہا ہے۔ ہر دور میں ہم نے کمپیوٹر کو مزید جدید اور بہتر بنتے دیکھا ہے۔
1937ء میں پہلا برقی ڈیجیٹل کمپیوٹر ڈاکٹر جان وی اتاناسوف اور کلفرڈ بیری نے تیار کیا، اسے اتاناسوف-بیری کمپیوٹر (اے بی سی) کہا جاتا تھا۔ 1943ء میں کولوسس نامی ایک برقی کمپیوٹر آیا جو فوج کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ پہلے عام استعمال کے ڈیجیٹل کمپیوٹر میں 1946ء تک بہتریاں جاری رہیں، جب الیکٹرانک نیومیریکل انٹیگریٹر اینڈ کمپیوٹر (اینیاک) تیار کیا گیا۔ یہ وہ کمپیوٹر تھا جس کا وزن 30 ٹن تھا اور اس میں پروسیسنگ کے لیے 18 ہزار ویکیوم ٹیوبس استعمال کی گئیں۔ جب یہ کمپیوٹر پہلی بار چلایا گيا تھا تو فلاڈیلفیا شہر کے کچھ حصوں میں بجلی سے چلنے والی روشنیاں مدھم پڑ گئی تھیں۔ اس زمانے کے کمپیوٹر صرف ایک کام کر سکتے تھے اور اس میں آپریٹنگ سسٹم نہیں ہوتا تھا
کمپیوٹروں کی یہ نسل بجائے ویکیوم ٹیوبس کے ٹرانسسرز استعمال کرتی تھی جو زیادہ بھروسہ مند تھے۔ 1951ء میں کمرشل استعمال کے لیے عوام میں پہلا کمپیوٹر متعارف کروایا گیا جسے یونیورسل آٹومیٹک کمپیوٹر (یونی ویک1) کا نام دیا گیا۔ 1953ء میں انٹرنیشنل بزنس مشین (آئی بی ایم) 650 اور 700 سیریز کے کمپیوٹر نے دنیائے کمپیوٹر پر اپنے گہرے اثرات مرتب کیے۔ کمپیوٹروں کے اس عہد میں 100 سے زیادہ کمپیوٹر پروگرامنگ لینگویجز تیار ہوئیں، کمپیوٹر میں میموری اور آپریٹنگ سسٹم لائے گئے، ٹیپ اور ڈسکس جیسے اسٹوریج میڈیا استعمال کیے گئے اور پرنٹر بھی بنائے گئے۔
انٹیگریٹڈ سرکٹ کی ایجاد ہمیں کمپیوٹر کے تیسرے عہد میں لے آئی۔ اس ایجاد کے ساتھ کمپیوٹر زیادہ چھوٹے، زیادہ طاقتور اور بھروسہ مند ہوتے چلے گئے جو بیک وقت کئی پروگرام چلا سکتے تھے۔ 1980ء میں مائیکرو سافٹ ڈسک آپریٹنگ سسٹم (ایم ایس ڈوس) آیا اور 1981ء میں آئی بی ایم نے گھریلو اور دفتری استعمال کے لیے پہلا پرسنل کمپیوٹر بنایا۔ تین سال بعد ایپل نے میکنٹوش دیا اور 90ء کی دہائی میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم آیا۔ کمپیوٹر میں آنے والی اس مختلف بہتریوں کے نتیجے میں ہمیں ہر شعبہ زندگی میں کمپیوٹر کا استعمال نظر آنے لگا۔ یہ آج بھی ایک بہت کارآمد ذریعہ ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں نئی جدت اور پیشرفت آ رہی ہے۔