... loading ...
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا مقصد ایف ایٹ سے ضلعی عدالتوں کی منتقلی کے لیے تاجروں اور وکلا کی طرف سے مل جل کر کام کرنا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر زاہد محمود راجہ مشترکہ کمیٹی کی صدارت کریں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اپنے پہلے اجلاس میں کمیٹی نے ایف ایٹ سے ضلعی عدالتوں کو منتقل کرنے کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا ۔ کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایف ایٹ مرکز میں ضلعی عدالتوں کا وجود نہ صرف معزز ججوں اور وکلا کی زندگیوں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے بلکہ یہاں پر قائم ججوں اور وکلاء کے چیمبرز ان کے شایان شایان نہیں ہیں اور عدالتوں کی وجہ سے ایف ایٹ تجارتی مرکز میں کاروباری سرگرمیاں بھی بہت متاثر ہو رہی ہیں۔ لہذا کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ایف ایٹ سے ضلعی عدالتوں کو جلد از جلد کسی مناسب جگہ پر منتقل کیا جائے۔
کمیٹی کی رائے تھی کہ ایف ایٹ میں ضلعی عدالتوں کی موجودگی صرف تاجروں اور وکلاء کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ پورے اسلام آباد کا مسئلہ ہے۔ لہذا کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مسئلے کا قابل قبول حل نکالنے کے لیے تمام متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائے گا۔ کمیٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ 10؍ستمبر 2015کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں ضلعی عدالتوں کی منتقلی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا تا کہ حکومت اس اہم مسئلے کو جلد حل کرنے کے لیے تمام مطلوبہ اقدامات کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ظفر بختاوری، خالد اقبال ملک، نعیم صدیقی، نعیم الرحمان پراچہ، خالد چوہدری اور طارق جنید جبکہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی طرف سے چوہدری آصف عرفان ، ملک ایم اکرام، حافظ مظہر جاوید، مسز فرزانہ فیصل اور مسز نصرت پروین کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔