... loading ...
ریاض احمدچودھری
بھارت جھوٹی خبریں، من گھڑت پروپیگنڈا اور افواہیں پھیلانے میں دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا ہے، دنیا میں 18 فیصد جھوٹی خبریں بھارت سے پھیلائی جاتی ہیں۔امریکی آزاد اشاعتی کمپنی سیج پبلی کیشنز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حالیہ اسرائیل فلسطین تنازعے میں بھارت کی طرف سے اسرائیل کی حمایت میں حیران کن پروپیگنڈا کیا گیا، روس یوکرین جنگ میں بھارت نے ایک ویڈیو گیم کلپ دکھا کر جھوٹا پروپیگنڈا کیا، 28 جون کو فرانس میں ہونے والے حادثے کا الزام بھی بھارتی میڈیا نے مسلمانوں پر لگایا۔اشاعتی ادارے کے مطابق جھوٹی خبریں، من گھڑت پروپیگنڈا اور افواہیں پھیلانے میں ہندوستان پہلے نمبر پر ہے، اور دنیا میں 18 فیصد جھوٹی خبریں بھارت سے پھیلائی جاتی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ اسرائیل فلسطین تنازعے میں بھارت نے اسرائیل کی حمایت میں حیران کن پروپیگنڈا کیا گیا، اور حماس پر بچوں کو اغوا کرنا، سر قلم کرنا، لاشوں کو جلانے کو بھارتی اکانٹس سے پھیلایا گیا۔دوسری جانب ترکیہ کی نیوز ایجنسی نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارتی میڈیا نے حماس کے 40 بچوں کو قتل کرنے کی جھوٹی خبر وائرل کی، جب کہ اسرائیلی فوج نے 40 بچوں کے قتل کی خبر کے بے بنیاد ہونے کی تصدیق کی۔عرب ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارتی میڈیا میں مصر اور اسرائیلی فوجیوں کو حماس کے فوجی بتایا جارہا ہے۔برطانوی نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ ایک کنسرٹ کی وڈیوز کو حماس کے جشن کے طور پر دکھایا گیا، جو جھوٹ پر مبنی تھی۔دوسری جانب ایک بھارتی صحافی نے اسرائیل کی حمایت میں بیان دیا کہ اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ کی پٹی سے مسلمانوں کو ختم کردے۔اس سے قبل بھارت کی جانب سے 9 مئی کے احتجاج کے دوران پاکستان میں خانہ جنگی کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔فرانسیسی میڈیاکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28 جون کو فرانس میں ہونے والے حادثے کا الزام بھی بھارتی میڈیا نے مسلمانوں پر لگایا، بھارتی میڈیا فرانس میں فسادات کی جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اسلاموفوبک ٹویٹس کی اکثریت ہندوستان میں سب سے زیادہ نظر آتی ہے۔
پہلگام واقعہ بھارتی خودساختہ دہشتگردانہ کاروائی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں بھارت کی یہ غیر ذمہ دارانہ روش علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر سبوتاژ کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں یہ بین الاقوامی معاہدہ ہے جس پر بھارت کی بد نیتی ہمیشہ سے واضح ہے۔ ہمیں دنیا کو باآور کروانا ہوگا کہ پہلگام میں بھارتی کاروائی کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے اور اس کا مقصد بھارتی حکومت کی اندرونی ناکامیوں اور کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے مظالم سے توجہ ہٹانا بھی ہے۔ پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائے بھارتی فوجیوں اور ایجنسیوں کے جنگی جرائم کے لیے انہیں عالمی عدالت میں پیش کیا جائے۔ کشمیریوں کی حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکیا جائے۔پہلگام واقعے کے بعد جعلی، من گھڑت اور خطرناک خبریں زیر گردش ہیں۔جھوٹی خبروں پر تحقیق کرنے والے غیر سرکاری ادارے فیک نیوز واچ ڈاگ کی جانب سے 31 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ میں انتہائی اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔نازک ترین حالات میں بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ منفی رپورٹنگ صحافتی اقدار کے قتل عام کے مترادف قرار دی گئی۔
فیک نیوز واچ ڈاگ کے مطابق واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کی ایک منظم مہم کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت حملہ آوروں کا تعلق پاکستان آرمی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی گئی۔فیک نیوز واچ ڈاگ نے حملے کے بعد ہوئے واقعات کی ٹائمنگ پر بھی سوال اٹھا دیے۔ حملے کے عینی شاہدین اور بھارتی میڈیا رپورٹنگ میں واضع تضاد سامنے آیا، شام میں 2018 کے دوران لی گئی بچے کی دردناک تصویر کو پہلگام واقعے کے ساتھ جوڑا گیا جبکہ انڈین جوڑے کی منظرعام پر آئی وضاحتی ویڈیو سے ہندوستانی بیانیے کو شدید دھچکا پہنچا۔اے کے 47 تھامے شخص کی افغانستان میں لی گئی سال 2022 کی تصویر کو پہلگام واقعے کا حملہ آور قرار دیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے ایٹمی جنگ کی دھمکی کی من گھڑت خبروں نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔بھارتی میڈیا پر پاکستان کے پیٹرول پمپس پر افراتفری کی خبریں مضحکہ خیز قرار دی گئیں۔فیک نیوز واچ ڈاگ کے مطابق سوشل میڈیا پر پاک آرمی جنرلز کی فیملی کے پاکستان سے فرار ہونے کی من گھڑت خبریں وائرل ہوئیں جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر آگ لگنے کی جعلی خبروں نے شہریوں میں بے چینی کو مزید بڑھایا۔بھارتی میڈیا پر پی ایف یو جے کے آزاد کشمیر میں ہوئے احتجاج کو غلط رنگ دیا گیا، اے آئی تصاویر کی مدد سے جائے وقوعہ پر خود ساختہ سیکڑوں لاشیں دکھائی گئیں۔رپورٹ کے مطابق جعلی خبروں کے پریشر میں دونوں ممالک کی حکومتیں سخت فیصلے لینے پر مجبور ہوئیں، مقامی علیحدگی پسند گروپ کے حملے کو ہمسایہ ملک کے ساتھ جوڑنے سے دونوں ممالک کو سفارتی سطح پر نقصان اٹھانا پڑا۔ سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور فضائی حدود کی بندش سے دونوں ممالک شدید متاثر ہوں گے۔فیک نیوز واچ ڈاگ نے بھارت میں فیک نیوز کے حوالے سے تربیتی سیشنز کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے سفارش کی ہے کہ بھارتی نیوز چینلز مالکان کی تنظیم ”نیوز براڈ کاسٹرز اینڈ ڈیجیٹل ایسوسی ایشن” صحافت میں نسلی و مذہبی تعصب کے خاتمے میں کردار ادا کرے، حکومتیں فیصلہ سازی کے دوران ٹی وی رپورٹنگ و سوشل میڈیا پوسٹس پر انحصار کم کریں۔