... loading ...
اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے ٹرسٹ بنایا، 200 کنال زمین اور انگوٹھیاں لیں۔ کرپشن کی اس سے بڑی مثال نہیں۔
وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 190 ملین پانڈ فیصلے کو عالمی میڈیا نے کرپشنز کی ہیڈ لائنز دیں۔
اس کیس کے ٹھوس شواہد موجود تھے۔ میاں ، بیوی نے ٹرسٹ بنایا، 200 کنال زمین اور انگوٹھیاں لیں۔ کرپشن کی اس سے بڑی مثال نہیں۔ بند لفافہ کابینہ میں لایا گیا۔
وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ پیسہ ایک ہاتھ سے لے کر دوسرے ہاتھ کو دیا گیا۔ حکومت پاکستان کے پیسے کا غلط استعمال کیا گیا۔ عوام کے اربوں روپے بٹورے گئے۔
نیب نے واضح کیا ہے کہ دبئی کے پراجیکٹ میں جو بھی پیسہ لگے گا وہ منی لانڈرنگ کے زمرے میں آئے گا۔ 190 ملین پانڈ اوپن اینڈ شٹ کیس تھا۔ جو پیسہ ضبط کیا گیا تھا وہ حکومت پاکستان کی ملکیت تھا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) والے اب اس معاملے کو سیرت سے جوڑ رہے ہیں۔ مذہب کو سیاست سے باہر رکھیں۔
اپنی کرپشن اور رشوت کا جواب دیں۔ مذہب کے پیچھے چھپ کر اپنے گھنانے جرم چھپانے کی کوشش مت کریں۔