... loading ...
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اور نگزیب نے کہاہے کہ پاکستان جون 2025 تک پانڈا بانڈ جاری کرے گا،حکومت پاکستان کی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ،چینـپاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کو راغب کرے گا ۔
زرائع کے مطابق ہانگ کانگ کے ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ پاکستان پانڈا بانڈز کے ذریعے چین کی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ،اس بانڈ اجرا کے ذریعے پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے تقریباً 200 ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت پاکستان کی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ ادائیگیوں کے توازن میں پائیداری حاصل کی جائے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینـپاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے (سی پیک 2.0) کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ چینـپاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کو راغب کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ہانگ کانگ کے ساتھ مالیاتی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں ۔
وزیر خزانہ نے ہانگ کانگ کو پاکستان میں تجارتی اور مالیاتی مواقع کا جائزہ لینے کے لیے وفود بھیجنے کی دعوت دی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ ہانگ کانگ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے ایک موزوں مقام ثابت ہو سکتا ہے ۔