... loading ...
حمیداللہ بھٹی
حکومت اور حزبِ اختلاف کے مابین روابط میں پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ اعلانیہ ملاقاتیں ہونے کے ساتھ چیت کا عمل شروع ہو چکا ہے جس کاتسلسل رہنے سے سیاسی کشیدگی ختم ہوسکتی ہے لیکن دونوں طرف کی اعلیٰ قیادت میں دوریوں اور براہ راست روابط نہ ہونے کی وجہ سے نتائج کے حوالہ سے اچھی توقعات نہیں۔خیر اولیں بیٹھک بے نتیجہ سہی دونوں طرف سے ملاقاتیں جاری رکھنا حوصلہ افزا عمل ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق بظاہر غیر جانبدار ہیں لیکن بات چیت پر آمادگی کو حکومت کی اخلاقی فتح ثابت کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ بہتر تویہی ہے کہ مسائل کا حل منتخب ممبران مل بیٹھ کر تلاش کریںمگر بات چیت جاری رکھنے اور مزید ملاقاتوں پر اتفاق کے باوجود دونوں طرف موجود بداعتمادی مذاکراتی عمل کولاحاصل ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔
بات چیت میں شامل شخصیات کواگر اختیارات کے حوالے سے دیکھیں توکوئی بھی کسی قسم کا اہم فیصلہ کرنے کااختیار نہیں رکھتا۔ اس لیے اتفاق کی توقع تو نہیں لیکن حکومت کی یہ ہی بڑی کامیابی ہے کہ جو جماعت اُسے منتخب تسلیم کرنے سے انکاری تھی اورصرف مقتدرہ سے بات چیت کی خواہشمند تھی وہی بات چیت کی میز پر آگئی ہے اور بائیس نکاتی مطالبات کی فہرست پیش کردی ہے جب بات چیت میں شامل افراد کے پاس حتمی فیصلے کا اختیارنہیںتوبات چیت کے عمل کومحض تبادلہ خیال ہی کہہ سکتے ہیں کیونکہ ہرملاقات کا اعلیٰ قیادت سے پوچھ کربتانے پراختتام ہوتا ہے۔ حکومتی جماعتیں اپنی بہتری اسی میں سمجھتی ہیں کہ حزبِ اختلاف اور مقتدرہ میں افہام و تفہیم نہ ہو جبکہ حزبِ اختلاف کی کوشش ہے کہ مقتدرہ کو یقین دلا دیا جائے کہ جنھیں حکمرانی کا اعزازدے رکھا ہے وہ محض ایک بوجھ ہیں اور ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں اور مقبول قیادت نہ صرف ملکی مسائل حل کر سکتی ہے بلکہ مقتدرہ پر بڑھتے عوامی دبائو کو کم کرنے میں مددگارثابت ہو سکتی ہے ۔بات چیت کے ساتھ مقتدرہ سے حزبِ اختلاف بیک چینل روابط کررہی ہے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے تناظرمیں حزبِ اختلاف کی عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں سے سلسلہ جنبانی بحال ہو چکا۔بیرسٹر گوہرکی عسکری قیادت سے ملاقات کی خود عمران خان تصدیق کرچکے ،لیکن کیا نو مئی واقعات کے حوالے سے غم و غصے ختم ہو چکاہے؟ اِس سوال کا ہاں میں جواب دینا مشکل ہے۔
تحریری مطالبات میں حزبِ اختلاف نے غیر متوقع لچک کا مظاہرہ کیا نہ صرف گزشتہ برس کے آٹھ فروری کے انتخابی نتائج کے دوران دھاندلی الزامات سے کنارہ کش ہو گئی ہے ،بلکہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے خاتمے کا مطالبہ بھی ترک کردیا ہے جس سے فارم سینتالیس کاشور ختم ہو گیا مگر سیاسی صورتحال ایسی ہے کہ چھوٹی موٹی لچک بات چیت کے عمل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے بے معنی ہوچکی ،نو مئی اور چھبیس نومبرواقعات پر عدالتی کمیشن کی تشکیل پر عدم اتفاق ہے۔ پہلے بات چیت کی حکومتی پیشکش کوحزبِ اختلاف قبول کرنے پر تیار نہیں تھی، اب لگتا ہے کہ بات چیت کاحصہ ہونے کے باوجود حکومتی خواہش ہے کہ بات چیت میں مطالباتی فہرست کے نکات پر اتفاق نہ ہو حکومتی صفوں میں بے زاری کی کیفیت ہے ۔اسحاق ڈار نے وضاحت بھی کردی کہ جمہوری استحکام کے لیے فوج سے بہترین تعلقات ہیں اِس لیے شہباز شریف پانچ برس وزیرِ اعظم رہیں گے ۔یہ وضاحت ، اعتراضات ا ورخیالات سے ظاہر ہے کہ بات چیت کے عمل کو لاحاصل رکھناہی حکومتی حکمتِ عملی ہے ۔
اگر حکومت مسائل کا شکار ہے تو حزبِ اختلاف کو بھی بدترین دبائو کا سامنا ہے۔ اُسے سیاسی اجتماعات کے حوالے سے پابندیوں کا سامنا ہے ۔گزرے برس چھبیس نومبر کو حتمی بلاوے کا اسلام آباد میں جو حشر کیا گیا اُس کا پیغام یہی ہے کہ سب سے بگاڑ کر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔شاید اسی لیے بات چیت کاکڑوا گھونٹ پیاگیا تاکہ معتوب جماعت ہونے کا تاثر زائل ہو حزبِ اختلاف کے کئی رہنما افہام و تفہیم کی پیشکشیں لیکر جیل میں بند عمران خان کو ملتے تو بانی پی ٹی آئی سب کی سُن کر آخر پرانکارکردیتے جس کی وجہ سے کئی رہنما جماعت کے چیئرمین کی نظروں میں غیر اہم ہوتے گئے۔ اب پسِ پردہ ہونے والی افہام و تفہیم کی کوششیں دم توڑ چکی ہیں ۔بیرسٹر گوہر اور علی امین کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی سیاسی کی بجائے قومی سلامتی کے تناظر میں ہوئیں۔ 190 ملین پاؤنڈکی مبینہ غبن کے مقدمے کا فیصلہ سنانے کی تین بار تاریخ تبدیل کرنا ظاہر کرتا ہے کہ حکومت جاری بات چیت کے عمل پرحاوی رہناچاہتی ہے جو حکومت کے لیے سیاسی حوالے سے نقصان کا موجب ہو سکتی ہے۔ عمران خان اور اُن کی بہنیں ایسا تاثر بنانے میں مصروف ر ہیں کہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیادہے، اُن کی طرف سے سزا سنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اِس کیس کو مکمل طورپر بے بنیادنہیں کہا جا سکتا ۔جب پرنسپل سیکریٹری اعظم خان ،سابق وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک ،وفاقی وزیرزبیدہ جلال اورالقادرٹرسٹ کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کی ذمہ داراہم شخصیات کے اعترافی بیان موجودہیں۔ واقفان حلقوں کاکہنا ہے کہ حکومت اِس مقدمے کے ذریعے عمران خان کو سیاسی منظر سے ہٹاناجبکہ اسی مقدمے کے دبئی میں مقیم مرکزی کردارکو بچانے کی خواہشمند ہے ۔ایک کیس کے فیصلے میں دوملزمان سے الگ الگ سلوک آئینی،قانونی اور اخلاقی ہر حوالے سے سمجھ سے بالاتر ہے۔ اب جبکہ عمران خان کوچودہ برس قیداور دس لاکھ جرمانے ،بشریٰ بی بی کو سات برس قید اور پانچ لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے اِن حالات میں بات چیت کاعمل سیاسی استحکام کی بنیاد نہیں بن سکتا ۔اِس سزاکوعوام میں انتقامی کارروائی ثابت کرنابہت آسان ہوگا جب سوشل میڈیاپر حکومت کے خلاف اور اپوزیشن کے لیے فضا بہت سازگارہے۔
چند ایک شعبوں میں کامیابیوں کے باوجودملکی حالات میں بہتری کا تاثر ناپید ہے۔ ایک طرف تو یہ صورتحال ہے کہ اخراجات میں کمی کے لیے کئی وزارتیں اور شعبے ضم کردیے گئے ہیں جس سے دو لاکھ کے قریب آسامیاں ختم کی گئیں۔مزید یہ کہ بچت کے نام پرہزاروں افراد کو ملازمتوں سے نکالا جارہا ہے، جس کی وجہ سے قرضوں کا بوجھ ناقابلِ برداشت ہوناہے مگرٹیکس اکٹھے کرنے کا ذمہ دارجو اِدارہ ہدف حاصل کرنے میں مسلسل کئی برس سے ناکام ہے اوراِس ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کی بجائے ایف بی آر نے ایک ہزار نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے چھ ارب روپے مختص کردیے ہیں ۔پنجاب ،سندھ ،بلوچستان اور کے پی کے میں بھی بچت کے نام پر ایسی شاہ خرچیاں عروج پر ہیں لہٰذا قوی خیال ہے کہ مذاکرات کے دوران عمران خان کو اہلیہ سمیت سزا سنانے اور بچت کی آڑ میں شاہ خرچیاں چند شعبوں کی معمولی کامیابیاں رائیگاں کرسکتی ہیں۔ اب حکومت اور حزبِ اختلاف میں جاری بات چیت کا عمل جاری رہے یاختم، اِس لاحاصل عمل سے سیاسی منظرنامہ بدلنے کا کوئی امکان نہیں البتہ سیاسی عدمِ استحکام بڑھ سکتاہے۔