... loading ...
کراچی : شہر قائد میں اہم مقامات پرراتوں رات بانی متحدہ کے بینرز آویزاں ہونے اور بعد میں انہیں جلائے جانے کے واقعات کے بعد افواہوں کا بازار گرم ہوگیا، کیا بانی متحدہ کو دوبارہ سے سیاسی سرگرمیوں اور تحریر اور تقریر سے پابندی ہٹنے والی ہے ؟ یہ سوال کراچی کے مختلف سیاسی حلقوں میں تواتر سے کیا جارہاہے ۔
زرائع کے مطابق بینرز لگائے اور جلائے جانے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی ، ملیر، عزیز آباد، لیاقت آباد ، سرجانی اور ناظم آباد میں بانی متحدہ کے حق میں راتوں رات وال چاکنگ کردی گئی ۔
ذرائع نے بتایاہے کہ ایم کیوایم لندن اسی ماہ کراچی میں کسی مقام پر عوامی جلسے کا پروگرام مرتب کررہی ہے جس کے لئے خفیہ تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس صورتحال نے ایم کیوایم پاکستان کو پریشان کردیاہے ۔
بہادر آباد مرکز میں کھلبلی مچ ہوچکی ہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ اگر ایم کیوایم لندن کو کراچی میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت مل گئی تو ایم کیوایم بہادر آباد کا مستقبل انتہائی خطرے میں پڑ سکتاہے ۔
اس حوالے سے بااثر حلقوں کی جانب سے فی الحال کوئی واضح حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔ سیاسی حلقے کراچی کی سیاست کے حوالے سے جنوری کے ماہ کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔