... loading ...
لاہور:وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کوئی بھی شعور رکھنے والا انسان بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپورٹ نہیں کر سکتا۔
زرائع کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات عظمی ٰبخاری کا کہنا تھا کہ ایک فتنہ اڈیالہ جیل میں موجود ہے، فتنے نے سول نافرمانی کی کال دی تھی، فائنل کال دی گئی جو مسڈ کال ثابت ہوئی، یہ لوگ پاکستان کے دوست ممالک سے رابطہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقاص اکرم کہہ رہے تھے سول نافرمانی کا اثر 2 ماہ بعد ہو گا، اوورسیز پاکستانی بھی اس شخص کو جان چکے ہیں، کوئی بھی شعور رکھنے والا اس شخص کو سپورٹ نہیں کر سکتا، یہ جب اقتدار میں تھے تو بار بار کہتے تھے این آر او نہیں دوں گا، آج گھٹنوں پر بیٹھ کر این آر او مانگا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھ سے ملنے کی ضرورت بھی نہیں جا کر مجھے رہا کروائیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ وہ شخص ہے جو اے سی اور کھانا بند کرواتا تھا، اب تو بانی پی ٹی آئی کو ان کے گھر والے ملنے نہیں جاتے، قوم کے بچے غلیلیں اور اپنے بچے گھروں میں بیٹھیں، پاکستان کو تباہی کا شکار کرنے والے ناکام ہو گئے ہیں، فتنہ گروپ کا مقصد اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی تھی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ 2ارب روپے 26 نومبر کے فساد سے پہلے تقسیم کئے گئے، باتیں نکل رہی ہیں گنڈاپور اور ان کی کابینہ کرپشن میں ملوث ہے، خیبرپختونخوا میں کرپشن ہو رہی ہے، امین گنڈاپور کے اپنے وزیر کرپشن پر سوال اٹھا رہے ہیں، کے پی کی عوام کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے، ہر روز ایک نئے پراجیکٹ پر کام ہو رہا ہوتا ہے، مریم نواز نے مختلف پراجیکٹس کا آغاز کیا ہے، پہلے پروگرام لانچ کئے جاتے تھے پر مکمل نہیں ہوتے تھے، مریم نواز سکالر شپس کا بولتی نہیں جا کر ہاتھوں میں دیتی ہیں، مریم نواز نے ہونہار سکالر شپ کے 3 سے 4 ایونٹ میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے کہا ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ میں چکن اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، حکومتیں محنت کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں، ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی مزید بہتر ہو رہی ہے، پناہ گاہیں اور دوسرے پروگرام آرگنائزیشن کے تھے، تمام کام میرٹ پر ہو رہا ہے، کوئی سفارش نہیں کر سکتا، لیڈرشپ محنتی اور ایماندار ہو تو رزلٹ سب کو ملتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہدرہ میں سیوریج کے بہت مسائل تھے، شاہدرہ کے علاقے میں 10 ارب روپے لگا رہے ہیں، میں وزیراعلیٰ پنجاب کی بہت شکر گزار ہوں، شاہدرہ کے 2 نئے سکولز کو ماڈرن اسکولز بنانے جا رہے ہیں، ماڈرن سکولز میں جدید تعلیم دی جائے گی۔
وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ ہر اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کیلئے پرفارمنس شیٹ بھی بنا رہے ہیں، ہر ایک غلطی پر ان کے پوائنٹس کم کئے جا رہے ہیں، دھی رانی پراجیکٹ مریم نواز کے دل کے بہت قریب ہے۔